اہم خبریں: بہار میں مدھوبنی کے ضلع مجسٹریٹ بھی کورونا پازیٹو پائے گئے

کورونا وائرس
کورونا وائرس
user

قومی آوازبیورو

27 May 2020, 5:10 PM

بہار: مدھوبنی کے ضلع مجسٹریٹ میں کورونا کی تشخیص

بہار میں کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ ریاست میں کل مریضوں کی تعداد 3006 ہو گئی ہے۔ مدھوبنی کے ضلع مجسٹریٹ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ دوسرا م عاملہ ہے جب ایک ضلع مجسٹریٹ میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

27 May 2020, 4:10 PM

مرکزی وزیر نریندر تومر کا مدھیہ پردیش دورہ، سوشل ڈسٹنسنگ کی اڑی دھجیاں

مدھیہ پردیش کے شیوپور ضلع میں مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کے دورہ کے دوران سماجی فاصلہ (سوشل ڈسٹنسنگ) کی خلاف ورزی کی گئی۔ نریندر سنگھ تومر نشاد راج بھون میں ایک پروگرام میں حصہ لینے گئے تھے۔

27 May 2020, 3:15 PM

29 میں سے گرم لہر میں کافی کمی آنے لگے گی: محکمہ موسمیات

ہندوستان میں شدید گرم لہر جاری ہے۔ اس درمیان ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ 29 مئی سے گرم لہر میں کافی کمی آ جائے گی۔ وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں میں ہوا چلنے کے تحت 29 مئی سے ان علاقوں میں گرم لہروں کی حالت میں کمی آنے کا امکان ہے۔


27 May 2020, 2:10 PM

دہلی: گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے ریکارڈ 792 نئے معاملے آئے سامنے

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 792 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ 15 مریضوں کی جان بھی چلی گئی۔ اس درمیان 310 لوگ ڈسچارج کیے گئے ہیں۔ راجدھانی میں کورونا وائرس پازیٹو معاملوں کی کل تعداد بڑھ کر 15257 ہو گئی ہے۔

27 May 2020, 1:15 PM

عبادت گاہوں کو کھولنے کے لیے پی ایم کے فیصلے کا انتظار کریں گے: کرناٹک سی ایم آفس

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپّا نے ایک بیان دیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ 31 مئی کے بعد ریاست میں مندر، مسجد اور چرچ کھولنے کا راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے اس بیان کے کچھ دیر بعد ہی وزیر اعلیٰ دفتر کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ”ہم مندروں، مسجدوں اور چرچوں کو پھر سے کھولنے کے لیے پی ایم کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔“


27 May 2020, 12:12 PM

راہل گاندھی کے سوال پر پروفیسر جھا نے کہا 'کورونا کے لیے اگلے سال آ سکے گی ویکسین'

راہل گاندھی نے آج ماہر صحت پروفیسر جھا سے بات چیت کے دوران پوچھا کہ آخر کورونا کے لیے ویکسین کب آئے گی؟ اس کے جواب میں پروفیسر جھا نے کہا کہ تین ممالک میں امید ہے کہ جلد ویکسین آئے گی، لیکن پوری طرح سے امید ہے کہ اگلے سال تک ویکسین آ پائے گی۔ ہندوستان کو اس کے لیے منصوبہ بنانا پڑے گا کیونکہ ہندوستان کو 50 کروڑ سے زیادہ ویکسین تیار کرنی ہے۔

27 May 2020, 11:21 AM

کورونا بحران کے تعلق سے راہل گاندھی نے ماہرین صحت سے کی گفتگو

کورونا بحران کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دو عالمی صحت ماہرین ہارورڈ سے پروفیسر آشیش جھا اور سویڈن کے پروفیسر جوہان کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔ کورونا بحران میں لاک ڈاؤن کی اہمیت کے تعلق سے راہل گاندھی کے ذریعہ پوچھے گئے سوال کے جواب میں پروفیسر جھا نے کہا کہ یہ وائرس لوگوں کے لیے بالکل نیا ہے۔ اس بحران میں خود کو آپ کو بچا کر رکھنا ہوگا۔ دوسرا راستہ لاک ڈاؤن ہے۔ لیکن اک ڈاؤن معیشت کے لیے بے حد مضر ہو سکتا ہے۔ ایسے میں آپ کو دھیرے دھیرے معیشت کو کھولنے کی ضرورت ہے اور لوگوں کے ذہن سے خوف کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے آپ وائرس کو دھیما کر سکتے ہیں۔ اگر وائرس کو روکنا ہے تو صرف جو متاثر ہیں، ان کو سماج سے الگ کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ٹیسٹنگ ضروری ہے، لاک ڈاؤن آپ کو اپنی صلاحیت بڑھانے کا وقت دیتا ہے۔ اگر لاک ڈاؤن کا استعمال اپنی صلاحیت بڑھانے کے لیے نہیں کیا گیا تو کافی نقصان ہوگا۔


27 May 2020, 10:41 AM

کورونا: ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 170 ہلاکتیں

ہندوستان میں کورونا کا قہر عروج پر ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 6387 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جب کہ اس دوران 170 لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس طرح ہندوستان میں کورونا پازیٹو معاملوں کی کل تعداد 151767 ہو گئی ہے۔ اموات کی مجموعی تعداد 4337 ہو گئی ہے۔

27 May 2020, 9:39 AM

مہاراشٹر: وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اتحادی پارٹیوں کی میٹنگ طلب کی

مہاراشٹر کے وزیر اعلیی ادھو ٹھاکرے نے آج ورشا بنگلے پر اتحادی پارٹیوں کی میٹنگ طلب کی ہے۔ اس میٹنگ میں شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کے موجود رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ کورونا وبا سے پیدا مشکل حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ادھو ٹھاکرے نے یہ میٹنگ طلب کی ہے۔


27 May 2020, 8:33 AM

اتر پردیش: چندولی میں پٹری پر سوئے 4 لوگوں کو کچلتی ہوئی گزر گئی ٹرین

اتر پردیش کے چندولی میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے۔ چندولی کے اے ایس پی پریم چند نے میڈیا کو بتایا کہ ”پٹری پر چار لاشیں ملی ہیں جن میں تین خواتین ہیں اور ایک مرد ہے۔ لاشوں کو میت خانہ بھیجا گیا ہے۔ ان کے پاس سے کسی طرح کا کوئی سامان نہیں ملا ہے۔“ انھوں نے مزید بتایا کہ ”ریل کے ڈرائیور نے اطلاع دی تھی کہ ٹرین کی پٹری پر کچھ لوگ سوئے ہوئے تھے جن کے اوپر سے ٹرین گزر گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے لوگوں کی شناخت جاری ہے۔“

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */