اہم خبریں: سبزی فروش باپ اور پانچویں پاس ماں کا بیٹا ہمانشو بنا بہار ٹاپر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 May 2020, 5:28 PM

پانچویں پاس ماں کا بیٹا ہمانشو راج بنا بہار ٹاپر

بہار بورڈ کے دسویں درجہ کا ریزلٹ منظر عام پر آ گیا ہے۔ روہتاس کے جنتا ہائی اسکول کے طالب علم ہمانشو راج نے پوری ریاست میں ٹاپ کیا ہے اور اس نے 500 میں سے 481 نمبر یعنی 96.20 فیصد حاصل کیے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمانشو راج کے والد سبزی فروش ہیں اور اس کی والدہ محض پانچویں درجہ تک پڑھی ہوئی ہے۔ ہمانشو کا کہنا ہے کہ کافی محنت اور مشقت کے بعد اس نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔

26 May 2020, 4:43 PM

25 مئی تک 44 لاکھ مسافروں کو ان کی آبائی ریاست پہنچایا گیا: انڈین ریلوے

انڈین ریلوے نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 25 مئی تک 3274 مزدور اسپیشل ٹرینوں میں 44 لاکھ مسافروں کو ان کی آبائی ریاست تک پہنچایا گیا ہے۔ 25 مئی کو 223 مزدور اسپیشل ٹرینوں میں 2.8 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔

26 May 2020, 3:15 PM

دہلی: تبلیغی جماعت معاملہ میں ساکیت کورٹ میں سماعت 12 جون کو

ذرائع کا کہنا ہے کہ تبلیغی جماعت معاملہ میں دہلی پولس نے ساکیت کورٹ میں 83 غیر ملکی شہریوں کے خلاف 20 چارج شیٹ داخل کی ہے۔ خبروں کے مطابق دہلی ساکیت کورٹ نے معاملہ کی سماعت کے لیے 12 جون کی تاریخ فہرست بند کی ہے۔


26 May 2020, 1:57 PM

نظام الدین مرکز معاملہ میں دہلی پولس نے ہائی کورٹ میں داخل کی ’اسٹیٹس رپورٹ‘

نظام الدین مرکز میں لاک ڈاؤن کے دوران تبلیغی جماعت کے کئی اراکین کے ٹھہرنے سے متعلق ایک معاملہ میں دہلی پولس نے اپنی اسٹیٹس رپورٹ تیار کر لی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خٰبروں کے مطابق دہلی پولس نے یہ اسٹیٹس رپورٹ دہلی ہائی کورٹ میں داخل کر دی ہے۔

26 May 2020, 12:55 PM

لاک ڈاؤن فیل ہونے کا اعتراف کریں پی ایم مودی: راہل گاندھی

ہندوستان میں کورونا بحران کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پریس سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ جب پی ایم مودی نے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا تو انھوں نے کہا تھا کہ 21 دن میں ہم اس وبا پر قابو پا لیں گے۔ لیکن چار لاک ڈاؤن نافذ کرنے اور 60 دن کے بعد بھی کورونا پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے لگاتار کورونا کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ کورونا کے بڑھتے معاملوں سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ لاک ڈاؤن فیل ہو گیا ہے اور اس کا اعتراف پی ایم مودی کو کرنا چاہیے۔


26 May 2020, 12:10 PM

مہاراشٹر: گزشتہ 24 گھنٹے میں 80 پولس اہلکار کورونا پازیٹو پائے گئے، 2 کی موت

مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 80 پولس اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے اور افسوسناک امر یہ ہے کہ 2 پولس جوانوں کی موت بھی ہو گئی۔ مہاراشٹر میں کورونا کے اس طرح بڑھتے اثرات کو دیکھ کر عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ مہاراشٹر پولس میں ہی پازیٹو معاملوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1889 ہو گئی ہے اور 20 پولس اہلکار ہلاک بھی ہو گئے ہیں۔

26 May 2020, 11:16 AM

پنجاب: لدھیانہ ریلوے اسٹیشن پر تعینات 4 آر پی ایف اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق

ہندوستان کے الگ الگ حصوں میں ڈیوٹی پر تعینات کورونا واریرس پر کورونا کا حملہ لگاتار بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ پنجاب کے لدھیانہ ریلوے اسٹیشن پر تعینات 7 آر پی ایف (ریلوے سیکورٹی فورس) اہلکاروں کو کورونا پازیٹو پایا گیا ہے۔ اس خبر کے بعد تقریباً 100 آر پی ایف اہلکاروں کو کوارنٹائن کر دیا گیا ہے۔


26 May 2020, 9:59 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں 6535 کورونا کے نئے مریض آئے سامنے، 146 اموات

ہندوستان میں کورونا وبا کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں ایک بار پھر 6.5 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے۔ محکمہ صحت کے ذریعہ جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 6535 معاملے سامنے آئے اور 146 اموات بھی ہوئیں۔ اس طرح مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 4167 ہو گئی ہے۔

26 May 2020, 9:15 AM

دہلی: تغلق آباد میں لگی زبردست آگ، تقریباً 700 جھونپڑی نذرِ آتش

گزشتہ شب جنوب مشرقی دہلی کے تغلق آباد واقع دیہی علاقے میں زبردست آگ لگ گئی جس کی زد میں تقریباً 700 جھگی-جھونپڑی آ گئے۔ آگ لگنے کی خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کے دستے موقع پر پہنچے اور راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔ اس آگ میں حالانکہ کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے، لیکن کئی جھگیاں پوری طرح جل کر خاک ہو گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 30 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور بڑی مشکل سے حالات کنٹرول میں آئے۔


26 May 2020, 8:26 AM

کورونا: دھیرے دھیرے سنبھل رہا امریکہ، گزشتہ 24 گھنٹے میں 532 اموات

کورونا وائرس نے پوری دنیا میں امریکہ کو سب سے زیادہ پریشان کیا ہے، لیکن اب ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے حالات دھیرے دھیرے بہتر ہو رہے ہیں۔ جہاں روزانہ کورونا انفیکشن سے 2 ہزار سے 2.5 ہزار تک اموات ہو رہی تھیں، وہیں گزشتہ 24 گھنٹے میں محض 532 اموات ہوئی ہیں۔ اس سے ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ امریکہ نے اس وبا پر قابو پانے کی طرف قدم بڑھا دیا ہے۔ لیکن غور کرنے والی بات یہ ہے کہ امریکہ میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 98 ہزار کے پار پہنچ گئی ہے اور کچھ ہی دنوں میں یہ دنیا کا پہلا ایسا ملک بننے والا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ پہنچے گی۔ امریکہ میں کورونا انفیکشن کے اب تک 16 لاکھ 62 ہزار 375 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔