تمل ناڈو میں سمندری طوفان ’گاجا‘ نے مچائی بھاری تباہی

کئی مکان طوفان کی نذر ہو چکے ہیں اور کئی مقامات پر درختوں کے گرنے کی بھی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ لوگوں کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے، اس کے لیے ریاستی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گاجا طوفان سے تمل ناڈو میں تباہی شروع ہو چکی ہے میڈیا ذرائع کے مطابق اب تک 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گاجا کی زد میں کئی گھر بھی آ چکے ہیں، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ طوفان کے اندیشہ کے پیش نظر علاقے کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا جس کے سبب جانی نقصان بہت زیادہ نہیں ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے ہلاک شدگان کے گھر والوں کو 10-10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کر دیا ہے، اور مزید کوئی جانی نقصان نہ ہو اس کے لیے احتیاطی قدم بھی لگاتار اٹھائے جا رہے ہیں۔

آخری اطلاع موصول ہونے تک طوفان ویدارانیم سے 15 کلومیٹر دور مغرب-شمال مغرب میں تمل ناڈو ساحل کے اوپر مرکوز ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چھ گھنٹوں میں اس طوفان کے مغربی علاقے کی طرف جانے اور کمزور ہوکر گردابی طوفان میں بدلنے کا خدشہ ہے۔ طوفان سے ناگاپٹنم ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور تنجاور اور تریوارو اضلاع میں اس نے کافی تباہی مچائی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایا کہ غزہ طوفان نے 110کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ساحل کو پار کیا اور رات ڈھائی بجے تک اس کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔

ذرائع کے مطابق گاجا نے اپنی دستک تمل ناڈو کے سمندری ساحل پر جمعرات کی دیر رات ہی دے دی تھی۔ اس وقت ہوا کی رفتار تقریباً 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔ چونکہ گاجاطوفان کا اندیشہ 4-3 روز پہلے ہی ظاہر کیا جا چکا تھا اس لیے تمل ناڈو ریاستی آفات مینجمنٹ اتھارٹی نے ذیلی علاقوں سے تقریباً 76 ہزار لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچا دیا۔ ان سبھی کو ناگ پٹنم، پدوکوٹئی، رام ناتھ پورم اور تروورور سمیت چھ اضلاع میں قائم 300 سے زائد راحتی کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ ناگاپٹنم کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

16 نومبر کی صبح ناگاپٹنم، کڈلور اور ویدارنیم علاقے میں تیز ہوائیں چلنے کی اطلاع ہے اور ان علاقوں میں جمعرات کی شب زوردار بارش ہونے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں تمل ناڈو کے دوسرے علاقوں میں بھی داخل ہو سکتی ہیں اور شروع میں ان کی رفتار کم ہوگی جو دھیرے دھیرے تیز ہو سکتی ہے۔ جن علاقوں میں گاجا نے اپنی دستک دے دی ہے اور تیز رفتار ہوائیں چل رہی ہیں، وہاں کئی مکانات کے منہدم ہونے اور درختوں کے گرنے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Nov 2018, 1:09 PM