عرفان خان کے انتقال کی خبر سے اروند کیجریوال کو بھی پہنچا صدمہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 Apr 2020, 5:10 PM

عرفان خان کے انتقال کی خبر سے صدمے میں ہوں: اروند کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اداکاری ہمیشہ موجب متحرک رہے گی۔ اروند کیجریوال نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ”ہمارے وقت کے سب سے غیر معمولی اداکاروں میں سے ایک، عرفان خان کے انتقال کے بارے میں سن کر صدمے میں ہوں۔ ان کی اداکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خدا ان کی روح کو شانتی دے“۔

29 Apr 2020, 4:36 PM

عرفان خان نم آنکھوں کے ساتھ اندھیری واقع قبرستان میں سپردِ خاک

بدھ کی صبح اس دنیا کو الوداع کہنے والے مشہور و معروف اداکار عرفان خان کو چند احباب و اقارب کی موجودگی میں نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ انھیں ممبئی واقع اندھیری کے ورسووا میں موجود قبرستان میں دفن کیا گیا۔ پہلے اس طرح کی خبریں آئی تھیں کہ انھیں گھر لے جایا جائے گا لیکن کوکلا بین اسپتال کے ڈاکٹروں کی صلاح کے بعد عرفان خان کے اہل خانہ اسپتال سے ہی ان کے جسد خاکی کو ورسووا قبرستان لے گئے اور آخری رسومات ادا کی۔

29 Apr 2020, 3:39 PM

عرفان خان کی بے مثال اداکاری جیسی دوسری مثال ملنی مشکل: پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے معروف اداکار عرفان خان کو بے مثال اداکار قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ محترمہ واڈرا نے کہا کہ عرفان خان کی بے مثال اداکاری جیسی دوسری مثال ملنی مشکل ہے۔ ان کی ادکاری نے زبانوں، ممالک اور مذہبوں کی سرحدوں کو توڑتے ہوئے اداکار ی کا ایک ایسا لہجہ بنایا جس نے فن کے ذریعہ پوری انسانیت کو متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عرفان کی اداکاری غیرمعمولی تھی اور انہوں نے جس فن کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے اسے محفوظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی اداکاری ہمارا اثاثہ ہے۔ ہم اسے سمبھال کر رکھیں گے۔


29 Apr 2020, 3:13 PM

بے شمار صلاحیتوں کے مالک عرفان خان کے انتقال کی خبر تکلیف دہ: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے معروف اداکار عرفان خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”عرفان خان کے انتقال کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ بے شمار صلاحیتوں کے مالک وہ عظیم اداکار عالمی فلم اور ٹی وی دنیا میں نہایت مقبول ہندستانی برانڈ ایمبسڈر تھے۔ ان کو کبھی بھولا نہیں جا سکے گا۔ دکھ کی اس وقت میں ان کے گھر والوں، دوستوں اور فین کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔“

29 Apr 2020, 2:11 PM

عرفان خان کی موت کی خبر نے بے چین کر دیا: امیتابھ بچن

بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے عرفان خان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ”ابھی ابھی عرفان خان کے انتقال کی خبر ملی۔ یہ بہت زیادہ بے چین کرنے والی اور افسوسناک خبر ہے۔“ انھوں نے مزید لکھا کہ ”ایک بے پناہ صلاحیت، ایک لاجواب ساتھی اداکار، فلمی دنیا کو بہت کچھ عطا کرنے والا، بہت جلدی چلا گیا۔ ایک بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا... عبادت اور دعا۔“


29 Apr 2020, 1:39 PM

عرفان کے انتقال کی خبر جھنجھوڑ دینے والی ہے: اجے دیوگن

فلمی دنیا میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوا چکے اداکار عرفان خان کے اچانک انتقال کی خبر سے بالی ووڈ طبقہ صدمے میں ہے۔ بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”عرفان خان کے بے وقت موت کی خبر جھنجھوڑ دینے والی ہے۔ یہ ہندوستانی سنیما کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میری ہمدردی عرفان کی بیوی اور بیٹے کے ساتھ ہے۔ عرفان کی روح کو سکون میسر ہو۔“

29 Apr 2020, 12:21 PM

نہیں رہے اداکار عرفان خان، ممبئی کے اسپتال میں لی آخری سانس

بالی ووڈ اداکار عرفان خان کا 54 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے. وہ ممبئی کے كوكیلا بین اسپتال میں داخل تھے، ان کی حالت کافی تشویناک بنی ہوئی تھی، رپورٹ کے مطابق عرفان خان پیٹ کے مسئلے سے جوجھ رہے تھے۔ 54 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر سے متاثر ہونے کی وجہ سے علاج کروانے لندن گئے تھے۔ وہ گزشتہ برس ہی علاج مکمل کروا کر ممبئی واپس لوٹے تھے۔

خیال رہے کہ 25 اپریل کو عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم کا انتقال ہوا تھا۔ سعیدہ بیگم کا تعلق راجستھان کی اکلوتی مسلمان ریاست "ٹونک" کے نواب خاندان سے تھا، ان کے آباؤاجداد 19 ویں صدی میں افغانستان سے ہجرت کرکے ہندوستان آئے تھے۔

ملک گیر لاک ڈاوٴن کے باعث وہ اپنی والدہ کی آخری رسومات میں بھی شامل نہیں ہو سکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی۔


29 Apr 2020, 12:10 PM

برازیل میں كورونا وائرس سے ہلاک شدگان کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز

برازیلیا: برازیل میں عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کا قہر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے اور اس وبا سے مجموعی 73245 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ہلاک شدگان کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی۔ بدھ کے سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 28 اپریل تک وائرس سے 5083 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، مجموعی 73245 کیسز میں 32544 صحتیاب اور 35608 ایکٹو ہیں۔ ایکٹو کیسز میں 27290 معمولی طور پر بیمار ہیں اور 8318 کی حالت نازک ہے۔ ملک کے 37627 کیسز میں 86 فیصد یعنی 32544 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 14 فیصد یعنی 5083 ہلاک ہوئے ہیں۔

29 Apr 2020, 11:10 AM

ملک کی تین ریاستوں میں کورونا سے ہوئیں 70 فیصد ہلاکتیں

نئی دہلی: ملک کی تین ریاستوں مہاراشٹر، گجرات اور مدھیہ پردیش میں کورونا وائرس (كووڈ 19) سے اب تک بالترتیب 400، 181 اور 120 متاثرین کی موت ہو چکی ہے جو ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا تقریباً 70 فیصد ہے۔ ان ریاستوں میں متاثرین کی مجموعی تعداد 15449 جو کل متاثرین کا تقریباً 50 فیصد ہے۔

مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 31332 تک پہنچ گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد 1007 ہو گئی ہے۔ وہیں اب تک 7696 افراد کو صحت مند ہونے کے بعد الگ الگ اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔


29 Apr 2020, 10:31 AM

دہلی کی آزاد پور منڈی میں 11 تاجر کورونا پازیٹو، سیل کی گئیں دکانیں

دہلی کی آزاد پور منڈی میں 11 تاجرکورونا پازیٹو پائے گئے ہیں، آزاد پور منڈی میں كورونا کے مریض ملنے سے لوگوں میں خوف پایا جا رہا ہے، محکمہ صحت کی ٹیم حرکت میں آگئی ہے، اب تک منڈی کی کئی دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ آزاد پور منڈی میں لوگوں کے سیمپل لئے جا رہے ہیں۔

29 Apr 2020, 9:50 AM

چین میں كووڈ-19 کے 22 نئے کیسز

بیجنگ: چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے 22 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 21 بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کے ہیں۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن نے بدھ کو اپنی روزانہ کی رپورٹ میں بتایا کہ ایک نیا کیس صوبہ گوانگڈونگ کا ہے۔ کمیشن کے مطابق منگل کے روز وبا سے کسی کی موت کی اطلاع نہیں ہے۔ منگل کے روز صحتیاب ہونے کے بعد 23 مریضوں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ 50 کی نازک حالت بنی ہوئی ہے۔ کمیشن نے کہا کہ منگل تک متاثرین کی تعداد 82858 تک پہنچ گئی، اس میں زیر علاج 647 مریض بھی شامل ہے اور 77578 افراد کو صحتیاب ہونے کے بعد چھٹی دی جا چکی ہے۔ اس نے بتایا کہ اب تک اس وبا سے 4633 افرا د ہلاک ہو چکے ہیں۔


29 Apr 2020, 9:00 AM

ترکی میں ایک دن میں کورونا کے 2392 نئے معاملات

انقرہ: عالمی وبا کووڈ ۔19 سے شدید متاثر ترکی میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے مدنظر ملک کی قومی فضائی کمپنی ترک ایئرلائن نے 28 مئی تک کے لئے اپنی سبھی قومی اور بین الاقوامی پروازیں ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترکی کے وزیر صحت فرحتین کوکا نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفکشن کے 2392 نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران 92 متاثرین کی موت ہوچکی ہے۔

وزیر صحت فرحتین کوکا نے ٹوئٹ کرکے بتایا کہ ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 114653 ہوگئی ہے جبکہ اس انفیکشن سے اب تک 2992 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29230 لوگوں کی جانچ کی گئی ہے۔ ملک میں اب تک مجموعی طور پر 948115 لوگوں کی جانچ ہوئی ہے۔ ترکی میں 38809 لوگ اس انفیکشن سے مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 1621 مریضوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ترکی میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ 11 مارچ کو سامنے آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔