وزیر اعظم آج رات 8 بجے کریں گے قوم کے نام خطاب، کیا لاک ڈاؤن پھر بڑھے گا؟

گزشتہ روز تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ تقریباً چھ گھنٹے تک گفتگو کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی آج رات 8 بجے ایک مرتبہ پھر قوم سے خطاب کرنے جا رہے ہیں

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی آج رات 8 بجے ایک مرتبہ پھر سے قوم کو خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ چونکہ 17 مئی کو لاک ڈاؤن کے تیسرے مرحلہ کی مدت ختم ہونے جا رہی ہے، لہذا یہ تصور کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم مودی لاک ڈاؤن پر آگے کی حکمت عملی پر کچھ اعلان کر سکتے ہیں۔


واضح رہے کہ پیر کے روز وزیر اعظم نے پانچویں بار وزرائے اعلیٰ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ کر کے لاک ڈاؤن پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ وزیر اعظم نے تمام ریاستوں سے 15 مئی تک لاک ڈاؤن کے بارے میں حتمی تجاویز پیش کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے ریاستوں سے کہا کہ وہ لاک ڈاؤن سے نمٹنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اپنائیں۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’ہمیں سمجھنا چاہیے کہ کورونا کے بعد دنیا یکسر تبدیل ہو چکی ہے۔ اب تاریخ دوسری جنگ عظیم کی طرح ’پری کورونا‘ (قبل از کورونا)، ’پوسٹ کورونا‘ (بعد از کورونا) میں تقسیم کر کے دیکھی جائے گی اور اس اہم تبدیلی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ہم کس طرح عمل کرتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اب نئی طرز زندگی ’جن سے لے کر جگ تک‘ (عام سے عالم تک) کے اصول پر مبنی ہوگا۔


واضح رہے کہ ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 87 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وہیں، 3604 نئے معاملات بھی منظر عام پر آئے ہیں۔ وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک 70 ہزار 756 افراد انفکشن میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا، 2293 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم اس اثنا میں 22 ہزار 455 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */