راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ پہاڑیا کے بعد ان کی اہلیہ شانتی پہاڑیا کا بھی انتقال

راجستھان کے سابق وزیر اعلی جگن ناتھ پہاڑیا کی اہلیہ اور سابق ممبر پارلیمنٹ شانتی پہاڑیا کا ہریانہ کے گڑگاؤں میں انتقال ہوگیا، حال ہی ہیں جگن ناتھ پہاڑیا کا بھی کورونا کے سبب انتقال ہو گیا تھا

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

گڑگاؤں: راجستھان کے سابق وزیر اعلی جگن ناتھ پہاڑیا کی اہلیہ اور سابق ممبر پارلیمنٹ شانتی پہاڑیا کا اتوار کے روز ہریانہ کے گڑگاؤں میں انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر تقریباً 87 سال تھی اور انہیں ’پارک اسپتال‘ میں داخل کیا گیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 19 مئی کو راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور شانتی پہاڑیا کے شوہر جگن ناتھ پہاڑیا کا بھی اسی اسی اسپتال میں انتقال ہوا تھا، وہ کورونا وائر سے متاثر تھے۔ ایک ہی خاندان کے دو افراد اور تجربہ کار رہنماؤں کے انتقال سے سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔


شانتی پہاڑیا 1984 سے 1990 تک راجستھان سے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اور دو بار بھرت پور ضلع میں ویر اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے رہ چکی تھیں۔ ان کی وفات سے ویر اسمبلی حلقہ میں بھی غم کی لہر دوڑ گئی۔

وزیر اعلی اشوک گہلوت نے شانتی پہاڑیا کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعلی جگن ناتھ پہاڑیا کی اہلیہ شانتی پہاڑیا کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ دونوں زندگی بھر سیاست میں سرگرم عمل رہے۔ انہوں نے دعا کی کہ غمزدہ کنبہ کو صبر و برداشت کی توفیق عطا ہو اور آنجہانی کی روح کو سکون حاصل ہو۔

سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے بھی شانتی پہاڑیا کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور کہا ’’کچھ دن قبل سابق گورنر اور سابق وزیر اعلی جگن ناتھ پہاڑیا کی وفات کے بعد ان کی اہلیہ شانتی پہاڑیا کے انتقال کی خبر سے وہ بہت افسردہ ہیں۔ خدا آنجہانی کی روح کو شانتی اور لواحقین کو غم برداشت کرنے طاقت دے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔