’اخلاق کا قتل ہوا تب بھی جیتے تھے اور اب بھی جیتیں گے‘... امت شاہ کا غرور

راجستھان میں اس سال کے آخر تک اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور امت شاہ نے 11 ستمبر کو جے پور دورہ کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خوب شعلہ بیانی کی اور کہا کہ بی جے پی کی ہر حال میں فتح ہوگی۔

بی جے پی صدر امت شاہ کی فائل تصویر 
بی جے پی صدر امت شاہ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

شرم یا غلطی کا احساس تو کیا ہوتا بی جے پی کے صدر امت شاہ نے ایک مرتبہ پھر اپنے غرور کا اظہار کیا ہے۔ امت شاہ نے راجستھان کے جے پور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نہ صرف شعلہ بیانی کی بلکہ بی جے پی کارکنان کو اپنی تقریر سے مشتعل کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی۔ راجستھان میں اسمبلی انتخابات کے مدنظر کسی بھی حال میں فتحیابی حاصل کرنے کے لیے کوشاں امت شاہ نے جلسہ عام سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’اخلاق کا قتل ہوا تب بھی جیتے تھے، ایوارڈ واپسی ہوئی تب بھی جیتے تھے، اور اب کچھ کریں گے تب بھی جیتیں گے۔ بی جے پی کارکنان فتح کے لیے تیار رہیں۔‘‘

دراصل امت شاہ یہ باتیں اس لیے کہہ رہے تھے کیونکہ راجستھان میں موب لنچنگ کے واقعات میں اضافہ درج کیا گیا ہے اور پہلو خان و رکبر خان کی موب لنچنگ کے بعد وسندھرا راجے حکومت کی شبیہ بھی انتہائی خراب ہوئی ہے۔ اس طرح کے واقعات کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے بی جے پی کو زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور عوام میں بھی بڑے پیمانے پر ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اسی کے مدنظر بی جے پی صدر نے کہا کہ اخلاق کے قتل اور معروف ہستیوں کے ذریعہ ایوارڈ واپسی کو بھی اپوزیشن نے ایشو بنایا تھا لیکن بی جے پی کو فتح ہی حاصل ہوئی، اس لیے آئندہ بھی اپوزیشن کے کسی حملہ کا پارٹی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑنے والا۔ یعنی کل ملاکر امت شاہ کے کہنے کا مطلب صاف ہے کہ موب لنچنگ کوئی مسئلہ نہیں ہے اور جو اسے مسئلہ بنا کر پیش کر رہے ہیں ان کو شکست ہوگی کیونکہ پہلے بھی جب انہوں نے ایسے مسئلے اٹھائے ہیں ان کو شکست ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ سال 2015 میں اتر پردیش کے دادری میں اخلاق کو موب لنچنگ کا شکار بنایا گیا تھا اور پھر پرتشدد واقعات کو دیکھتے ہوئے سینئر ادیبوں نے سرکاری انعامات کو واپس کر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ اسی کا تذکرہ امت شاہ نے اپنی تقریر کے دوران کیا اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ لوگ بی جے پی کے خلاف کتنی بھی آوازیں اٹھائیں لیکن بی جے پی اپنا کام کرتی رہے گی اور جیتے گی بھی۔ انھوں نے کہا کہ دونوں واقعات بھی انتخابات میں بی جے پی کی فتح کو نہیں روک سکی، اسی طرح آگے ہونے والے واقعات سے بھی بی جے پی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

جے پور کے یک روزہ دورہ پر پہنچے بی جے پی صدر نے پارٹی کی پولنگ بوتھ کمیٹیوں کے اراکین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہاں بی جے پی کو ہرانا ناممکن ہے اس لیے کسی بھی طرح کی مایوسی کا شکار نہ ہوں اور بوتھ سطح پر پوری طاقت کے ساتھ کام کریں۔ بی جے پی کارکنان سے امت شاہ نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا کے ذریعہ کیے گئے کاموں کو لے کر عوام تک جائیں اور انھیں پارٹی سے جوڑنے کا کام کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Sep 2018, 7:11 AM
/* */