کورونا Updates: یوپی میں کورونا پازیٹیو معاملات 472 ہوئے

طبی محکمہ کے ذرائع کے مطابق اجمیر ضلع میں اب تک سات لاکھ 49 ہزار چار کی جانچ کی گئی ہے۔ ان میں 26 ہزار 307 لوگوں کو ہوم آئسولیٹ کیا گیا اور 142 کو كوارنٹائن میں بھیجا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

12 Apr 2020, 8:07 PM

یوپی میں کورونا پازیٹیو معاملات 472 ہوئے

اترپردیش میں گزشتہ 24گھنٹوں میں 20نئے معاملے آنے کے ساتھ ہی اتوار کو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 472 ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نئے معاملوں میں سب سے زیادہ آگرہ سے ہیں جہاں کورونا متاثرہ 12معاملے پائے گئے ہیں جبکہ میرٹھ اور سہارنپور میں چار چار لوگ کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اب تک جان لیوا وائرس کی زد میں آجانے سے پانچ لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 42مریض پوری طرح سے صحت مند ہوکر گھر واپس جاچکے ہیں۔

سہارنپور میں ملے کورونا متاثرین میں انڈونیشیا کاایک شہری مہاراشٹر سے آیا تھا جبکہ ایک مغربی بنگال اور دو آسام کے ہیں۔ ریاست میں سب سے زیادہ متاثر آگرہ ہے جہاں اب تک مریضوں کی تعداد 104ہوچکی ہے۔ نئے 12معاملات میں سے آٹھ اسپتال سے متعلق ہیں اور دو لوگ ایسے ہیں جو تبلیغی جماعت سے منسلک ہیں۔ ایک 76سالہ خاتون کورونا متاثر کی شناخت اس کی موت کے بعد ہوئی ہے جبکہ ایک کے بارے میں معلومات جمع کی جاری ہیں۔

12 Apr 2020, 7:21 PM

وباء کی دہشت کے درمیان دہلی میں زلزلے کے جھٹکے

قومی دارالحکومت علاقہ دہلی میں اتوار کو زلزلے کے درمیانہ جھٹکے محسوس کئے گئے ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 تھی ۔ دہلی کے علاوہ اس سے متصل ہریانہ کے گورو گرام اور روہتک اور اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر اور غازی آباد اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلے کے جھٹکے شام پانچ بج کر 45 منٹ پر محسوس ہونے کے بعد لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ ذرائع کے مطابق زلزلے کا مرکز 28.7 شمالی عرض بلد اور 77.2 مشرقی طور بلد پر زمین سے آٹھ کلو میٹر کی گہرائی میں واقع تھا ۔ واضح ر ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک گیر لاک ڈاؤن کےسبب اور اتوار کی وجہ سے زیادہ تر لوگ اپنے گھروں کے اندر تھے ۔ صرف لازمی خدمات سے منسلک ملازمین اپنے دفاتر میں تھے لیکن وہ بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے پر اپنے دفاتر کے باہر کھلے میں نکل آئے۔

12 Apr 2020, 5:13 PM

چین میں کورونا کے 100نئے معاملے

چین میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے 99نئے مریض سامنے آئے ہیں جن میں 97بیرونی ممالک سے آئے لوگ ہیں۔ قومی صحت کمیشن نے اتوار کو بتایاکہ 99نئے معاملے درج کیے گئے ہیں لیکن کسی کی بھی موت نہیں ہوئی ہے ۔ایک روز قبل چین میں کورونا انفکشن کے 46نئے معاملے سامنے آئے تھے اور تین لوگوں کی موت ہوئی تھی۔

طبی اہلکارون نے بتایاکہ چین میں 1130سے زیادہ متاثرہ لوگوں کا علاج ہورہاہے جن میں سے 139کی حالت سنگین ہے ۔چین میں گزشتہ 24گھنٹوں میں 63ایسے معاملے درج کیے گئے ہیں جن میں کوئی علامات نظر نہیں آئی تھیں ۔ان میں سے 12بیرونی ممالک سے آئے لوگ ہیں ۔


12 Apr 2020, 2:32 PM

ممبئی کے دھاراوی میں کورونا انفیکشن کے 15 نئے معاملے

مہاراشٹر کے ممبئی میں گھنی آبادی والے دھاراوی علاقے میں کورونا وائرس انفیکشن کے 15 نئے معاملے آنے کے ساتھ ہی علاقے میں متاثروں کی تعداد بڑھ کر 43 ہوگئی ہے۔

ایشیا کی سب سے بڑی جھگی بستی دھاراوی میں تقریبا آٹھ لاکھ لوگوں کی آبادی میں کورونا وائرس کے بڑھنے سے سنگین صورت حال تشویش کی وجہ بن گئی ہے۔ دھاراوی میں اب تک اس وبا سے چار لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ ممبئی پولس نے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سے ہی اس علاقے میں بیری کیڈ لگائے ہوئے ہے اور جوانوں کو تعینات بھی کیا ہے۔

12 Apr 2020, 2:14 PM

ملک میں کورونا وائرس: مہاراشٹراوردہلی میں سب سے زیادہ کیسز

تیزی سے پھیل رہی عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ -19) کے مہاراشٹر میں 187، دہلی میں 166، راجستھان میں 147، گجرات میں 124 اور مدھیہ پردیش میں 99 نئے کیسز آنے کے ساتھ ہی ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 8356 ہو گئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے اتوار کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 8356 اور اس سے مرنے والوں کی تعداد 273 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک 716 لوگوں کو ٹھیک ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ مہاراشٹر میں جہاں متاثرین کی تعداد 1761 ہو گئی ہے وہیں دہلی میں 1069 کیسز ہیں اور مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 127 اور 19 ہو گئی ہے۔


12 Apr 2020, 2:09 PM

دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک، تقریباً 18لاکھ متاثرین

عالمی وبا کورونا وائرس (?ووڈ -19) رکنےکا نام نہیں لے رہا ہے اوراب یہ دنیا کے بیشترممالک (205 ممالک اورعلاقوں) میں پھیل چکے اس انفیکشن کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرکے 108804 تک پہنچ گئی ہے اور 1771881 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ دنیا بھر میں اب تک چار لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔

ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی شام جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک8356 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ 273 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ وہیں اب تک 716 لوگ اس وبا سے بالکل ٹھیک ہو چکے ہیں۔

12 Apr 2020, 1:04 PM

اجمیر میں تقریباً پچاس فیصد لوگوں کی جانچ

اجمیر: راجستھان میں اجمیر ضلع کی 18 لاکھ سے زیادہ آبادی میں سے تقریباً پچاس فیصد لوگوں کی ہی جانچ ہو پائی ہے۔ ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے باوجود اجمیر ضلع اس کے پھیلنے سے محفوظ ہے۔ شروع میں ایک ہی خاندان کے پانچ معاملوں کے علاوہ اب تک لاک ڈاؤن کی سختی کی وجہ سے کوئی نیا پازیٹیومعاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔

طبی محکمہ کے ذرائع کے مطابق اجمیر ضلع میں اب تک سات لاکھ 49 ہزار چار کی جانچ کی گئی ہے۔ ان میں 26 ہزار 307 لوگوں کو ہوم آئسولیٹ کیا گیا اور 142 کو كوارنٹائن میں بھیجا گیا ہے۔ کل شہر کے قریبی لچھی پورہ اور ہٹونڈی گاؤں سے دو مشتبہ افراد کو پکڑ کر جےایل این اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔

ان میں ایک مشتبہ بھواڑی پانی کی مشین بنانے والی فیکٹری سے واپس آیا ہے اور دوسرا جے پور کے ایک اسپتال سے اجمیر آیا ہے۔ طبی شعبہ دونوں پر قریبی نظر بنائے ہوئے ہے۔ ساتھ ہی دونوں گاؤں میں محکمہ اضافی سرگرمی کے ساتھ اسکریننگ کے کام میں لگ گیا ہے.


12 Apr 2020, 1:10 PM

حیدرآباد: الگ تھلگ مرکز منتقل خاتون نے اسپتال میں لڑکی کو جنم دیا

الگ تھلگ مرکز میں نقل مکانی کرنے والی ایک حاملہ خاتون کی زچگی ہوئی۔یہ واقعہ اے پی کے ضلع سریکاکلم کے پالاکونڈا میں پیش آیا۔ یہ خاتون گذشتہ 13دنوں سے اس مرکز میں تھی۔اے پی کے ہی پرکاشم ضلع کی رہنے والی یہ خاتون،سریکاکلم ضلع میں کام کرتی تھی۔لاک ڈاون کی وجہ سے اس کو مشتبہ علامات پر پالاکونڈا علاقہ کے الگ تھلگ مرکز منتقل کیاگیا تھا۔

اس کو درد اٹھنے پر اسپتال منتقل کیاگیاجہاں اس نے لڑکی کو جنم دیا۔اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر جے نواس اسپتال پہنچے اور تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے زچہ اور بچہ دونوں کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے استفسارات کئے۔انہوں نے خاتون کو بے بی کٹ بھی فراہم کیا۔ساتھ ہی اس نوزائیدہ کے لئے رقم بھی دی۔

12 Apr 2020, 1:08 PM

راجستھان میں کورونا کے 51 نئے متاثریں، تعداد 751 ہوئی

راجستھان میں آج کورونا کے 51 نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 751 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے صبح نو بجے جاری رپورٹ کے مطابق جے پور میں گھر گھر جانچ کے بعد مزید 15 متاثرین ملے ہیں۔ جبکہ جودھپور میں آٹھ، جیسلمیر میں ایک، بیکانیر میں آٹھ، چورو میں ایک، باسواڑا میں 15، سیکر میں ایک اور پہلی بار ہنومان گڑھ میں دو پازیٹیومعاملے پائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کے 25 اضلاع کورونا وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔


12 Apr 2020, 1:09 PM

گجرات سے روانہ ہوئے 67 مزدوروں کو پولیس نے الور میں پکڑا

راجستھان کے الور ضلع کے تھانہ غازی علاقے میں لاک ڈاؤن کے دوران ایک کینٹر میں 67 مزدوروں کو پکڑا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ علاقے میں کل گجرات سے آئے ایک کینٹر کی تلاشی لی گئی تو اس میں 67 خواتین اور مرد مزدور بیٹھے ملے۔ ڈرائیور راجورام راجپوت نے بتایا کہ ان مزدوروں کو وہ گجرات کے موروی سے کپاس فیکٹری سے لے کر آ رہا تھا، موروی فیکٹری سے روانہ ہونے کے بعد ادے پور، راج سمند، بھیلواڑہ، اجمیر، جے پور ہوتے ہوئے تھانہ غازی پہنچا ہے۔

اطلاع ملنے پر سب ڈویژن افسر اجے کمار آریہ، تحصیلدار بھیم سین سینی، وکاس افسر رام چندر سینی، تھانہ انچارج سجن کمار سمیت بلاک کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور سب قصبے کے سینئر اسکول میں لے گئے جہاں ان کے نمونے لے کر الور بھجوا دیئے گئے ہیں۔ سب ڈویژن افسر اجے کمار آریہ نے بتایا کہ فی الحال کسی میں کسی طرح کی كرونا کی علامات نہیں ملی ہیں، لیکن لوگ بغیر کسی جانچ کے گاؤں میں پہنچے تو یہ تشویش کی بات ہے۔ جانچ پڑتال کے بعد سبھی مزدوروں کو کھانا كھلوا کر اسی ٹرک میں پولیس کی نگرانی میں ان کے گاؤں کے لئے روانہ کوروا دیا گیا۔

12 Apr 2020, 1:07 PM

چھتیس گڑھ: مزید 7 سیمپل پازیٹیو، متاثرین کی تعداد 25 ہوئی

چھتیس گڑھ میں کوربا ضلع کے كٹگھورا قصبے میں مزید سات سیمپل پازیٹیوپائے جانے کے بعد کل متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہو گئی ہے۔تاہم اس میں 10 کو صحت مند ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی مل چکی ہے۔

محکمہ صحت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق كٹگھورا قصبے کے پرانی بستی علاقے سے لیے گئے سات سیمپل پازیٹیوملے ہیں، جس کے بعد ان سب کو گزشتہ شب كٹگھورا سے لا کر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(ایمس) رائے پور میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ ان ساتوں مریضوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ ایمس میں پہلے ہی آٹھ متاثرہ مریضوں کا علاج چل رہا ہے، یہ سبھی كٹگھورا قصبے کے پرانی بستی علاقے کے ہی رہنے والے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔