بہار انتخابات کے پیش نظر یشونت سنہا نے کیا اتحاد کا اعلان

یشونت سنہا نے کہا کہ آر جے ڈی اور این ڈی اے کو بہار کے عوام نے 15 سال کام کرنے کا موقع فراہم کیا لیکن وہ دونوں اپنے انتخابی منشور میں کیے گئے کسی بھی وعدے پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے آج بہار کے اسمبلی انتخابات میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کا ایک مضبوط متبادل دینے کے لئے نیا اتحاد تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی سیاست سے سبکدوش ہونے والے سنہا نے یہاں ہفتہ کو سابق مرکزی وزیر ناگمانی، دیویندر یادو، بہار کے سابق وزیر نریندر سنگھ اور رینو کشواہا، سابق ممبر پارلیمنٹ ارون کمار، لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) سیکولر قومی صدر ستیانند شرما، جن تانترک وکاس پارٹی (جے وی پی) انیل کمار کے ساتھ پریس کانفرنس میں نظر آئے۔ یشونت سنہا نے کہا کہ آر جے ڈی اور غیر این ڈی اے کے خلاف ان کا اتحاد مضبوط متبادل پیش کرے گا اور ’اس بار بہار بدلیں‘ ان کے اتحاد کا نعرہ ہے۔

یشونت سنہا نے کہا کہ آر جے ڈی اور این ڈی اے کو بہار کے عوام نے 15 سال کام کرنے کا موقع فراہم کیا لیکن وہ دونوں اپنے انتخابی منشور میں کیے گئے کسی بھی وعدے پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کے لئے ریاست کی تصویر بدلنے کے لئے 15 سال کا دور حکومت کافی ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کے تمام رہنماؤں کو 15 سال کی بد انتظامی کو چیلنج کرنے کے لئے متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتے حکومت کی سرگرمیوں کو میڈیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔


یشونت سنہا سے جب خود سے الیکشن لڑنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس پر مستقبل فیصلہ کرے گا۔ ابھی اس پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ صورتحال کے مطابق اس پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سوال کا بھی جواب نہیں دیا کہ اتحاد میں کون کون لوگ شامل ہوں گے۔ اہم بات یہ ہے کہ یشونت سنہا نے 30 جنوری 2018 کو راشٹر منچ کا آغاز کیا تھا اور اپنے ہی ایک پروگرام میں 21 اپریل 2018 کو بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) سے تعلقات توڑ تے ہوئے پارٹی سیاست سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Jun 2020, 6:40 PM