اچھی حکمرانی کانگریس حکومت کی ترجیح ہوگی: گہلوت

کانگریس کی جانب سے وزیراعلی بنائے جانے کے اعلان کے بعد گہلوت نے کہا کہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح پارٹی صدر راہل گاندھی کے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر لاگو کرنا ہوگا۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
تصویر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: تیسری مرتبہ راجستھان کے وزیراعلی بننے جارہے اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ اچھی حکمرانی ان کی حکومت کی سب سے زیادہ ترجیح ہوگی جس سے گزشتہ پانچ برسوں کی بری حکومت سے متاثر عوام کو راحت مل سکے۔

کانگریس کی جانب سے وزیراعلی بنائے جانے کے اعلان کے بعد گہلوت نے خبر رساں ادارے یو این آئی سے بات چیت میں کہا کہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح پارٹی صدر راہل گاندھی کے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر لاگو کرنا ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ ’’کسانوں اور نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے گزشتہ پانچ برسوں کی بری حکمرانی سے ریاست کی عوام کو بہت تکلیف پہنچی ہے جس سے ان میں زبردست غصہ تھا۔

وزیراعلی کے عہدہ سونپے جانے کے لئے انہوں نے راہل گاندھی اور نومنتخب ممبران اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک بار پھر ریاست کی عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے اور وہ عوام بالخصوص کسانوں، نوجوانوں اور کمزور طبقوں کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

گہلوت نے کہاکہ ان کی گزشتہ حکومت کے ذریعہ شروع کئے گئے عام خدمات کی کئی اسکیموں کو بند کردیا گیا جس سے عوام کو کافی پریشانی جھیلنی پڑی ہے۔ ان اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

گزشتہ دو دنوں کی میراتھن بات چیت کے بعد راہل گاندھی نے گہلوت کو وزیراعلی اور ریاستی کانگریس کے صدر سچن پائلٹ کو ڈپٹی وزیراعلی بنائے جانےکا فیصلہ کیا۔ گہلوت 1998 میں پہلی مرتبہ راجستھان کے وزیراعلی بنے تھے اور پانچ برسوں تک اس عہدے پر رہے۔ وہ دوسری مرتبہ 2008 سے 2013 تک وزیراعلی رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔