کشمیر میں موسم خوشگوار ، ہر سو بہار نو سایہ فگن، 21 مارچ سے موسم خراب ہونے کی پیش گوئی

وادی کشمیر میں خشک وخوشگوار موسم کے ساتھ ہی بہار نو ہر سو سایہ فگن ہے جس سے اہلیان وادی کے ساتھ ساتھ غیر مقامی سیاح بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں خشک وخوشگوار موسم کے ساتھ ہی بہار نو ہر سو سایہ فگن ہے جس سے اہلیان وادی کے ساتھ ساتھ غیر مقامی سیاح بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 21 مارچ سے موسم ایک بار پھر خراب ہوسکتا ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 21 مارچ سے 24 مارچ تک برف وباراں متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔ وادی میں جمعے کے روز موسم خشک و خوشگوار رہا جس سے لوگوں کو محظوظ ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔


خوشگوار موسم کے ساتھ ہی جہاں وادی کے دیہی علاقوں میں کسانوں کو اپنے اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں مختلف کاموں خاص کر میوہ درختوں کی دوا پاشی اور کھدائی کے ساتھ مصروف دیکھا جا رہا ہے وہیں وادی کے سیاحتی مقامات بالخصوص مغل باغوں میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کے رش میں بھی ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ درج ہو رہا ہے۔

وادی میں بہار کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے غیر مقامی سیاحوں کی آمد میں بھی روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ تین ماہ کے دوران 58 ہزار سیاح وارد وادی ہوئے ہیں۔ سال گذشتہ کے ماہ دسمبر میں 13 ہزار 2 سو 37 سیاح جبکہ سال رواں کے ماہ جنوری میں 19 ہزار 1 سو 2 اور ماہ فروری میں 26 ہزار 64 سیاح وادی کی سیر سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سری نگر میں جہاں ماہ جنوری میں سردیوں کا پچیس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا وہیں ماہ فروری میں گرمیوں کا 57 سالہ ریکارڈ پاش پاش ہوگیا جب فروری کی ایک شب کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Mar 2021, 1:11 PM
/* */