ممبئی: ESIC اسپتال حادثہ میں مہلوکین کی تعداد 8 پہنچی، 100 سے زائد زخمی

ممبئی کے اندھیری واقع ای ایس آئی سی اسپتال میں پیر کی شام لگی آگ میں مرنے والوں کی تعداد 8 پہنچ گئی ہے۔ اس حادثہ میں مریض اور ان کے تیمارداروں سمیت 100 سے زائد لوگ جھلس گئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی کے اندھیری واقع ای ایس آئی سی کامگار اسپتال میں 17 دسمبر کی شام آگ لگنے سے اب تک 8 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس حادثہ میں 100 سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ آگ لگنے کے بعد سے راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔

مرکزی وزیر برائے محنت سنتوش گنگوار نے آگزنی میں ہلاک ہوئے لوگوں کے گھر والوں کو 10-10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ سنگین طور پر زخمی لوگوں کو دو دو لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی لوگوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیا جائے گا۔ راحت اور بچاؤ کام میں لگے ایک افسر نے بتایا کہ اسپتال کی عمارت میں بیسمنٹ کے ساتھ پانچ منزل ہے اور آگ چوتھی منزل پر لگی تھی۔ افسر کے مطابق 19 لوگوں کو کوپر اسپتال لے جایا گیا جہاں دو لوگوں کو مردہ قرار دیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ 33 لوگوں کو سیون ہلس اسپتال میں لے جایا گیا جہاں تین کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ اندھیری کے ہولی اسپرٹ اسپتال میں 40 لوگ داخل کرائے گئے جہاں ایک کو مردہ قرار دیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ فائر بریگیڈ کو آگ لگنے کی اطلاع شام چار بجے ملی تھی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیاں اور 15 ایمبولنس جائے حادثہ پر بھیجا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔