مغربی بنگال: بردوان واقع اسکول میں زبردست دھماکہ، باورچی خانہ ملبہ میں تبدیل

گاؤں والوں نے بتایا کہ دھماکہ کی شدت سے آئی سی ڈی ایس اسکول کا پورا باورچی خانہ ملبے میں تبدیل ہوگیاہے۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

بردوان: بردوان ضلع کے گلسی تھانہ علاقہ واقع آئی سی ڈی ایس اسکول میں اچانک دھماکہ ہونے کی وجہ سے ایک دیوار منہدم ہوگئی ہے۔پولس کے مطابق یہ واقعہ گلسی تھانہ کے تحت رام گوپال پور میں پیش آیا ہے۔ رام گوپال پور گاؤں کے باشندوں نے بتایا کہ اچانک دوپہر کے وقت لوگوں نے ایک زور داردھماکہ سنا جس کی وجہ سے پورے گاؤں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ دھماکہ کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔پولس نے تفتیش شروع کردی ہے۔تاہم ابتدائی جانچ کے مطابق اسکول کے کچن میں بم رکھا گیا تھا۔پولس یہ جاننے کی کوشش کررہی ہے کہ کچن میں بم کس نے رکھا اور اس کے پیچھے کن لوگوں کا ہاتھ ہے۔

گاؤں والوں نے بتایا کہ دھماکہ کی شدت سے آئی سی ڈی ایس اسکول کا پورا باورچی خانہ ملبے میں تبدیل ہوگیاہے۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ کورونا بحران کی وجہ سے، اسکول بند ہے۔اس کی وجہ سے طلبا دھماکہ کی زد میں آنے سے بچ گئے۔گلسی پولس اسٹیشن کے افسران نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔ ابتدائی طور پر پولس نے اندازہ لگایا ہے کہ یہاں کئی بم لاکر رکھے گئے تھے۔


گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ رام گوپال پور علاقے میں طویل عرصے سے ترنمول کانگریس کے دونوں گروپ کے درمیان جھڑپ اور تشدد کے واقعات ہوچکے ہیں۔گاؤں والوں کا خیال ہے کہ یہ دونوں پارٹیوں کی گروپ بندی کا نتیجہ ہے۔ گاؤں والوں نے اسکول کے نگراں سے پوچھ تاچھ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ کیونکہ اسکول کے کچن پر تالا لگا ہوا تھا، اس کے باوجود یہ بم باورچی خانے میں کیسے رکھے گئے۔

اس درمیان بی جے پی کی مقامی قیادت نے اس واقعے کیلئے ترنمول کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔بی جے پی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے دور اقتدار میں بم صنعت کو کافی فروغ ملا ہے اور اس کاخمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔بی جے پی نے کہا ہے کہ بم چھپانے کے لئے اسکول کا انتخاب کرنا افسوس ناک ہے۔ لیکن ترنمول نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جارہی ہے اور جلد حقیقت سامنے آئے گی۔ تاہم اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولس تعینات کردئیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔