بھارت جوڑو یاترا LIVE: ملک مشکل دور سے گزر رہا، سبھی کو جوڑنے کی ضرورت... راہل گاندھی

انڈین نیشنل کانگریس کی کنیا کماری سے کشمیر تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا آغاز ہو چکا ہے۔ کل 3570 کلومیٹر کی یہ یاترا 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں سے ہو کر گزرے گی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

07 Sep 2022, 9:26 PM

ملک مشکل دور سے گزر رہا، سبھی کو جوڑنے کی ضرورت: راہل گاندھی

بھارت جوڑو یاترا کی شروعات کرنے کے بعد راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں ملک کو توڑنے والی طاقت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک آج مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ آج سب کو جوڑنے کی ضرورت ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’آزادی کے اتنے سالوں بعد صرف کانگریس ہی نہیں، ہندوستان کے کروڑوں لوگ بھارت جوڑو یاترا کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’قومی پرچم کو سلامی دینا کافی نہیں ہے، اس کے پیچھے کے نظریات کی حفاظت کرنا بھی اہم ہے۔‘‘

07 Sep 2022, 7:59 PM

قومی پرچم کو بی جے پی اپنی ذاتی ملکیت سمجھتی ہے: راہل گاندھی

بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اس خوبصورت جگہ سے بھارت جوڑو یاترا شروع کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ قومی پرچم اس ملک میں رہنے والے ہر شخص کے مذہب اور زبان کی نمائندگی کرتا ہے۔ وہ (بی جے پی اور آر ایس ایس) سوچتے ہیں کہ یہ قومی پرچم ان کی ذاتی ملکیت ہے۔‘‘

07 Sep 2022, 6:52 PM

ترنگے کو ہاتھوں میں لے کر آگے بڑھے راہل گاندھی

بھارت جوڑو یاترا زور و شور سے شروع ہو چکی ہے۔ کانگریس کے لیڈران و کارکنان انتہائی پرجوش ہیں۔ خصوصاً جب راہل گاندھی ترنگے کو لے کر آگے بڑھتے نظر آئے تو ان کے چہرے پر ایک چمک دکھائی دے رہی تھی اور ان کے ساتھی قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھ رہے تھے۔


07 Sep 2022, 5:03 PM

کانگریس کی 3.5 ہزار کلومیٹر لمبی یاترا کا کماری سے آغاز

کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کنیا کماری سے شروع ہو گئی ہے۔ راہل گاندھی نے اس یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ 3570 کلومیٹر کی یہ یاترا 12 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ہو کر گزرے گی۔

07 Sep 2022, 4:24 PM

گاندھی منڈپم میں دعائیہ نشست میں شامل ہوئے راہل گاندھی، کچھ دیر میں شروع کریں گے یاترا

کانگریس لیڈر راہل گاندھی اس وقت کنیا کماری میں موجود ہیں۔ جہاں سے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے باقاعدہ آغاز سے پہلے وہ کانگریس کے کئی اہم لیڈروں کے ساتھ گاندھی منڈپم میں ہونے والی دعائیہ نشست میں شرکت کر رہے ہیں۔ کانگریس کی 'بھارت جوڑو یاترا' آغاز کچھ دیر میں ہوگا۔


07 Sep 2022, 3:46 PM

یاترا شروع کرنے سے قبل ویویکانند یادگاری پر پہنچے راہل گاندھی

راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کرنے سے قبل پہلے تھرولور مندر میں درشن کے لئے گئے اور اس کے بعد ویویکانند یادگاری پر پہنچے ہیں۔ کچھ دیر کے بعد وہ 3500 کلومیٹر لمبی یاترا کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیں گے۔

07 Sep 2022, 2:41 PM

کنیاکماری پہنچے راہل گاندھی، کچھ دیر میں کریں گے یاترا کا آغاز

راہل گاندھی تمل ناڈو کے کنیا کماری پہنچ گئے ہیں، جہاں سے وہ 3500 کلو میٹر لمبی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کریں گے۔ کانگریس پارٹی کے مطابق آزادی کے بعد یہ سب سے بڑا سیاسی و سماجی انقلاب ہے، جس میں لاکھوں افراد اپنے تابناک مستقبل کے لئے شرکت کریں گے۔


07 Sep 2022, 11:07 AM

راہل گاندھی سمیت کانگریس کے 119 رہنما اگلے 150 دن کنٹینروں میں کریں گے قیام!

کانگریس کی 'بھارت جوڑو یاترا' آج سے شروع ہو رہی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر راہل گاندھی کنیا کماری سے یاترا کا آغاز کریں گے اسر اگلے 150 دنوں تک کنٹینر میں ہی رات گزاریں گے۔ کنٹرینر میں سونے کے لئے بستر اور بیت الخلا کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس طرح کے تقریباً 50 سے زیادہ کنٹینر تیار کئے گئے ہیں، جو یاترا کے مطابق اپنی منزل پر پہنچ جائین گے اور ہر دن یاترا کے اختتام کے بعد تمام یاتری انہیں کنٹینروں میں قیام کریں گے۔

07 Sep 2022, 9:31 AM

نفرت کی سیاست کے سبب میں نے اپنے والد کو کھو دیا، اس پیارے ملک کو نہیں کھونا چاہتا: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے آغاز سے قبل تمل ناڈو کے شری پیرمبدور میں اپنے والد اور ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ’’نفرت اور تقسیم کاری کی سیاست کے سبب میں نے اپنے والد کو کھو دیا۔ میں اس کی وجہ سے اپنے پیارے ملک کو بھی نہیں کھونا چاہتا۔ محبت کی نفرت پر فتح ہوگی۔ امید خوف کو شکست دے گی۔ ساتھ مل کر، ہم کامیاب ہوں گے۔‘‘


07 Sep 2022, 8:53 AM

’آج کا دن ہندوستانی سیاست کا نیا موڑ، ایک نئی شروعات کی علامت‘

کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش نے کہا ’’7 ستمبر 2022، ایک ایسا دن ہے جب ملک کی سب سے پرانی سیاسی جماعت اب تک کی سب سے لمبی پیدل یاترا شروع کرے گی۔ آج کا دن پرسکون ہو کر غور و فکر کرنے اور نئے سرے سے عزم کرنے کا دن ہے۔ ہندوستانی سیاست میں یہ ایک نیا موڑ ہے۔ ایک نئی شروعات کی علامت ہے۔‘‘

07 Sep 2022, 8:32 AM

کنیاکماری سے شروع ہونے والی یاترا کے پیش نظر کانگریس میں زبردست جوش و خروش

کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر پارٹی کے لیڈران اور کارکنان میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔


07 Sep 2022, 8:12 AM

راہل گاندھی نے پیرمبدور میں راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی شری پیرمبدور میں واقع راجیو گاندھی میموریل پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے وہاں دعائیہ اجلاس میں شرکت کی ۔ دوپہر 3 بجے راہل گاندھی وویکانند اسمارک شیلا، ترووَلور میموریل اور کامراج میموریل پہنچیں گے اور شام 5 بجے ایک جلسہ ہوگا جہاں سے یاترا شروع کرنے کا رسمی اعلان کر دیا جائے گا۔ اگلے دن یعنی 8 ستمبر کو وویکانند انسٹی ٹیوٹ سے صبح 7 بجے سے پد یاترا شروع ہوگی۔ یاترا پھر شام کو تین بجے شروع ہوگی اور روزانہ تقریباً 21 کلومیٹر کا سفر طے کیا جائے گا۔

07 Sep 2022, 8:12 AM

کانگریس کی 3570 کلومیٹر کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ آج شروع ہوگی

انڈین نیشنل کانگریس کی کنیا کماری سے کشمیر تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا آغاز آج ہونے جا رہا ہے۔ کل 3570 کلومیٹر کی یہ یاترا 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں سے ہو کر گزرے گی۔ ریاست تمل ناڈو سے شروع ہونے والی اس یاترا کا اہتمام دو مراحل میں ہوگا۔

راہل گاندھی پیرمبدور کے بعد کنیا کماری پہنچیں گے، جہاں تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل موجود رہیں گے۔ یاترا کی افتتاحی تقریب کے دوران تینوں وزرائے اعلیٰ راہل گاندھی کو قومی پرچم پیش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */