کورونا Updates: پی ایف اسکیم میں ترمیم کے لئے نوٹیفکیشن جاری

کورونا وائرس سے ملک بھر میں اب تک 25 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 87 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔کیرالہ، مہاراشٹر، کرناٹک، تلنگانہ، گجرات، راجستھان، اترپردیش اور دہلی میں اب تک سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

29 Mar 2020, 3:41 PM

پی ایف اسکیم میں ترمیم کے لئے نوٹیفکیشن جاری

حکومت نے ملازموں کے پروویڈنٹ فنڈ اسکیم میں ترمیم کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس سے لاک ڈاؤن کے دوران معاشی پریشانیوں کا سامنا کررہے ملازمین تین مہینے کی تنخواہ نکال سکیں گے۔

وزارت محنت وروزگار نے اتوار کو بتایا کہ کرونا وائرس ’کووڈ۔19‘ کے پیش نظر پروویڈنٹ فنڈ اسکیم 1952 میں ترمیم کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ اب منصوبہ میں شامل ملازمین اپنے تین مہینے کی اصل تنخواہ اور مہنگائی بھتہ کے برابر کی رقم نکال سکیں گے جو انہیں واپس جمع نہیں کرنا ہوگی حالانکہ یہ رقم اسکیم کے تحت جمع ان کی مجموعی رقم کے 75 فیصد سے زیادہ نہ ہونے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔

وزارت نے بتایا کہ کووڈ۔19 کو وبا اعلان کیا جاچکا ہے اس لئے پورے ملک میں سبھی ملازموں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ نوٹیفکیشن سنیچرسے موثر ہو چکا ہے۔ ملازموں کے پروویڈنٹ فنڈ تنظیم نے اپنے سبھی افسران اور ملازموں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اس طرح کے وڈراول کی درخواست پر فوری طور سے کارروائی کریں تاکہ درخواست کنندگان اور ان کے اہل خانہ کو وقت پر راحت مل سکے۔

29 Mar 2020, 1:54 PM

اندور میں کورونا کے چار نئے کیس، تعداد بڑھ کر 20 ہوئی

مدھیہ پردیش کے ضلع اندور میں کوروناوائرس کے چار نئے معاملے سامنے آئے ہیں،جس سے یہاں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 20 ہو گئی ہے۔ مہاتما گاندھی میموریل میڈیکل کالج (ایم جی ایم)کے ذریعہ گذشتہ شب جاری ہیلتھ بلیٹن کے مطابق ہفتہ کو 48 سمپل کی جانچ ہوئی جس میں سے 5 مثبت پائے گئے۔ان میں 4مریض اندور کے ہیں،جبکہ ایک 17 سالہ لڑکی اجین کی بتائی جارہی ہے۔اس طرح یہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 تک پہنچ چکی ہے۔

ایم جی ایم کے مطابق آج متاثر پائے گئے چارو ں مرد مریضوں کی عمر بالترتیب 48,40,38,اور 21 سال ہیں۔تمام مریضوں کا علاج یہاں کے اسپتالوں میں کیا جارہا ہے۔اب بھی یہاں اجین کے دو مریض زیر علاج ہیں، جبکہ اب تک اندور کے ایک بزرگ شخص اورایک بزرگ خاتون کی موت علاج کے دوران ہو چکی ہے۔ وہیں گذشتہ دوروز سے اندور میں کسی مریض کے موت کی خبر نہیں ہے۔

29 Mar 2020, 12:35 PM

ہندوستان میں 25 افراد کی موت، متاثرین کی تعداد 979

ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) سے اب تک 25 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ وائرس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 979 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کی اتوار کی صبح کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 27 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے اور اب تک اس کے 979 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان میں 931 ہندوستانی اور 48 غیر ملکی ہیں۔

کورونا وائرس سے ملک بھر میں اب تک 25 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 87 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔کیرالہ، مہاراشٹر، کرناٹک، تلنگانہ، گجرات، راجستھان، اترپردیش اور دہلی میں اب تک سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر میں چھ، گجرات میں چار، کرناٹک میں تین، دہلی میں دو، مدھیہ پردیش میں دو اور کیرالہ، بہار، پنجاب، ہماچل پردیش، تلنگانہ، جموں و کشمیر، تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں ایک ایک شخص کی موت ہو چکی ہے۔


29 Mar 2020, 11:38 AM

لاک ڈاؤں سے پریشانیوں پر وزیر اعظم نے عوام سے معافی مانگی

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ لاک ڈاؤں کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں کے لئے وہ ملک کے عوام سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کچھ ایسے فیصلے لینے پڑے جن سے ملک کے شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بالخصوص غریبوں سے وہ معافی چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ’’مجھے معلوم ہے کہ آپ مجھ سے ناراض بھی ہوں گے، لیکن کورونا سے جنگ کے لئے یہ قدم ضروری تھا۔ کورونا وائرس انسان کو ہلاک کرنے کی ضد لئے بیٹھا ہے۔ْ لاک ڈاؤں آپ سب کو محفوظ رکھنے کے لئے ہی نافذ کیا گیا ہے۔‘‘

29 Mar 2020, 10:20 AM

امریکہ میں کووڈ -19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2000 کے پار پہنچی

امریکہ میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 2000 کے پار پہنچ گئی ہے، جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 21ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ جان ہوپ کنگ یونیورسٹی کے کووڈ -19 کے حوالہ سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک یہاں 2026 افراد اس عالمی وباکی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔

صرف نیو یارک سٹی میں ہی اس وبا سے517 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ وہیں ریاست نیویارک کے دیگر حصوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔


29 Mar 2020, 10:11 AM

لاک ڈاون کے دوران سفر کے ٹکٹوں کا پورا پیسہ واپس کرے گا محکمہ ریل

ہندستانی ریلوے نے سنیچر کو اعلان کیا کہ 21 مارچ سے 14مار تک کی مدت کے دوران سفر کے لئے بک کرائے گئے ٹکٹوں کا پورا پیسہ واپس کیا جائے گا۔

ریلوے نے بتایا کہ پی آر سی سی کاونٹر سے ٹکٹ بک کرنے والے مسافروں کو کسی بھی زون کے ریلوے ہیڈکوارٹر وں چیف کمرشیل منیجر یا چیف کلیمس افسر کے نام پر سفر کی تفصیلات کے ساتھ ٹکٹ ڈپوزٹ رسید بھرنی ہوگی اور اسے ایک اور دو جون 2020 تک جمع کرانا ہوگا۔

ای ٹکٹ کے لئے بھی یہی اصول ہے۔ اس کے بعد مسافروں کے اکاونٹ میں بک کئے گئے ٹک کی رقم ڈال دی جائے گی۔

29 Mar 2020, 10:10 AM

’پوپ فرانسس کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہیں‘

عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کورونا وائرس (کووڈ -19) ٹسٹ میں منفی پائے گئے ہیں جبکہ ویٹیکن سٹی میں چھ افراد میں اس بیماری اثرات پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ’دی کیتھولک ہیرالڈ‘ نے ویٹیکن سٹی کے ترجمان ماٹیوبرونی کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ہے۔

ماٹیو نے کہا ”میں کہہ سکتا ہوں کہ فادر اور ان کے قریبی ساتھی کووڈ -19 مثبت نہیں ہیں“۔ ترجمان کے مطابق ویٹیکن سٹی میں چھ افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہیں۔ کل 170 لوگوں کا کورونا وائرس کا ٹسٹ کیا گیا، جو پوپ کے رابطے میں آئے تھے۔ ان میں سے ایک میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔