کورونا بحران: یوٹیوب پر موجود ہر 4 ویڈیو میں سے 1 دے رہی غلط جانکاری، ریسرچ میں انکشاف

بین الاقوامی آن لائن جرنل ویب سائٹ بی ایم جے گلوبل ہیلتھ کی ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ کورونا سے متعلق یوٹیوب پر موجود ایک چوتھائی ویڈیوز غلط جانکاری لوگوں کو دے رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا انفیکشن کے لگاتار بڑھتے معاملوں کے درمیان ہر کوئی اس بیماری کے تعلق سے زیادہ سے زیادہ جانکاری حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ محفوظ رہ سکے۔ ایسے ماحول میں لوگ یوٹیوب کا خوب استعمال کرتے ہیں جس پر کورونا انفیکشن اور اس سے بچاؤ کے طریقے بتانے والی لاتعداد ویڈیو دستیاب ہیں۔ لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ یوٹیوب پر موجود ہر 4 ویڈیو میں سے 1 ویڈیو لوگوں کو غلط جانکاری دے رہی ہے۔ اس بات کا انکشاف ایک تحقیق کے بعد ہوا ہے۔

دراصل کورونا سے بچانے کے لیے سوشل میڈیا پر جانکاری کے نام پر کئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا وہ درست جانکاری دے رہی ہیں۔ ایک تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ ایک چوتھائی ویڈیوز غلط جانکاری لوگوں کو دے رہی ہیں۔ ایک بین الاقوامی آن لائن جرنل ویب سائٹ بی ایم جے گلوبل ہیلتھ نے یہ تحقیق کی ہے۔


میڈیا ذرائع کے مطابق 21 مارچ کو یہ تحقیق شروع ہوئی جس کے نتائج اب سامنے آئے ہیں۔ بی ایم جے نے 'یو ٹیوب' پر کورونا لکھ کر سرچ کیا اور سرفہرست 75 ویڈیو پر ریسرچ کیا۔ اس طرح کووڈ-19 لکھ کر بھی سرچ کیا اور اس پر نظر آنے والے سرفہرست 75 ویڈیو کی بھی جانچ کی۔ گویا کہ ریسرچ میں کل 150 ویڈیوز شامل ہوئے۔ ڈپلی کیٹ ویڈیوز کو ہٹا کر اور کچھ ضابطوں کو طے کر کے مجموعی طور پر 69 ویڈیوز کو تحقیق کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس تحقیق کا جب نتیجہ سامنے آیا تو 27 فیصد ویڈیوز میں دلیل پر مبنی غلطیاں تھیں۔ ویڈیو کو سمجھایا بھی ٹھیک سے نہیں گیا اور نہ ہی بیماری سے متعلق کوئی اپیل کی گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ جن 69 ویڈیوز کو تحقیق کے لیے منتخب کیا گیا تھا، ان میں حکومتوں کی جانب سے جاری ویڈیوز بھی تھیں جن میں درست اطلاعات مہیا کی گئی تھیں۔ اس پورے معاملے پر یوٹیوب نے صفائی دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحیح جانکاری دینے کی پوری کوشش کی جاتی ہے اور غلط جانکاری دینے والے ویڈیوز کو ہٹا دیا جاتا ہے۔ گویا کہ یوٹیوب کو پتہ ہی نہیں کہ کورونا سے متعلق وہ 27 فیصد ایسے ویڈیوز اپنے ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیے ہوئے ہے جو لوگوں کو غلط جانکاریاں دے رہی ہیں۔


بہر حال، سمجھنے والی بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود کسی بھی ویڈیو کو آپ دیکھ رہے ہیں تو یہ نہ سمجھیں کہ وہ آپ کو درست جانکاری دے رہی ہیں۔ کوئی بھی ویڈیو بہت سوچ سمجھ کر ہی دیکھیں اور پوری تحقیق کے بعد ہی اس کے ذریعہ فراہم کردہ جانکاری پر اعتبار کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */