وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسم میں بہتری

وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد اتوار سے موسم میں بہتری آنے لگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں بھاری برف باری کے بعد اتوار سے 10 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

سرینگر: وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد اتوار سے موسم میں بہتری آنے لگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں بھاری برف باری کے بعد اتوار سے 10 جنوری تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

وادی میں اگر چہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع نہیں ہوئی ہے لیکن بھاری باری کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے اور برف جمع ہونے کی وجہ سے لوگ گذشتہ روز گھروں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے۔شہر ودیہات میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا، بازاروں میں گہماگہی مفقود رہی اورسڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل نہ ہونے کے برا بر رہی۔

ادھر برف باری کی وجہ سے ہفتہ کے روز وادی کا بیرون دنیا کے ساتھ زمینی وفضائی رابطہ منقطع رہا۔ جہاں سرینگر۔جموں قومی شاہراہ بند رہی وہیں سرینگر بین الاقوامی ائیر پورٹ پر پروازوں کے اٹھنے اور بیٹھنے کا سلسلہ بھی مفلوج ہوکر رہ گیا۔

وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسم میں بہتری

وادی میں دور افتادہ علاقوں کا ضلع صدر مقامات کے ساتھ بھی رابطہ منقطع رہا۔ تاہم انتظامیہ نے دن میں شہر ودیہات میں سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے مشینری و افراد کو کام میں لگایا اور شام تک لگ بھگ تمام بڑی سڑکیں ٹریفک کی آمد رفت کے قابل بنائی گئیں۔

دریں اثنا ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ ریاست کے شہرہ آفاق سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی7.9ڈگری سینٹی گریڈ اورمنفی9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.3ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

ریاسست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔