لاک ڈاؤن-3: ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں لاک ڈاؤن 21 مئی تک بڑھانے کا دیا اشارہ

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پی ایم نریندر مودی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد مغربی بنگال میں 21 مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیر اعظم کے ویڈیو کانفرنسنگ کے بعد کہا ہے کہ بنگال میں 21مئی تک لاک ڈاؤن جاری رہنے کی توقع ہے۔تاہم وزیرا علیٰ نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ لاک ڈاؤن تمام ریاستوں میں نافذ رہے گا یا پھر ریڈزون اور اورینج زون میں رہے گا اور باقی علاقوں میں چھوٹ دی جائے گی۔لاک ڈاؤ ن کا دوسرا مرحلہ 3مئی تک جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ریاستی سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیرا عظم مودی نے بھی لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کا اشارہ دیا ہے۔اس سے قبل وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کی وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میں حصہ لیا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیرا عظم نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا اشارہ دیا ہے اور ریاستی حکومت بھی لاک ڈاؤن میں اضافہ کے حق میں ہے۔


وزیر اعظم کے ساتھ وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ میں لاک ڈاؤن میں اضافے پر غور نہیں کیا گیا ہے۔وزیرا عظم نے بھی ریاستوں کو موجودہ صورت حال میں فیصلہ کرنے کو کہا ہے۔تاہم ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم کے باڈی لنگویج سے ظاہر ہورہا تھا کہ موجودہ صورت حال میں وزیرا عظم لاک ڈاؤن میں توسیع کے حق میں ہے

مغربی بنگال حکومت نے کورونا وائرس کے کیسوں کے اعتبار سے تین حصوں میں ریاست کو تقسیم کررکھا ہے۔ایک ریڈ زون ہے۔جہاں کورونا کے کئی کیس سامنے آئے ہیں،دوسرا اورینج زون ہے جہاں کورونا کے کیس آئے تھے مگر اب یہ سلسلہ روک گیا ہے اور تیسرا گرین زون ہے جہاں کورونا وائرس کے ایک بھی کیس سامنے نہیں آئے ہیں۔تاہم مغربی بنگال حکومت نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ کون سے علاقے ریڈ زون میں ہیں اور کون سے اورینج زون میں۔پولس انتظامیہ ان علاقوں میں اپنے اعتبار سے کام کرتی ہے۔ریڈ زون علاقے میں بیداری مہم اور لاک ڈاؤن کو سختی سے نافذ کیا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریڈ زون میں ہوم ڈلیوری کے ذریعہ سامان پہنچائے جائیں گے۔جب کہ اورینج زون میں کچھ کم سختی کی جائے گی جب کہ گرین زون میں دوکانیں اور مارکیٹ کھولنے میں رعایت دی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلے چنددنوں میں ہم سختی کریں گے تاکہ ریڈ زون اورینج زون میں آجائے اور اورینج گرین زون۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریڈ زون میں 49دنوں تک سختی کی جائے گی۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع اس لئے ضروری ہے کہ ریڈ زون علاقے میں کورونا وائرس اس کے بغیر قابو میں نہیں آسکتا ہے۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزرائے کے ایک گروپ کو تشکیل دیا گیا ہے جو اس معاملے کی نگرانی کرے گی۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ اگلے دودن تک مرکزی حکومت کے فیصلے کا انتظار کریں گے۔اس کے بعد ہم خود فیصلہ لیں گے۔وزرائے کے اس گروپ میں ریاستی وزیر خزانہ امیت مترا،فرہاد حکیم،چندریما بھٹا چاریہ اور پارتھو چٹرجی شامل ہیں۔


خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ریاست میں اب جانچ کے عمل میں بھی تیزی آئی ہے ایسے میں ماہری کا خیال ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کو 3مئی کے بعد ختم کردیا جائے گا تو کورونا وائرس کا چین تیزی سے پھیل جائے گا اورایسے میں قابو پانا مشکل ہوگا۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مرکزی حکومت لاک ڈاؤن کی بات کرتی ہے تو دوسری طرف محدود دائرے میں ہی سہی دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دے رہی ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ایسے میں سختی سے لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جاسکتا ہے۔اگر دوکانیں کھلیں گی تو بھیڑ میں اضافہ ہی ہوگا۔تو پھر اس صورت میں کیسے لوگوں کو روکا جائے گا۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکز کے فیصلے میں شفافیت نہیں ہے۔ایک طرف لاک ڈاؤن سختی سے نافذ کرنے کیلئے ہدایات جاری کی جاتی ہے تو دوسری طرف مرکزی حکومت دوکانیں کھولنے کی اجازت دیدیتی ہے اس سے کنفیوزن پیدا ہورہا ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ہم نے چیف سیکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے میں حکومت سے بات کریں۔ہم لوگ مرکزی حکومت کے ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔مگر یہ منظم انداز میں ہونا چاہے۔ہدایات میں تضاداور مبہم ہونے سے کام کرنا مشکل ہورہا ہے۔


وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اپنے گھروں میں رہ کر ہی قرنطینہ میں رہنا بہتر ہے۔فون کے ذریعہ طبی عملہ ان کی رہنمائی اور طبی خدمات فراہم کرنے کو تیار ہیں۔تاہم جن لوگوں کے گھر میں جگہ نہیں ہے توحکومت انہیں قرنطینہ میں رکھنے کو تار ہے۔اس لئے ہم مرکزی حکومت سے پیکج کا مطالبہ کررہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔