اہم خبریں: دہلی میں 20 مسافروں کے ساتھ بس خدمات شروع کرنے کی اجازت، کیجریوال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 May 2020, 6:26 PM

دہلی میں ٹرانسپورٹ خدمات کو مشروط اجازت

دہلی میں لاک ڈاؤں کے چوتھے مرحلہ کے پہلے دن اس کی رہنما ہدایات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں لاک ڈاؤن 4.0 میں بس، تین پہیہ، ای رکشہ وغیرہ کو چلانے اور بازاروں کو طاق۔جفت (اوڈ ایون) کی بنیاد پر کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پیر کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میڈیا کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران میٹرو سروس کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔ مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اسکول، کالج، تربیتی ادارے، سیلون وغیرہ کو اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن مستقل نہیں رکھا جا سکتا ہے اور کورونا وائرس ’کووِڈ-19‘ ایک دو ماہ میں ختم ہونے والا نہیں ہے۔ جب تک ویکسین نہیں آ جاتی فی الحال کورونا کے ساتھ جینا ہوگا۔

اہم اعلانات:

  • ایک مسافر کے ساتھ تین پہیہ گاڑی چلانے کی اجازت، میٹرونہیں چلے گی
  • سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر پورے عملہ کے ساتھ کھلیں گے
  • بازار کھلیں گے دکانیں جفت اور طاق کی بنیاد پر کھلیں گی
  • 20 مسافروں کے ساتھ بس خدمات شروع کرنے کی اجازت
18 May 2020, 4:28 PM

پاکستان نے افغانستان لیڈروں کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا

پاکستان نے سیاسی تعطل ختم کرنے کےلئے افغانستان میں سیاسی لیڈروں کے درمیان ایک معاہدے پر ہوئے دستخط کا خیر مقدم کیا ہے۔
افغانستان کے صدر کے ترجمان صادق صدیقی نے ٹویٹ پر کہا کہ افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ نے پچھلے سال صدراتی انتخابات کے بعد پیدا ہوئے سیاسی تعطل کو ختم کرنے کےلئے اتوار کو ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔مسٹر عبداللہ نے بھی صدارتی انتخابات میں اپنی جیت کا دعوی کیاتھا۔

افغانی میڈیا کے مطابق مسٹر عبداللہ طالبان کے ساتھ امن بحالی کی قیادت کرنے والے قومی تال میل کے لئے اعلی کونسل کے سربراہ ہوں گے۔

18 May 2020, 2:12 PM

مودی حکومت جو خرچ کر رہی ہے وہ جی ڈی پی کے 1 فیصد سے ب ھی کم: پی چدمبرم

کورونا وبا کو لے کر مودی حکومت کے ذریعہ معاشی پیکیج جاری کیے جانے کے بعد کانگریس لیڈر اور سابق وزیر مالیات پی چدمبرم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت جو خرچ کر رہی ہے وہ جی ڈی پی کے 1 فیصد سے بھی کم ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ”پی ایم مودی نے کہا تھا کہ 20 لاکھ کروڑ روپے کا پیکیج آئے گا، لیکن پانچ حصوں میں جو معاشی پیکیج کے بارے میں وزیر مالیات نے جانکاری دی اس سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ یہ صرف ایک جملہ تھا۔“


18 May 2020, 1:14 PM

ممبئی - گوا ٹرین کے 7 مسافر کورونا سے متاثر

پنجی: گوا کے وزیر صحت وشوجیت رانے نے پیر کو کہا کہ ممبئی- گوا ٹرین کے ساتھ مسافروں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو پایا گیا ہے جس کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹو مریضوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔ وشوجیت رانے نے ٹوئٹ کیا، ’’ممبئی-گوا ٹرین میں سات مسافر اتوار کو یہاں پہنچے جن کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔ یہ سبھی کورونا سے متاثر پائے گئے۔ کورونا ٹیسٹ کے 350 رپورٹوں میں سے 70 کی رپورٹ ابھی آنی باقی ہے۔ ٹیم گوا ٹیسٹ سہولیات کو بڑھانے اور حالات کو معمول پر لانے کے لئے سخت محنت کر رہی ہے۔

18 May 2020, 12:40 PM

تلنگانہ میں ممبئی سے واپس آئے 7 مزدور کورونا سے متاثر

حیدرآباد: ممبئی سے تلنگانہ کے ضلع منچریال واپس ہوئے سات نقل مکانی کرنے والے مزدور کووڈ-19 سے متاثر پائے گئے۔ ڈسٹرکٹ کووڈ-19 کے نوڈل آفیسر بالاجی نے کہا کہ ضلع کے دنڈے پلی، لکشٹی پیٹ اور جنارم منڈل میں سے ہر علاقہ میں دو مزدور اس وبا سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ بیلم پلی میں ایک مزدور کورونا کے مسائل کا شکار رہا۔ ان کو گاندھی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ممبئی سے واپسی پر چند دنوں کے لئے ان کو الگ تھلگ کردیا گیا تھا۔ ان نئے معاملات کے ساتھ ضلع میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر18 ہوگئی ہے۔ ان میں 17 نقل مکانی کرنے والے مزدور ہیں جو 10 مئی سے ممبئی سے واپس ہوئے تھے۔


18 May 2020, 12:02 PM

مہاراشٹر، گجرات میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ

نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس كووڈ-19 مہاراشٹر، گجرات اور تمل ناڈو میں کافی تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے اور ان تینوں ریاستوں میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ بالترتیب 33053 اور 11379 اور 10585 ہو گئی ہے اور ان تینوں ریاستوں میں کل 2017 افراد کی موت ہو چکی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں كووڈ -19 سے اب تک 96169 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 3029 افراد کی موت ہوئی ہے۔ وہیں 36824 افراد اس جان لیوا وائرس سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں

18 May 2020, 11:35 AM

امریکہ کے خلاف ایران نے سکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھیجا مکتوب

تہران: ایرانی وزیر خا رجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری کو خط لکھا ہے جس میں امریکہ کی جانب سے ایران کو وینزویلا تیل سپلائی میں ممکنہ رکاوٹ ڈالنے پر آگاہ کیا ہے۔ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ کیریبین میں امریکی بحریہ کی تعیناتی ایرانی تیل کی وینزویلا ترسیل میں مداخلت کے لئے کی گئی ہے، اس طرح کا کوئی بھی اقدام غیر قانونی اور لوٹ مار کی قسم ہو گا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی اقدام کے نتائج کا ذمہ دار امریکہ ہوگا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی بحریہ کے 4 جہازوں کی ایران کے ٹینکروں سے ممکنہ تصادم کے لئے موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب وینزویلامیں امریکی مندوب کا کہنا ہے کہ وینزویلا اپنے تیل کے شعبے کی بحالی کے لئے ایران کو سونے میں ادائیگی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ایران اور وینزویلا کی تیل برآمدات کے خلاف یکطرفہ پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔


18 May 2020, 10:32 AM

فرانس میں کورونا سے 28 ہزار سے زائد افراد ہلاک

پیرس: عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) سے شدید برسرپیکار فرانس میں اس وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 483 افراد ہلاک ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار کا ہندسہ پارکرکے 28108 ہو گئی ہے۔ فرانس کی وزارت صحت نے یہ اطلاع دی۔

فرانس کے اسپتالوں میں 54 افراد کی موت ہوئی جبکہ سینئرز سٹیزن ہومز میں 429 افراد كووڈ -19 سے ہلاک ہوئے۔ فرانس میں کورونا وائرس کے اب تک 179693 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ فرانس میں كووڈ-19 کے 19361 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے2087 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے اور ان کا انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں علاج کیا جا رہا ہے۔

فرانس نے اپنی سست پڑی ہوئی معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے دو ماہ سے لاگو لاک ڈاؤن کے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے کچھ اقتصادی سرگرمیوں کو شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ فرانس کے وزیر صحت اولیور ويرن نے کہا ہے کہ آئندہ 10 سے 15 دنوں کے دوران صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد ہی آگے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

18 May 2020, 9:32 AM

دہلی-یوپی بارڈر پر بڑی تعداد میں مہاجر مزدور جمع، بسوں سے گھر بھیجنے کا مطالبہ

مہاجر مزدوروں کی ایک بڑی تعداد اپنے گھروں کو جانے کے لئے دہلی کے غازی پور بارڈر پر جمع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر انہیں بسوں کے ذریعہ اس کے گھر نہیں بھیجا گیا تو وہ پیدل ہی اپنے گھر کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔


18 May 2020, 8:52 AM

متحدہ عرب امارات میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 731 نئے کیسز

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (كووڈ -19) کے 731 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 23358 ہو گئی ہے۔ یو اے ای کی صحت اور بیماریوں کے کنٹرول کی وزارت نے اتوار کو ایک بیان جاری کرکے کہا کہ نئے کیسز میں بیرون ملک سے آئے لوگ ہیں اور ان سب کی حالت مستحکم اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

اس درمیان، کورونا وائرس سے متاثر 581 مریضوں کو بالکل ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی، وزارت کے مطابق ملک میں اب تک 8512 لوگ مکمل طور اس وبا سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ اس دوران كووڈ -19 سے چھ مزید لوگوں کی موت ہونے سے ملک میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 220 تک پہنچ گئی ہے۔ یو اے ای پہلا ایسا خلیجی ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے کیس سامنے آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔