کورونا انفیکشن LIVE: دہلی میں آج 190 نئے کیس درج، ہلاکتوں کی تعداد 54 پہنچی

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

27 Apr 2020, 11:22 PM

دہلی: 190 نئے کیس کے ساتھ مریضوں کی تعداد 3100 کے پار

تازہ ترین خبروں کے مطابق دہلی میں کورونا پازیٹو مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3108 ہو گئی ہے۔ آج 190 نئے کورونا پازیٹو معاملے درج کیے گئے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دہلی میں اب تک کورونا انفیکشن سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے جب کہ 877 لوگ صحت یاب ہو گئے ہیں۔

27 Apr 2020, 10:39 PM

تلنگانہ کے 21 اضلاع میں 28 اپریل سے کورونا کا کوئی مریض نہیں ہوگا، وزیر اعلیٰ کا دعویٰ

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ 28 اپریل یعنی منگل سے ریاست کے 21 اضلاع پوری طرح کورونا سے پاک ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی خبر ہے کہ 97 فیصد کورونا کے مریض صحت مند ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔

27 Apr 2020, 10:10 PM

مہاراشٹر: صرف ممبئی میں کورونا انفیکشن سے ہلاکتوں کی تعداد 219

ممبئی: معاشی راجدھانی ممبئی میں پیر کوعالمی وبا کرونا وائرس کے انفیکشن میں مزید اضافہ ہوگیا۔ وائرس کے 395 نئے معاملوں کے سامنے آنے سے اس سے متاثروں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 5589 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پندرہ مزید لوگوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 219 ہوگئی ہے۔ ملک کے چار بڑے شہروں میں وائرس کے سب سے زیادہ معاملے ممبئی میں ہیں۔ دوسرے مقام پر دہلی ہے۔ ممبئی نگر نگم کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کم سے کم پیر کو کورونا وائرس سے متاثر 118 مریض ٹھیک ہوئے ہیں اور مجموعی طور سے ممبئی شہر میں 1015 لوگ اس وائرس سے اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں۔


27 Apr 2020, 9:25 PM

مدھیہ پردیش: کورونا سے اب تک 110 ہلاکتیں، متاثرین کی تعداد 2165

کورونا کا قہر مدھیہ پردیش میں بھی لگاتار بڑھ رہا ہے۔ کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے اب تک اس ریاست میں 110 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد مدھیہ پردیش میں 2165 پہنچ گئی ہے۔

27 Apr 2020, 8:40 PM

ہندوستان: کورونا کے مریضوں کی تعداد 28000 کے پار، 886 اموات

ملک میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے معاملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک 1463 نئے معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثروں کی تعداد بڑھ کر 28 ہزار کے پار پہنچ گئی ہے اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 60 لوگوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 886 ہوگئی ہے۔ ملک کی 32 ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام ریاستوں میں کورونا کے اب تک مجموعی طور سے 28380 معاملوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا سے متاثر لوگوں کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے متاثر 448 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 6362 ہوگئی ہے۔


27 Apr 2020, 7:58 PM

وادی کشمیر میں بھی کورونا کا قہر، مریضوں کی تعداد ہوئی 546، اب تک 7 اموات

ہندوستان میں ہر جگہ کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ وادی کشمیر میں بھی کورونا سے متاثر لوگوں کی تعداد 546 پہنچ گئی ہے۔ وادی کشمیر میں مہلوکین کی تعداد 7 ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 375 کیس وادی کشمیر میں اس وقت سرگرم ہیں۔

27 Apr 2020, 7:22 PM

بنگال میں 21 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا ممتا بنرجی نے اشارہ دیا

کولکاتا: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیر اعظم کے ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد کہا ہے کہ بنگال میں 21 مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہنے کی توقع ہے۔ تاہم وزیرا علیٰ نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ لاک ڈاؤن تمام ریاستوں میں نافذ رہے گا یا پھر ریڈ زون اور آرینج زون میں رہے گا اور باقی علاقوں میں چھوٹ دی جائے گی۔لاک ڈاؤ ن کا دوسرا مرحلہ 3مئی تک جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ریاستی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیرا عظم مودی نے بھی لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا اشارہ دیا ہے۔اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کی وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میں حصہ لیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیرا عظم نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اشارہ دیا ہے اور ریاستی حکومت بھی لاک ڈاؤن میں اضافہ کے حق میں ہے۔


27 Apr 2020, 5:56 PM

مودی حکومت نے چین کی دو کمپنیوں سے لیے گئے کورونا ٹیسٹنگ کِٹ استعمال کرنے سے کیا منع

مرکز کی مودی حکومت نے دو چینی کمپنیوں وونڈو بایوٹیک اور جھوہائی لیوزون سے لیے گئے کورونا وائرس ٹیسٹنگ کِٹ کا استعمال بند کرنے کے لیے کہا ہے۔ یہ حکم مرکزی حکومت کے تحت کام کرنے والے ادارہ آئی سی ایم آر نے جاری کیا ہے۔

27 Apr 2020, 5:22 PM

بہارمیں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر ہوئی 326

بہار میں ایک ساتھ 36 مریضوں کے کورونا پازیٹیو ہونے کی تصدیق کے بعد ریاست میں پازیٹیو مریضوں کی تعداد بڑھ کر 326 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری سنجے کمار نے بتایاکہ آج دو پہر جانچ رپورٹ میں مونگیر ضلع میں جمال پور کے صدر بازار تھانہ علاقہ کے نو، بھوجپور کے سات، پٹنہ میں چھ، اورنگ آباد اور مودھوبنی میں پانچ۔ پانچ، لکھی سرائے کے تین اور سارن میں ایک مریض کورونا پازیٹیو ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ سنجے کمار نے بتایا کہ جمال پور کے صدر بازار کے متاثرین میں پانچ مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔ مردوں میں دو کی عمر 45-45 اور دیگر کی 07 سال، 10 سال اور 16 سال ہے۔ وہیں سات سالہ ایک بچی جمال پور کی رہنے والی ہے۔ اس کے علاوہ تین دیگر خواتین کی عمر 22 سال ،35 سال اور 36 سال ہے۔


27 Apr 2020, 4:47 PM

فی الحال کوئی ریاست مکمل لاک ڈاؤن کھولنے کی حق میں نہیں: دشینت چوٹالہ

چنڈی گڑھ: ہریانہ کے نائب وزیراعلیٰ دشینت چوٹالہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر 3 مئی تک ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی مدت آہستہ اور مرحلہ وار کھولنی ہوگی اور فی الحال کوئی ریاست مکمل لاک ڈاؤن کھولنے کے حق میں نہیں ہے۔ چوٹالہ نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جہاں تک شراب کی دکانیں کھولنے کا تعلق ہے تو یہ 3 مئی تک مکمل طور پر بند رہیں گی۔ بحران کے اس وقت میں، حکومتوں کو نہ صرف محصول کے بارے میں سوچنا چاہئے بلکہ یکجہتی کے لئے مرکزی حکومت کے ساتھ بھی تعاون کرنا چاہئے تاکہ کورونا کی وبا پر جلد قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں دیگر ریاستوں کے مقابلے میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں اور اس کی وجہ سے ریاست میں کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی شرح قومی اوسط سے کہیں بہتر ہے۔

27 Apr 2020, 4:11 PM

حیدرآباد: صحافیوں کے درمیان سیفٹی کٹس تقسیم کئے گئے

حیدرآباد: تلنگانہ کے اطلاعات و تعلقات عامہ کے کمشنر اروند کمار نے حیدرآباد میں واقع سماچار بھون میں صحافیوں میں سیفٹی کٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پرانہوں نے اعادہ کیا کہ پرنٹ اور الکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی سلامتی ضروری ہے جو کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں محاذ پر آگے رہتے ہیں۔ اس پر حکومت کو فکرمندی ہے۔بعض معاملات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس میں بعض ریاستوں کے صحافی اس وائرس کے شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا یہ فرض ہے کہ وہ اس وائرس کے خلاف احتیاطی اقدام کرے بصورت دیگر لاپرواہی سے پورے علاقہ میں وائرس پھیل سکتا ہے۔


27 Apr 2020, 3:11 PM

گورکھپور:ایک شخص میں کورونا کی تصدیق

گورکھپور:کورونا وائرس سے پاک اضلاع میں شامل اترپردیش کے گورکھپور میں بھی کورونا وارئرس نے دستک دے دی ہے۔اتوار کی رات موصول رپورٹ میں ایک شخص کے اندر کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ آفیشیل ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ گوکھپور کے ارووا علاقے کے ہاٹا بزرگ باشندہ ایک 49سالہ شخص دہلی سے سوگر اور بلڈپریشر کا علاج کرا کر ایبولنس کے ذریعہ اتوار کو گورکھپور واپس آیا تھا۔ گھر آنے پر اس کی طبیعت زیادہ خراب ہونےپر اسے گورکھپور کے بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا جہاں جانچ کے بعد اس کے اندر کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ گورکھپور ضلع میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد دیر رات ضلع انتظامیہ میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ انتظامیہ نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصدقہ مریض کے ساتھ آئے دیگر افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔مریض کا علاج بابا راگھو داس میڈیکل کالج میں جاری ہے۔

27 Apr 2020, 2:39 PM

دہلی: امبیڈکر اسپتال کے 32 صحت اہلکاروں میں بھی کورونا کی تصدیق

صحت اہلکاروں کے کورونا وائرس انفیکشن کا شکار ہونے کی خبریں لگاتار موصول ہو رہی ہیں۔ اب دہلی میں روہنی واقع امبیڈکر اسپتال کے 32 صحت اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان میں ڈاکٹر اور نرس بھی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ دن پہلے اسپتال میں کورونا متاثرہ ایک حاملہ عورت آئی تھی۔ اس نے اپنی بیماری کو چھپایا تھا اور بعد میں اسپتال میں ہی اس کی موت ہو گئی تھی۔ کورونامتاثرہ حاملہ عورت سے ہی 32 صحت اہلکاروں میں وائرس پھیلا۔


27 Apr 2020, 2:10 PM

تلنگانہ: جمعیۃ علما کی جانب سے مستحقین میں راشن کٹس تقسیم

حیدر آباد: تلنگانہ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے تانڈور کے محلہ شاہی پور کے مستحقین میں ضروری اشیاء خورد ونوش پر مشتمل راشن کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس تقسیم میں اس بات کا خاص طور پر لحاظ رکھا گیا کہ متوسط طبقہ جو کھل کر اپنی ضروریات کے اظہار سے کتراتا ہے اس تقسیم میں ان لوگوں کا خاص خیال رکھاجائے کیونکہ غریب طبقہ کی ضروریات تو جیسے تیسے پوری ہورہی ہیں۔جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے دیہاتوں اور شہری علاقوں میں مکمل تحقیق کے بعد مستقل اناج اور نقد رقم کے پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔شاہی پور میں راشن کٹس کی تقسیم محمد اظہر الدین کے ہاتھوں عمل میں آئی۔

27 Apr 2020, 1:35 PM

کرناٹک: 50 سالہ کورونا کے مریض نے اسپتال کی چھت سے چھلانگ لگا کر کی خودکشی

بنگلورو: کرناٹک میں بنگلورو کے وکٹوریہ اسپتال میں پیر کو ایک 50 سالہ کورونا کے مریض نے اسپتال کی عمارت کی چھت سے کود کر خود کشی کر لی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی جانچ میں مثبت پائے جانے کے بعد اسے یہاں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اس نے عمارت سے کود کر خودکشی کر لی۔ وہ کچھ دن قبل سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ڈاکٹر کے پاس گیا تھا اور اسی دوران کورونا کی گرفت میں آ گیا۔ کرناٹک میں اب تک 503 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے اور 182 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا ہے۔ ریاست میں اب تک 19 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


27 Apr 2020, 12:04 PM

سوڈان میں پر کورونا متاثرین کی تعداد 237 ہوگئی

خرطوم: سوڈان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس 'كووڈ -19' کے 24 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 237 ہو گئی ہے۔ سوڈان کی وزارت صحت نے گزشتہ روز اتوار کو بتایا کہ کورونا وائرس سے کل 21 افراد کی موت ہو ئی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک مریض ٹھیک ہوا ہے جس کے ساتھ ہی وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 20 ہو گئی ہے۔ سوڈان نے اپنے شہریوں سے صحت کی دیکھ بھال کی ہدایات پرعمل کرنے اور کسی بھی مشتبہ کیسز کی فوری طور پر رپورٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ یہاں 18 اپریل سے مکمل لاک ڈاؤن ہے۔

27 Apr 2020, 11:53 AM

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے 10 نئے کیسز، 10378 متاثرین

سیول: جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس 'كووڈ -19' کے 10 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 10378 ہو گئی ہے۔ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام مرکز نے یہ اطلاع دی ہے۔ کوریا میں مسلسل نویں دن متاثرین کی تعداد 10 کے ارد گرد ہے۔ نئے کیسز میں سات بیرون ملک سے آئے ہیں جس سے غیر ملکی کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1044 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک موت کے بعد اس ملک میں مجموعی طور پر 243 افراد کی موت ہو چکی ہے اور شرح اموات 2.26 فیصد ہے، وہیں اس دوران 47 مریضوں کے ٹھیک ہونے سے اس بیماری سے شفا یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8764 ہو چکی ہے۔ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے ٹھیک ہونے والوں کی کل شرح 81.6 فیصد ہے۔ یہاں 3 جنوری سے اب تک 601000 سے زیادہ لوگوں کی جانچ ہو چکی ہے۔


27 Apr 2020, 11:26 AM

چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے صرف 3 کیسز

بیجنگ: چین میں مہلک کورونا وائرس ’كووڈ 19‘ کے گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف تین کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور اس دوران 80 مریض صحتیاب ہو گئے ہیں۔ نیشنل ہیلتھ کمیٹی نے پیر کو بتایا کہ ان تین کیسز میں سے دو بیرون ملک کے ہیں۔ کمیٹی کے مطابق چین میں کورونا کے کیسز بڑھ کر اب 82830 ہو گئے ہیں اور اب تک تقریباً 4633 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 77400 مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 700 افراد زیرِ علاج ہیں۔ ان میں 50 سے زائد متاثرین کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔

27 Apr 2020, 11:05 AM

راجستھان میں 36 نئے کیسز، کورونا متاثرین کی تعداد 2221

جے پور: راجستھان میں کورونا کے 36 نئے کیسز سامنے آنے سے کورونا متاثرین کی تعداد پیر کو 2221 پہنچ گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق دارالحکومت جے پور میں نو، جودھپور میں چھ، کوٹہ میں چار، جھالاواڈ میں نو، ٹونک میں چھ اور جیسلمیر اور بھيلواڈا میں ایک ایک نیا کورونا پازیٹو مریض سامنے آیا ہے۔ محکمہ کے مطابق اب تک اجمیر میں 123، الور میں سات، باسواڈا میں 62، باڑمیر میں دو، بھرت پور میں 110، بھيلواڈا میں 34، بیکانیر میں 37، چورو میں 14، دوسہ 21، دھول پور میں پانچ ،، ڈونگر پور میں چھ هنومان گڑھ میں 11، جے پور میں 817، جیسلمیر میں 35، جھالاواڈ 39، جھنجھنو میں 42، جودھپور میں 370، کرولی میں تین، کوٹہ میں 162، ناگور میں 113، پالی میں دو، پرتاپ گڑھ میں دو، سوائی مادھوپور میں آٹھ، سیکر میں پانچ، ٹونک میں 121، ادھے پور میں پانچ، چتوڑ گڑھ میں ایک پازیٹو مریض سامنے آئے ہیں۔ محکمہ کے مطابق اب تک 82 ہزار 942 نمونے لئے گئے ہیں جس میں سے 2221 مثبت، 75 ہزار 670 منفی اور پانچ ہزار 51 کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 41 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


27 Apr 2020, 10:33 AM

کورونا وائرس: سخت پابندیوں کے درمیان غزہ میں دوبارہ کھلیں گے ریسٹورنٹ

غزہ: کورونا وائرس 'كووڈ -19' کے پیش نظر عائد پابندی کے درمیان مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے دوران غزہ میں ریسٹورنٹ دوبارہ کھولے جائیں گے۔غزہ انتظامیہ نے گزشتہ روز اتوار کو یہ اطلاع دی۔ حماس کے ذریعہ چلائی جا رہی یہاں کی وزارت معیشت نے میڈیا کو دیئے ایک بیان میں کہا کہ کچھ احتیاطی اقدامات کے ساتھ ریسٹورنٹ اور کیفے پیر تک کھلیں گے۔

غزہ میں ہوٹل اور ریسٹورنٹ کارپوریشنز کے سربراہ صلاح ابو هسيرا نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاط برتتے ہوئے رمضان کے مہینے میں تمام ریسٹورنٹ اور کیفے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ ان اقدامات میں حفظان صحت پر پورا زور اور اپنی ذاتی اشیاء جیسے موبائل فون اور دیگر آلات کو کسی دوسرے کو استعمال کے لیے نہیں دینا شامل ہے۔ وزارت صحت کے مطابق غزہ پٹی میں کورونا وائرس متاثرین کی کل تعداد 17 ہے جن میں 10 اس وبا سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ ابھی تک فلسطین میں کورونا وائرس کے 495 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 153 کا تعلق مشرقی یروشلم سے ہے۔

27 Apr 2020, 9:36 AM

کورونا وائرس سے بری طرح متاثر اٹلی 4 مئی سے دے سکتا ہے لاک ڈاؤن میں نرمی

روم: کورونا وائرس ’كووڈ -19‘ سے بری طرح متاثر اٹلی نے 4 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اٹلی کے وزیر اعظم جوزف كونٹے نے گزشتہ روز کہا کہ لوگ اپنے گھر کے ارد گرد رہنے والے رشتہ داروں سے مل سکیں گے، جبکہ صحت اور ضروری کاموں کے لئے ہی آمد ورفت کی اجازت دی جائے گی۔

وزیر اعظم جوزف كونٹے نے ٹیلی ویژن پر دیئے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ اٹلی میں 4 مئی سے لاک ڈاؤن میں جزوی چھوٹ کے تحت عوامی پارکوں میں جانے اور آؤٹ ڈور کھیل میں شامل ہونے کی اجازت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ اور تعمیرات کے شعبہ میں 4 مئی کے بعد سے کام شروع ہوجائیں گے، جبکہ خوردہ کاروبار 18 مئی سے دوبارہ شروع کریں گے۔

مسٹر كونٹے نے کہا کہ کہیں پر بھی اکٹھا ہونے پر عائد پابندی اب بھی برقرار رہے گی اور تمام مقامات پر سوشل ڈسٹنسنگ کے قوانین پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ ملک کے شہری دفاع کے محکمے کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے اب تک 26،644 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 197،675 لوگ اس بیماری سے متاثر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */