اہم خبریں:دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اور رکن اسمبلی آتیشی مرلینا کورونا سے متاثر

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Jun 2020, 7:45 AM

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اور رکن اسمبلی آتیشی مرلینا کورونا سے متاثر

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی رپورٹ کورونا مثبت آئی ہے۔ دوسری جانب عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی آتیشی مرلینا بھی کورونا پازیٹو پائی گئی ہیں۔ مسٹر جین کی بدھ کو دوبارہ کورونا کی جانچ کرائی گئی جس میں کورونا انفیکشن کی تصدیق ہوئی۔ انہیں طبیعت بگڑنے پر پیر کی رات راجیو گاندھی سپراسپیشلٹی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ منگل کو ہونے والی ان کے کورونا جانچ کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

انہیں تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف ہونے پر پیر کی رات ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔وزیر صحت دہلی میں کورونا کے بگڑتے حالات پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی اتوار کو بلائی اعلی سطحی میٹنگ میں شامل ہوئے تھے۔اجلاس میں مرکزی صحت اور خاندان بہبود کے وزیر ہرش وردھن، لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل، مسٹر کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس) ڈائریکٹر رندیپ گلیریا اور مرکز اور دہلی کے کئی سینئر افسران بھی موجود تھے۔

18 Jun 2020, 7:10 AM

دہلی میں کورونا جانچ فیس کم ہوکر 2400 روپے

دہلی میں کورونا جانچ فیس کم کرکے 2400 روپے کر دی گئی ہے۔نئی فیس آج یعنی 18 جون سے لاگو ہوگی۔ پہلے یہ 4500 روپے تھی۔
دہلی میں انڈین طبی تحقیقی کونسل (آئی سی ایم آر) منظور نئی ریپڈ اینٹجن طریقہ کار کے ذریعے ٹیسٹ کیا جائے گا۔
اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں کل جماعتی میٹنگ میں کورونا جانچ کی فیس میں کمی کا مشورہ دیا گیا تھا۔

17 Jun 2020, 7:09 PM

لداخ تعطل: ’ہندوستان اور چین صورت حال کو ذمہ داری سے سنبھالیں گے‘

وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان آج ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران یہ اتفاق ہوا۔ دونوں نے دوپہر کو ہوئی بات چیت کے دوران لداخ کے واقعات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک نے کہا ہے کہ وہ دو طرفہ معاہدوں اور پروٹوکول کے ذریعے سرحد پر امن اور دوستانہ ماحول کو یقینی بنائیں گے۔

مسٹر جے شنکر نے چینی فوج کی کارروائی پر سخت احتجاج درج کرایا اور کہا کہ اس نے رضامندی کو نظر انداز کرکے ہندوستانی سرحد میں گلوان وادی میں خیمے لگانے کی کوشش کی جس سے تنازعہ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی واقعات کو دو طرفہ تعلقات پر سنگین اثرات پڑے گا۔ چینی وزیر خارجہ نے بھی بات چیت کے دوران اپنا موقف رکھا۔


17 Jun 2020, 5:30 PM

پی ایم کیئرز فنڈ کی منتقلی سے متعلق مرکز کو سپریم کورٹ کا نوٹس

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے پی ایم کیئرز فنڈ میں جمع رقم کو نیشنل ڈیزاسٹر ریلیز فنڈ میں منتقل کرنے سے متعلق درخواست پر مرکزی حکومت سے بدھ کو جواب طلب کیا۔ جسٹس اشوک بھوشن، سنجے کشن کول اور جسٹس ایم آر شاہ کی بنچ کے سنٹر فار پبلک لٹیگیشن (سی پی آئی ایل) کی درخواست پر ویڈیو کانفرنسنگ سے سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا۔ عدالت نے مرکز کو نوٹس کے جواب کے لئے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔

17 Jun 2020, 4:39 PM

عآپ رکن اسمبلی آتشی مارلینا کورونا سے متاثر

نئی دہلی: کالکا جی سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کی رکن اسمبلی آتشی مارلینا کورونا سے متاثر ہوگئی ہیں۔ مارلینا نے 16جون کو کورونا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ آج صبح 17جون کو مثبت آئی ہے۔ فی الحال ان میں ہلکی علامات ہیں اور انہوں نے خود کو اپنے گھر میں کوارنٹائن کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کے ذریعہ آتشی مارلینا کی جلد شفایابی کی دعا کرتے ہوئے کہا،’’کورونا کے خلاف جنگ میں آتشی جی کا اہم تعاون رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ جلد از جلد صحت یاب ہوکر ایک مرتبہ پھر لوگوں کی خدمت میں مصروف ہوجائیں گی۔


17 Jun 2020, 4:14 PM

“مجھے میری ڈیوٹی کرنے دیجئے”شہید فوجی کرنل سنتوش بابو کے آخری الفاظ

حیدرآباد: ”مجھے میری ڈیوٹی کرنے دیجئے“ یہ آخری الفاظ تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ سے تعلق رکھنے والے کرنل سنتوش بابو کے ہیں جوانھوں نے اپنے گھروالوں سے کہے۔ کرنل سنتوش بابو کل ہند۔ چین سرحد پرگلوان میں شہید ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق سنتوش بابو نے اپنے ماں باپ سے اس مہینہ کی 14 تاریخ کو اس وقت فون پر بات کی جب سرحد پرکشیدگی تھی۔ جب ان کے گھروالوں نے ان سے حالات کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی توانھوں نے بتایا تھا کہ آپ نے مجھے فوج میں بھجوایا ہے مجھے میری ڈیوٹی کرنے دیجیے۔

(یواین آئی)

17 Jun 2020, 3:39 PM

مدھیہ پردیش کے چھتر پور میں دلت دولہے کو گھوڑی پر چڑھنے نہیں دیا، مقدمہ درج

مدھیہ پردیش: چھت پور کے سٹائی علاقے میں یادو برادری کے ذریعہ پیر کے روز ایک دلت دولہے کو گھوڑے پر سوار ہونے سے روک دیا گیا۔ سٹائی تھانے کے ایس ایچ او دیپک یادو نے بتایا کہ "کچھ لوگوں نے گھوڑے کی لجام کھینچی جس کے سبب دولہا زمین پر گر گیا۔ اس سلسلے میں ان لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے"۔


17 Jun 2020, 3:12 PM

چینی سفارتخانے کے قریب مظاہرہ، احتجاجیوں کو دہلی پولیس نے حراست میں لیا

دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ "آج 6-7 سابق فوجی جوان چینی سفارت خانے کے قریب شہید ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بینر تلے احتجاج کرنے جمع ہوئے۔ ان سے درخواست کی گئی کہ وہ جگہ چھوڑ دیں اور فوری طور پر چینی سفارت خانہ کے پاس سے ہٹ جائیں۔ چین کے خلاف احتجاج کر رہے 10 سودیشی جاگرن منچ سے وابستہ لوگ جو تین مورتی کے قریب جمع ہوئے سودیشی تھے، ان مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لیا۔

17 Jun 2020, 1:52 PM

ہند-چین سرحد تنازعہ پر کُل جماعتی میٹنگ 19 جون کی شام 5 بجے

وزیر اعظم دفتر نے مطلع کیا ہے کہ ہند-چین سرحد تنازعہ پر بحث کرنے کے لیے پی ایم نریندر مودی نے 19 جون کی شام 5 بجے کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔ اس ورچوئل میٹنگ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے سربراہان شریک ہوں گے۔


17 Jun 2020, 1:10 PM

مہاراشٹر میں آیا 2.5 شدت کا زلزلہ

مہاراشٹر سے شمالی سمت میں تقریباً 11.51 بجے زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہ جھٹکا 2.5 شدت کا تھا جس سے فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی ہے۔

17 Jun 2020, 11:57 AM

ہمارے فوجی شہید ہو گئے، کیا ہم اب بھی خاموش بیٹھے رہیں گے: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لداخ میں ہندوستانی فوجیوں اور افسران کی شہادت پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”ہماری زمین، ہماری خود مختاری خطرے میں ہے، ہمارے فوجی، افسران شہید ہو گئے، کیا ہم خاموش بیٹھے رہیں گے؟“ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ”ہندوستان کی عوام سچ جاننے کی حقدار ہے، اسے ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ہماری زمین چھننے سے پہلے اپنی جان دینے کے لیے تیار ہو۔ سامنے آئیے نریندر مودی جی، چین کا سامنا کرنے کا وقت آ گیا ہے۔“


17 Jun 2020, 10:39 AM

ہندوستان: گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن سے ریکارڈ 2003 لوگوں کی موت

ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر اپنے عروج پر نظر آ رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں جہاں 10974 نئے معاملے سامنے آئے ہیں وہیں 2003 لوگوں کی موت سے لوگوں میں خوف و دہشت ہے۔ یہ ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ اموات ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں اب مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد 354065 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی طور پر مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 11903 ہو گئی ہے۔

17 Jun 2020, 9:32 AM

فوجیوں کی شہادت پر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو بنایا تنقید کا نشانہ

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ہند-چین سرحد پر ہندوستانی فوجیوں کی شہادت کے تعلق سے پی ایم مودی کے ذریعہ اب تک کچھ نہ بولے جانے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور سچ سامنے لانے کی گزارش کی ہے۔ آج صبح اپنے ایک ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے سوال کیا ہے کہ ”پی ایم مودی خاموش کیوں ہیں؟ وہ چھپے ہوئے کیوں ہیں؟ بہت ہو گیا، ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ آخر کیا ہوا ہے؟“ ٹوئٹ میں انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ”چین نے ہمارے فوجیوں کو کیسے مار ڈالا؟ اس نے ہماری زمین پر کیسے قبضہ کیا؟“


17 Jun 2020, 8:36 AM

عوام پر مہنگائی کی مار جاری، لگاتار گیارہویں دن پٹرول-ڈیزل کی قیمت میں اضافہ

ہندوستان میں پٹرول-ڈیزل کی قیمت میں آج لگاتار گیارہویں دن اضافہ کیا گیا۔ اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ تیل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے لیکن اس کا کوئی اثر ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ آج دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 55 پیسے کا اضافہ کیا گیا جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 69 پیسے کا اضافہ ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔