سرمائی اجلاس: پارلیمنٹ میں شور شرابے کے سبب لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی

کسانوں کے معاملہ پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے کئے گئے زوردار شور کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی

پارلیمنٹ کی فائل تصویر، یو این آئی
پارلیمنٹ کی فائل تصویر، یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کسانوں کے معاملہ پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے کئے گئے زوردار شور کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لئے ملتوی کر دی گئی۔ کارروائی دو بار ملتوی ہونے کے بعد جیسے ہی ایوان کی کارروائی 3 بجے شروع ہوئی، ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر کسانوں کے معاملے پر نعرے بازی کی۔ جس کے بعد لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ہنگامہ آرائی کرنے والے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ ایوان میں امن برقرار رکھیں اور اپنی نشستوں پر جائیں۔

برلا نے کہا، ’’تمام ارکان کو ایوان کو مثبت ماحول میں چلانے میں تعاون کرنا چاہیے۔ میں ہر کسی کو کسی بھی موضوع پر مثبت بحث کے لیے پورا موقع دوں گا۔‘‘ اس دوران ایوان میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ ایوان ہموار طریقے سے چلے۔ ہم ایوان میں پکنک منانے نہیں آتے ہیں بلکہ عوام سے متعلق معاملے اٹھانے آتے ہیں۔


ترنمول کانگریس کے کلیان بنرجی نے کہا کہ ایوان میں بحث ہونی چاہئے۔ کل بھی ہم بہت سے مسائل پر بات کرنا چاہتے تھے۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے شور شرابے کے درمیان مسٹر برلا نے وزارتوں کے کام سے متعلق اہم کاغذات اور پارلیمانی کمیٹیوں کی رپورٹوں کو ایوان کی میز پر رکھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔