جموں وکشمیر میں کئی روز بعد موسم میں بہتری

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی10.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سرینگر: وادی کشمیر میں 19 جنوری سے وقفہ وقفہ سے برف و باراں کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کے روز موسم میں بہتری واقع ہوئی۔ جہاں ریاست کے جموں خطہ میں دو دنوں کی موسلادھار بارشوں کے بعد بدھ کے روز دھوپ کھلی وہیں وادی میں بھی موسم دن بھر خشک رہا۔

اگرچہ وادی میں مطلع دن میں زیادہ تر ابر آلود ہی رہا لیکن کبھی کبھی لوگوں کو مدتوں بعد ہلکی دھوپ کی زیارت بھی نصیب ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ وادی میں موسم میں بتدریج بہتری واقع ہوگی کیونکہ مغربی ہواؤں کا اثر کم ہونے لگا ہے۔ ادھر صوبائی کمشنر بصیر خان نے وادی کے نو اضلاع میں ایک بار پھر برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کے لئے احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کریں۔

جموں وکشمیر میں کئی روز بعد موسم میں بہتری

انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر تدابیر کو حتمی شکل دیں۔

دریں اثناریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی10.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ خطہ لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

جموں وکشمیر میں کئی روز بعد موسم میں بہتری

قصبہ دراس ایک بار پھر ریاست کا سرد ترین خطہ ثابت ہوا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 0.3 گری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں گذشتہ کئی دنوں سے سردی کی شدت میں بھی نمایاں کمی درج کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔