چنئی: دولہے کو تحفے میں ملا 5 لیٹر پٹرول

پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہونا اب معمول کی بات بن گئی ہے۔ عوام اس بڑھتی ہوئی قیمت سے اتنی پریشان ہے کہ وہ اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کے لیے دلچسپ طریقے بھی اختیار کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چنئی: پٹرول کی آسمان کو چھوتی ہوئی قیمتوں کے خلاف بطور احتجاج ایک نوجوان نے اپنے دوست کی شادی میں دولہے کو پٹرول کا کین تحفہ میں دیا جس میں 5 لیٹر پٹرول بھرا ہوا تھا۔ یہ تحفہ نہ صرف حیران کرنے والا تھا بلکہ مرکز کی مودی حکومت سے ناراضگی کا اظہار کرنے کا بہترین طریقہ بھی تھا۔

دراصل شادی میں دولہا اور دلہن کے رشتہ دار، دوست و احباب نئے نئے تحائف یا رقم پیش کرتے ہیں لیکن تمل ناڈو میں منعقد شادی کی ایک تقریب میں پربھو نامی نوجوان کو 5 لیٹر پٹرول کین کے ساتھ اسٹیج پر دیکھ کر تقریب میں شریک مہمان کچھ دیر کے لئے حیران رہ گئے۔ لیکن چند ہی لمحوں میں مہمانوں کو اس بات کا احساس ہوا کہ نوجوان شادی میں تحفہ کے طور پر پٹرول کا کین دولہے کے حوالے کرنا چاہتا ہے۔ یہ واقعہ کاڈالور سٹی کے قریب واقع کوما رچی موضع کا ہے جہاں دولہے ایلن چیجین کے دوست پربھو نے انھیں یہ یادگار تحفہ دیا۔

تمل ٹی وی چینل ’پوتھیا تلائی مُرئی‘ کے مطابق ایک شادی تقریب کے دوران جب دولہا اور دولہن مہمانوں کا استقابل کر رہے تھے تبھی دولہے کا دوست پانچ لیٹر پٹرول کا کین لے کر وہاں پہنچا۔ ان کے تحفہ کو دیکھ کر چاروں طرف لوگ ہنسنے لگے۔ اس کے بعد دولہے نے دوستوں کے اس تحفہ کو قبول کیا۔ دراصل دولہا آٹو ڈرائیور ہے اس لیے دوستوں نے سوچا کہ اسے یہ تحفہ دینا زیادہ مناسب ہوگا۔ جب وہاں موجود لوگوں نے دولہے کے دوستوں سے اس دلچسپ تحفہ کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے کہا کہ ’’اتنا مہنگا پٹرول تحفہ کی شکل میں دینا وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔ اس کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ہم لوگوں نے پٹرول دولہے کو تحفہ میں دینے کا فیصلہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں کوئی اضافہ درج نہیں کیا جا رہا ہے اس کے باوجود ہندوستان میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہونا معمول کی بات بن گئی ہے۔ عوام اس بڑھتی ہوئی قیمت سے اس قدر پریشان ہے کہ ناراضگی ظاہر کرنے کے لیے وہ سڑکوں پر بھی اتر رہے ہیں اور اپنے اپنے انداز میں مرکز کی مودی حکومت کے خلاف احتجاج بھی کر رہے ہیں۔

(یو این آئی اِن پُٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔