بہار میں پپو یادو کے قافلے پر حملہ، قتل کا تھا منصوبہ!

بہار کے مظفر پور میں مدھے پورہ سے رکن پارلیمنٹ پپو یادو کے قافلے پر حملہ کیا گیا۔ حملے میں پپو یادو کی گاڑی پر حملہ ہوا اور خبر ہے کہ اس حملے میں پپو یادو کو کافی چوٹیں بھی آئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے مدھے پورہ سے رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو کے قافلے پر جمعرات کو مظفر پور میں حملہ ہوا ہے۔ بھارت بند حامیوں نے مظفر پور کے کھبڑا میں این ایچ پر رکن پارلیمنٹ پپو یادو کے قافلے پر پتھراؤ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملے میں پپو یادو کو کافی چوٹیں بھی آئی ہیں۔ یہ حملہ مظفر پور سے مدھوبنی جانے کے دوران ہوا۔

اس حملے سے متعلق پپو یادو نے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ’’بہار میں مہاجنگل راج کا ننگا ناچ ہو رہا ہے۔ ’ناری بچاؤ پد یاترا‘ میں مدھوبنی جانے کے دوران ہمارے قافلے پر بھارت بند کے نام پر غنڈوں نے حملہ کیا۔ کارکنان کو بری طرح ذات پوچھ پوچھ کر پیٹا گیا ہے۔ آخر بہار میں کوئی حکومت و انتظامیہ ہے یا نہیں! وزیر اعلیٰ نتیش کمار آپ کس کمبھ کرنی نیند میں سوئے ہیں۔‘‘

حملے کے بعد پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر سی آر پی ایف کے جوان ان کے ساتھ نہیں ہوتے تو ان کا قتل یقینی تھا۔ حالات ایسے ہو گئے تھے کہ گولی چلانی پڑ سکتی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ راستہ روک کر حملہ کرنے والوں کے ہاتھوں میں پستول تھی۔ انھوں کہا کہ حملے کے بعد ایس پی اور آئی جی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کسی سے رابطہ نہیں ہو پایا۔ کسی نے کال ریسیو نہیں کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Sep 2018, 5:48 PM