کسان تحریک: راکیش ٹکیت نے ظاہر کیا 40 لاکھ ٹریکٹر اکٹھا کرنے کا عزم

 راکیش ٹکیت، ترجمان بھارتیہ کسان یونین / UNI
راکیش ٹکیت، ترجمان بھارتیہ کسان یونین / UNI
user

قومی آوازبیورو

18 Feb 2021, 11:04 PM

اب ہم ملک بھر میں جا کر 40 لاکھ ٹریکٹر اکٹھا کریں گے: راکیش ٹکیت

کسان تحریک اس وقت اپنے شباب پر ہے اور کسان لیڈر راکیش ٹکیت اب اسے پورے ملک میں پھیلانے کے لیے سرگرم نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے ہریانہ کے ہسار میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگلا ہدف 40 لاکھ ٹریکٹرس کا ہے۔ ملک بھر میں جا کر 40 لاکھ ٹریکٹرس اکٹھا کریں گے۔ زیادہ مسئلہ پیدا کیا گیا تو یہ ٹریکٹر بھی وہی ہیں، یہ کسان بھی وہی ہیں، یہ پھر دہلی جائیں گے۔ اس بار ’ہل کرانتی‘ ہوگی، جو کھیت میں اوزار استعمال ہوتے ہیں، وہ سب پہنچیں گے۔‘‘

18 Feb 2021, 10:29 PM

تینوں قوانین میں ایم ایس پی ختم کرنے کا کوئی ذکر نہیں: امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ تینوں نئے زرعی قوانین میں کہیں بھی ایم ایس پی ختم کرنے کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں میں یہ غلط فہمی پھیلائی جا رہی ہے جو مناسب نہیں ہے۔ سچ یہ ہے کہ ایم ایس پی جیسے پہلے تھا، ویسے ہی جاری رہے گا۔

18 Feb 2021, 8:09 PM

کسان اپنی زمین کی تحفظ کی لڑائی لڑرہا ہے: جینت چودھری

متھرا: راشٹریہ لوک دل کے نائب صدر جینت چودھری نے جمعرات کو کہا کہ کسان اپنی زمین کی تحفظ کی لڑائی لڑرہا ہے۔ چودھری نے مورگرا میں منعقد کسان پنچایت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسان خالصتانی، شرپسند کہہ کر رسواکیا جارہا ہے۔ ایسا آزاد ہندوستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ چودھری چرن سنگھ غریب،گاوں اور کسان کی بات کرتے تھے اور ان کے لئے خلوص دل سے کام بھی کرتے تھے انہوں نے نعرہ دیا تھا کہ ملک کی خوشحال کا راستہ گاوں کے کھیت اورکھلہانوں سے ہوکر گذرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں کی پھوٹ ڈالو راج کرو کی پالیسی پر آج مودی حکومت کام کررہی ہے۔ پہلے کہا کہ یہ کسانوں کی تحریک نہیں خالصتانیوں کی تحریک ہے۔ اب کہہ رہے کہ یہ تو صرف جاٹوں کا معاملہ ہے جاٹوں کو ٹھیک کرنا ہے ہم کہہ رہے ہیں یہ کسان کی بات ہے اور وہ اس میں ایک ذات کو لے کر آرہے ہیں۔


18 Feb 2021, 7:04 PM

وہ سمجھتے ہیں کہ فصل کٹائی کا وقت آنے پر ہم چلے جائیں گے: ٹکیت

راکیش ٹکیت نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج میڈیا سے کہا کہ ’’ان کو لگتا ہے کہ فصل کٹائی کا وقت آ گیا تو یہ ایک مہینے میں چلے جائیں گے۔ راجستھان اور پنجاب میں فصل کٹائی میں ایک مہینے کا فرق ہے۔ راجستھان کے کسان آئیں گے اور پنجاب والے کسان اپنی فصل کاٹنے چلے جائیں گے۔‘‘

18 Feb 2021, 6:04 PM

کسانوں کی ’ریل روکو مہم‘ پرامن طریقے سے 4 بجے ختم ہو گئی

کسانوں کے ذریعہ آج چار گھنٹے کی ’ریل روکو‘ مہم 12 بجے سے 4 بجے تک چلی۔ اس دوران کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع کہیں سے موصول نہیں ہوئی ہے۔ انتہائی پرامن طریقے سے کسانوں کی یہ مہم اختتام کو پہنچی۔ اس درمیان ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے سبھی زون میں ٹرین کی آمد و رفت معمول پر رہی۔ بیشتر ریلوے زون نے مظاہرین کے ذریعہ کسی بھی ٹرین کو روکنے کے واقعہ کی خبر نہیں دی ہے۔


18 Feb 2021, 5:10 PM

متھرا میں ہونے والی کسان پنچایت ملتوی، نئی تاریخ 23 فروری

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا کل ہونے والا متھرا دورہ رد ہو گیا ہے۔ جمعہ کو متھرا کے سونکھ روڈ پالی کھیڑا میں کسان پنچایت ہونے والی تھی لیکن سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر کیپٹن ستیش شرما کے انتقال کے سبب اب یہ کسان پنچایت 23 فروری تک کے لیے ملتوی کی گئی ہے۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری اور متھرا انچارج امت شاہ نے اس سلسلے میں جانکاری دی اور کہا کہ اب کسان پنچایت 23 فروری کو منعقد ہوگی۔

18 Feb 2021, 4:39 PM

اپنے ٹریکٹر لے کر بنگال تک بھی جائیں گے، راکیش ٹکیت

راکیش ٹکیت نے کہا، ’’فصلوں کی قیمت نہیں بڑھائی جا رہے لیکن ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اگر مرکز کی طرف سے صورت حال بگاڑی جائے گی تو ہم اپنے ٹریکٹر لے کر بنگال تک جائیں گے، وہاں بھی کسانوں کو ایم ایس پی نہیں مل رہی ہے۔‘‘


18 Feb 2021, 3:24 PM

نجاب: پکسان تنظیموں کی 'ریل روکو' کے سبب کئی ٹرینیں منسوخ

مرکز کے تینوں زرعی قوانین کے خلاف مختلف کسان تنظیموں کی آج 'ریل روکو' تحریک کی وجہ سے ریلوے کو بہت سی ٹرینوں کو منسوخ کرنا پڑا اور لدھیانہ اور فیروز پور سے آنے والی ٹرینوں میں سے کوئی بھی گاڑی موگا نہیں آسکی۔

ضلع موگا میں، بی کی یو ایکتا اُگراہا سمیت مختلف کسان تنظیموں سے وابستہ کسانوں نے اجیتوال پر پٹریوں پر دھرنا دیا۔ بی کے یو ایکتا اُگراہا کے جنرل سکریٹری سکھدیو سنگھ کوکری یہاں موجود تھے۔

18 Feb 2021, 2:38 PM

مودی نگر اسٹیشن پر مظاہرہ، ہریدوار جا رہی اتکل ایکسپریس غازی آباد میں روک دی گئی

کسانوں کی ملک گری ریل روکو مہم جاری ہے اور اویشہ کے پوری سے اتراکھنڈ کے ہریدوار کے لیے راونہ ہونے والی اتکل ایکسپریس کو غازی آباد اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے۔ دراصل کسان آگے مودی نگر ریلوے پر مظاہرہ کر رہے ہیں اور ریلوے ٹریک پر قبضہ جما لیا ہے، اس لیے اتکل ایکسپریس کو آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔


18 Feb 2021, 2:08 PM

جموں میں ریلوے ٹریک پر اترے کسان

ملک گیر ریل روکو مہم کے تحت جموں میں یونائیٹڈ کسان فرنٹ کی طرف سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے جموں کے چنی ہمت علاقہ میں ریل کی پٹری پر اتر کر مظاہرہ کیا اور کسانوں کے حق میں نعرے بلند کیے۔

18 Feb 2021, 12:27 PM

کسانوں کی ملک گیر ریل روکو مہم شروع

کسانوں نے دوپہر 12 بجے ملک گیر ریل روکو مہم کا آغاز کر دیا۔ اس مہم کے تحت شام کے 4 بجے تک ملک بھر میں ریلوں کا چکہ جام کیا جائے گا۔


18 Feb 2021, 11:43 AM

پٹنہ میں جن ادھیکار پارٹی نے روکی ریل

پٹنہ جنکشن پر کسانوں کی ریل روکو مہم کے 12 بجے شروع ہونے سے قبل ہی جن ادھیکار پارٹی (لوکتانترک) نے ٹرین روک کر احتجاج کیا۔

18 Feb 2021, 11:39 AM

ریل روکو مہم کے پیش نظر دہلی میٹرو کے کئی اسٹیشن احتیاط کے طور پر بند

ریل روکو مہم کے پیش نظر دہلی میٹرو کے کئی اسٹیشنوں پر داخلی اور خارجی دروازوں کو بند رکھا گیا ہے۔ ٹیکری بارڈر، پنڈت شری رام شرما، بہادر گڑھ سٹی اور بریگیڈیر ہوشیار سنگھ اسٹیشن پر انٹری اور ایگزٹ گیٹ بند رکھ گیے ہیں۔


18 Feb 2021, 9:57 AM

ریل روکو مہم کا ہریانہ میں اثر: ریلوے اسٹیشن پر حفاظت کے پختہ انتظامات

کسانوں کی 4 گھنٹہ کی ریل روکو مہم کے پیش نظر ہریانہ کے پلول میں ریلوے اسٹیشن کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

18 Feb 2021, 9:36 AM

’ریل روکو مہم پُر امن رہے گی، درماندہ لوگوں کو پانی، دودھ اور لسی پیش کریں گے‘

بھارتیہ کسان یونین کے ترجمان راکیش ٹکیت نے ریل روکو تحریک پر بات کرتے ہویے کہا، ’’یہ دوپہر 12 بجے سے شروع ہوگی اور 3-4 بجے تک چلے گی۔ ٹرین کہیں بھی نہیں چلے گی۔ مہم پُر امن رہے گی۔ ہم ان لوگوں کو پانی، دودھ اور لسی پیش کریں گے جو درماندہ پایے جائیں گے۔ ہم ان کو اپنے مسائل بتائیں گے۔‘‘


18 Feb 2021, 7:51 AM

کسانوں کی ملک گیر ’ریل روکو مہم‘ آج، حفاطتی انتظامات سخت

نئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا 29 نومبر سے ملک گیر احتجاج جاری ہے اور بڑی تعداد میں کسان دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ آج یعنی 18 فروری کو اسی احتجاج کے تحت ملک گیر ریل روکو مہم چلائی جا رہی ہے۔ ریل روکو مہم کے تحت دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک چکہ جام کیا جائے گا۔

کسانوں کی ریل روکو مہم کے پیش نظر ریلوے نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ کسان مظاہرین کسی طرح کی رخنہ اندازی نہ کریں۔ ریلوے پروٹیکشن اسپیشل فورسز کی 20 اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔

کسانوں کا اعلان ہے کہ ’’نئے زرعی قوانین کے خلاف ملک بھر میں ٹرینوں کے پہیے روکے جائیں گے۔ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک ملک بھر میں ’ریل روکو مہم‘ چلائی جائے گی۔‘‘ قابل غور بات یہ ہے کہ پچھلی بار جب کسان لیڈروں نے ملک گیر ’چکہ جام‘ کا اعلان کیا تھا تو کچھ ریاستوں مثلاً یوپی، اتراکھنڈ اور دہلی-این سی آر کو اس سے چھوٹ دی گئی تھی، لیکن ریل روکو مہم سے کسی بھی ریاست کو چھوٹ نہیں دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے نے حفاظتی انتظامات سخت کرتے ہوئے ریلوے پروٹیکشن اسپیشل فورسز کی 20 اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

/* */