قرآن پاک کا قلمی نسخہ تیار کر بیگم محمد جہاں نے رقم کی تاریخ

بیگم محمد جہاں قرآن شریف کا قلمی نسخہ تیار کر یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ ان کے ہاتھوں سے تحریر کردہ قرآن مجید کی رسم اجراء دہلی میں کئی سرکردہ ہستیوں کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

بیگم محمد جہاں نے قرآن شریف کا قلمی نسخہ تیار کر یہ کارنامہ انجام دینے والی ہندوستان کی پہلی خاتون ہونے کا شرف حاصل کر لیا ہے۔ ان کے اس قلمی نسخہ کا اجراء 27 دسمبر کو دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں منعقد ایک تقریب کے دوران عمل میں آیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ بیگم محمد جہاں بنیادی طور پر انگریزی کی استاذ ہیں لیکن اپنی خوشخطی کے لیے مشہور بیگم محمد جہاں نے قرآن مجید کا دلکش نمونہ لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔ ان کا یہ عمل یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ خواتین اگر چاہیں تو وہ کسی بھی میدان میں مردوں سے پیچھے نہیں ہیں۔

تقریب ورلڈ اردو ایسو سی ایشن دہلی اور ڈاکٹر نورالحسن انصاری فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد ہوا تھا جس میں بطور مہمانِ خصوصی جامع مسجد فتح پوری کے شاہی امام ڈاکٹر مفتی مکرم احمد، افغانستان کے سفیر خیراللہ آزاد، لیبیا کے سفیر خالد اے ازول اور پروفیسر نزہت قاسمی نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر خواجہ اکرام الدین نے مہمانان کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ ’’بیگم جہاں ہندوستان کی پہلی خاتون ہیں جنھوں نے قرآن شریف کا قلمی نسخہ تیار کیا ہے۔ انھوں نے روایتی فن خطاطی کو پیش کر کے ہندوستان میں ایک مثال قائم کی ہے جو مستقبل میں خواتین کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگی۔‘‘

اس موقع پر ڈاکٹر مفتی مکمر احمد نے بیگم محمد جہاں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ’’انگریزی کی ٹیچر ہونے کے باوجود فارسی زبان میں قرآن شریف لکھنا واقعی بڑا کارنامہ ہے۔ موجودہ دور میں لوگ اس بات سے غافل ہیں کہ اچھی لکھائی کیا ہوتی ہے لیکن بیگم جہاں نے جو کتابت قرآن مجید میں پیش کی ہے وہ بے نظیر ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جو لوگ فن خطاطی کا شوق رکھتے ہیں انھیں چاہیے کہ وہ قرآن کریم جیسی مقدس کتاب کو اپنی خطاطی میں پیش کریں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Dec 2018, 12:09 PM
/* */