غیر بی جے پی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کے نتائج بہتر: چندرابابو

چندرابابو نائیڈو نے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کے لیڈر تکبر کریں گے تو عوام کے بھروسے سے محروم ہوجائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: آندھراپردیش کے وزیر اعلی و تلگودیشم کے قومی صدر چندرابابو نائیڈو نے دعوی کیا ہے کہ غیر بی جے پی جماعتوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کے بہترنتائج سامنے آرہے ہیں اور ان کی ساکھ کے سبب قومی لیڈران ان پر بھروسہ کر رہے ہیں۔

چندرابابو نائیڈو نے پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کے لیڈر تکبر کریں گے تو عوام کے بھروسے سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے بی جے پی، وائی ایس آر کانگریس اور ٹی آر ایس کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ جماعتیں عوامی بھروسہ سے محروم ہوگئی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی قومی سیاست میں اہم رول ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ اپنا رول جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں امیدواروں کا انتخاب کافی محنت اور مشقت کے بعد کیا جائے گا۔ صرف اہل اور جیتنے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے مجوزہ اسمبلی انتخابات سے پہلے پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے کیڈر کو ہدایت دیں۔ انہوں نے لیڈروں سے خواہش ظاہر کی کہ ہر دن 1.50لاکھ افراد کو تلگودیشم کی رکنیت سے جوڑا جائے۔ انہوں نے پیشین گوئی کی کہ ٹی آر ایس کو تلنگانہ کے انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا کیوںکہ ٹی آر ایس کے سربراہ چندرشیکھرراؤ نے ان ارکان اسمبلی کو ٹکٹ دیا ہے جو اپنے حلقوں میں بدنام ہوگئے ہیں، یہ امیدوار کامیابی حاصل نہیں کرپائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تلگودیشم مرکز میں مخالف بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہمارا مقصد قومی اداروں جیسے سی بی آئی اور آئی ٹی کو مودی کی زیر قیادت مرکز سے برباد ہونے سے روکنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔