کنبہ پروری پر بولنے والے مودی بی جے پی کی کنبہ پروری کب روکیں گے؟

وزیر اعلیٰ نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی کی کنبہ پروری نہ تو نئی ہے اور نہ ہی کسی سے پوشیدہ ہے اس کے باوجود جب وہ کنبہ پروری پر لفاظی کرتے ہیں تو ان کی تمام باتیں بے معنی لگتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے کنبہ پروری کے حوالے سے کانگریس پر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے ایک بلاگ لکھتے ہوئے کہا کہ 2014 میں لوگوں نے کنبہ پروری پر ایمانداری کو فوقیت دی۔ حالانکہ وزیر اعظم اس ایشو کو اٹھاتے وقت یہ بھول گئے کہ ان کی پارٹی اس قدر کنبہ پروری کو فروغ دیتی ہے کہ بی جے پی کے اعلیٰ رہنماؤں کے رشتہ داروں یا بچوں کی ایک فوج تیار ہو چکی ہے۔

وزیر اعلیٰ نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی کی کنبہ پروری نہ تو نئی ہے اور نہ ہی کسی سے پوشیدہ ہے اس کے باوجود جب وہ کنبہ پروری پر لفاظی کرتے ہیں تو ان کی تمام باتیں بے معنی لگتی ہیں۔

وزیر اعظم کی طرف سے کنبہ پروری پر لکھے گئے بلاگ کا پرینکا گاندھی نے جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی نے گزشتہ 5 سالوں میں ملک کے اداروں کو برباد کر دیا ہے۔ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔‘‘ وہیں کانگریس کے رہنما طارق انور نے کہا کہ ’’نریندر مودی ایسا اس لئے کہہ رہے ہیں کیونکہ وہ کسی سیاسی خاندان سے وابستہ نہیں ہیں، مجھے کوئی بھی ایک پیشہ بتائیے جہاں کنبہ پروری موجود نہیں ہے۔ ‘‘

دریں اثنا عام آدمی پارٹی کے اعلیٰ رہنما سنجے سنگھ نے ٹوئٹ کر کے لکھا، ’’رمن سنگھ، ابھیشیک سنگھ، راج ناتھ سنگھ، پنکج سنگھ ، گوپی ناتھ منڈے، پنکجا منڈے، کلیان سنگھ، راجویر سنگھ، پرمود مہاجن، پونم مہاجن، پریم کمار دھومل، انوراگ ٹھاکر، وسندھرا راجے، دشینت سنگھ یہ سب مودی جی کی کنبہ پروری کے خلاف جنگ میں پوری مضبوطی کے ساتھ شامل ہوں گے۔ دراصل سنجے سنگھ نے جو نام لکھے ہیں وہ سب بڑے رہنما اور ان کے بیٹے یا بیٹی کے نام ہیں، جو کنبہ پروری کی وجہ سے ہی سیاست میں آئے ہیں۔

بی جے پی میں کنبہ پروری کس قدر حاوی ہے اسے مندرجہ ذیل فہرست سے سمجھا جا سکتا ہے

  • سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کے بیٹے دشینت، جھالاواڑ سے رکن پارلیمان ہیں۔
  • سابق رکن پارلیمان بی پی سنگھ کے بیٹے ابھیجیت سنگھ بھیلواڑا سے ٹکٹ کے خواہشمند ہیں۔
  • رکن پارلیمان رام کسوا کے بیٹے راہل کسوا راجستھان کے چورو سے ٹکٹ کے طلب گار ہیں۔
  • سابق رکن پارلیمان گردھاری بھارگو کے بیٹے منوج جے پور سے لڑنا چاہتے ہیں۔
  • گوپال بھارگو کے بیٹے منوج جے پور سے لڑنا چاہتے ہیں۔
  • گوپال بھارگو کے بیٹے ابھیشیک بھارگو کھجوراہو سے لڑنے کے خواہشمند ہیں۔
  • گوری شنکر بسین کی بیٹی موسم بسین بالاگھاٹ سے لڑنا چاہتی ہیں۔
  • شیو راج سنگھ اپنی بیوی سادھنا سنگھ کو میدان میں اتارنا چاہتے ہیں، سیٹ طے نہیں ہے۔
  • راج ناتھ سنگھ کے بیٹے پنکج سنگھ یو پی میں جنرل سکرٹری ہیں۔
  • وجے بہوگنا کے بیٹے سوربھ اتراکھنڈ کے ستارگنج سے رکن اسمبلی ہیں۔
  • پریم کمار دھومل کے بیٹے انوراگ ٹھاکر ہمیر پور سے رکن پارلیمان رہ چکے ہیں۔
  • وید پرکاش گوئل کے بیٹے پیوش گوئل موجودہ ریلوے وزیر ہیں۔
  • مینکا گاندھی کے بیٹے ورون گاندھی سلطان پور سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
  • پرمود مہاجن کی بیٹی پونم مہاجن ممبئی شمال مشرق سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
  • یشونت سنہا کے بیٹے جینت سنہا شہری ہوا بازی کے وزیر مملکت ہیں۔
  • کلیان سنگھ کے بیٹے راجبير سنگھ ایٹہ سیٹ سے ایم پی ہیں۔
  • صاحب سنگھ ورما کے بیٹے پرویش ورما مغربی دہلی سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
  • رمن سنگھ کے بیٹے ابھیشیک سنگھ راج نندگاؤں سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
  • گوپی ناتھ منڈے کی بیٹی پنکجا منڈے پرلی سے ممبر اسمبلی اور ان کے بیٹے پریتم منڈے بیڑ سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
  • سشما سوراج کی بہن وندنا شرما ہریانہ کے سفيدوں سے الیکشن لڑیں اور ہار گئیں۔
  • بی ایس یدی یورپا کے بیٹے راگھویندر یدی یورپا شموگا سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
  • لال جی ٹنڈن کے بیٹے آشوتوش ٹنڈن یوپی حکومت میں کابینہ وزیر ہیں۔
  • سندرلال پٹوا کے بھتیجے سریندر پٹوا شیوراج حکومت میں وزیر سیاحت تھے۔
  • او پی ببّر کے بیٹے راجیو ببّر تلكرنگر مغرب سے انتخاب لڑے اور ہار گئے۔
  • وجے ملہوترا کے بیٹے اجے ملہوترا گریٹر کیلاش سے الیکشن لڑے اور ہار گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */