جیٹ ایئرویز سانحہ... واقعہ کی جانچ کا حکم، دونوں پائلٹ ڈیوٹی سے ہٹائے گئے

معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے سول ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ جنرل کو واقعہ کی رپورٹ سونپ دی گئی ہے اور جانچ مکمل ہونے تک دونوں پائلٹوں کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: جیٹ ایئر ویز کے ممبئی سے جے پور جا رہے طیارے میں پائلٹ بليڈ سوئچ آن کرنا بھول گئے جس کی وجہ سے 30 مسافروں کی ناک سے خون بہنے لگا اور بہت سے مسافر بیمار ہو گئے۔ شہری ہوابازی کے وزیر نے واقعہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جانچ کے احکام جاری کردئے ہیں۔

جیٹ ایئر ویز کی پرواز نمبر 9 ڈبلیو -697 نے جمعرات کی صبح ممبئی سے جے پور کے لئے پرواز کی تھی۔طیارےمیں اس وقت 166 مسافر اور عملے کے پانچ ارکان سوار تھے۔ پرواز کے بعد پائلٹ طیارے کا بلیڈ سوئچ آن کرنا بھول گئے تھے جس سے کیبن میں ہوا کا دباؤ کافی کم ہوگیا۔ اس سے 30 مسافروں کی ناک سے خون بہنے لگا اور کئی مسافروں نے کان اور سر میں دردکی شکایت کی۔ ایمرجنسی کی حالت میں طیارے کو واپس ممبئی لایا گیا جہاں طبی ہنگامی صورت حال کا اعلان کرتے ہوئے بیمار مسافروں کا علاج کیا گیا۔

سول ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) کو معاملے کی رپورٹ دے دی گئی ہے اور جانچ مکمل ہونے تک دونوں پائلٹوں کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ شہری ہوابازی کے وزیر سریش پربھو نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور انہوں نے اس کی جانچ کے احکام جاری کردیئے ہیں۔ طیارہ حادثہ جانچ بیورو (اے اے آئی بی) معاملے کی جانچ کررہا ہے۔ ڈی جی سی اے نے بتایا کہ یہ بوئنگ کا بی 737 طیارہ تھا۔ طیارے کے پرواز بھرتے ہی کئی مسافروں کی ناک سے خون بہنے لگا۔ اس دوران مسافروں کی سیٹ کے اوپر لگے آکسیجن ماسک خود سے کھل گئے۔

پائلٹ نے حالت کی سنجیدگی کے پیش نظر طیارہ واپس ممبئی ہوائی اڈے پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔ طبی ہنگامی صورتحال کے سبب طیارہ ممبئی میں اتارنے کو ترجیح دی گئی۔ڈاکٹروں کی ایک ٹیم پہلے سے ہی وہاں موجود تھی۔ جیٹ ایئرویز نے ایک بیان جاری کرکے واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جیٹ ایئرویز کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ کے 144 مسافروں کو دوسرے طیارے سے جے پور روانہ کردیا گیا ہے جبکہ کچھ مسافروں کا ابھی علاج چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2018, 6:01 PM