خبریں

دبئی میں راہل کی پریس کانفرنس: ’بی جے پی ہمارے اداروں کو برباد کرنے پر آمادہ‘

دبئی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’بی جے پی مشتعل اور غیر روادار ہو رہی ہے اور ہمارے اداروں کو برباد کر رہی ہے۔ یہ کچھ وقت کی دقت ہے، ہم 2019 انتخابات کے بعد اسے دیکھیں گے۔‘‘

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>

قومی آوازبیورو

12 Jan 2019, 9:59 PM

راہل گاندھی کا دبئی میں صحافیوں سے خطاب

راہل گاندھی اس وقت متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں اور اس وقت دبجئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔ دبئی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’بی جے پی مشتعل اور غیر روادار ہو رہی ہے اور ہمارے اداروں کو برباد کر رہی ہے۔ یہ کچھ وقت کی دقت ہے، ہم 2019 انتخابات کے بعد اسے دیکھیں گے۔‘‘

رافیل سودے ہوئے گھوٹالہ پر راہل نے کہا، ’’اس سے فرق نہیں پڑتا کہ میں نے کیا کہا۔ میں نے کہا کہ وزیر اعظم نے چھوٹے امبانی کے 30 ہزار کروڑ روپے چوری کرنے میں مدد کی۔ وزیر اعطم نے سامنے آکر جواب دینے کی ہمت نہیں دکھائی۔ وہ پارلیمنٹ سے بھاگ گئے۔ وزیر اعظم نے امبانی کو مدد پہنچائی اور لوک سبھا میں جہاں انہیں بولنا چاہئے تھا وہاں انہوں نے ایک عورت کو بھیج دیا اور وزیر اعظم بھاگ گئے۔ وزیر دفاع بھی ان کا دفاع نہیں کر پائی، میرے سوالوں کے جواب ابھی تک نہیں ملے ہیں۔‘‘

12 Jan 2019, 4:38 PM

پاکستان: پی ٹی آئی جھگڑے کی سیاست میں یقین نہیں رکھتی... قریشی

ملتان: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاست میں جھگڑے کی پالیسی میں یقین نہیں رکھتی اور حکومت کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ کسی کو بھی جیل بھیج دے۔ مسٹر قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت محض عدالتوں کے فیصلوں پر کاروائی کرتی ہے۔
ڈان کے مطابق جمعہ کو یہاں گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا،’ پی ٹی آئی کی حکومت میں پی پی پی اور پی ایم ایل (این) کی قیادت کے خلاف ایک بھی معاملے میں کاروائی شروع نہیں کی گئی ہے۔ ملک میں قانون کی بالادستی ہے اور اس میں ہر کوئی برابر ہے‘۔

12 Jan 2019, 2:09 PM

دل کا دورہ پڑنے سے مدھیہ پردیش کانگریس لیڈر کا انتقال

چھندواڑہ: مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں ضلع کانگریس کے نائب صدر پردیپ سکسینہ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق مسٹر سکسینہ (65) آج صبح سوریہ نمسکار پروگرام میں شرکت کے لئے مقامی پولس کے میدان میں گئے تھے۔ پروگرام کے دوران سینے میں اچانک درد ہونے پر وہ ایک گاڑی میں بیٹھ کر ضلع اسپتال پہنچ گئے جہاں ابتدائی علاج کے دور ان ان کا انتقال ہوگیا۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر سکسینہ مدھیہ پردیش ریاستی سول سپلائی کارپوریشن میں 2001-2003 تک چیرمین تھے۔

12 Jan 2019, 12:37 PM

اتر پردیش: ایس پی-بی ایس پی نے 38-38 سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا کیا اعلان

ایس پی-بی ایس پی کی مشترکہ پریس کانفرنس میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سیٹوں کی تقسیم کا اعلان ہو گیا۔ دونوں ہی پارٹیوں نے 38-38 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رائے بریلی اور امیٹھی سیٹ انھوں نے کانگریس کے لیے چھوڑنے کی بات بھی کہی ہے جب کہ یہ بھی واضح کیا ہے کہ ان کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ دیگر دو سیٹیں انھوں نے چھوڑ رکھی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ وہ یو پی مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے والی کسی دیگر پارٹی کو دے سکتی ہیں۔

پریس کانفرنس میں مایاوتی نے بی جے پی اور نریندر مودی کی پالیسیوں کو زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ پریس کانفرنس وزیر اعظم نریندر مودی جی اور بی جے پی قومی صدر امت شاہ، دونوں گرو-چیلے کی نیند اڑانے والی پریس کانفرنس ہے۔‘‘

12 Jan 2019, 11:09 AM

لگاتار تیسرے دن پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

ملک میں لگاتار تیسرے دن تیل کی قیمتوں میں اضافہ درج کیا گیا۔ پٹرول کی قیمت ہفتہ کے روز 19 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 29 پیسے فی لیٹر بڑھے۔ دہلی میں آج پٹرول کی قیمت 69.26 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 63.10 روپے فی لیٹر ہے۔ ممبئی میں پٹرول 74.91 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل 66.04 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہے ہیں۔

12 Jan 2019, 8:51 AM

ایس پی-بی ایس پی کی مشترکہ پریس کانفرنس آج

آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر آج دہلی میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کی مشترکہ پریس کانفرنس منعقد ہونے والی ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایس پی اور بی ایس پی اس مشترکہ پریس کانفرنس کے ذریعہ لوک سبھا انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل دیں گی۔ اترپردیش میں مہا گٹھ بندھن مضبوط ہوتا دیکھ بی جے پی کی سانسیں تیز ہو گئی ہیں۔ دوپہر میں ہونے والے اس پریس کانفرنس پر سب کی نگاہیں ٹکی ہوئی ہیں۔