کولکاتا: بی جے پی میں استعفیٰ کا سلسلہ جاری، نائب صدر راج کمل بھی مستعفی

بی جے پی کی پہلی فہرست سامنے آنے کے بعد جہاں پرانے کارکنان انتہائی ناراض ہیں وہیں کئی سینئر لیڈروں نے بھی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا، اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کلکتہ: بنگال میں بی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست سامنے آنے کے بعد پارٹی کے پرانے کارکنان کی ناراضگی سامنے آنے لگی ہے۔کوچ بہار لوک سبھا حلقے سے ترنمول کانگریس سے بی جے پی میں آنے والے نتیش پرامانیک کو امیدوار بنائے جانے سے ناراض ہوکر جہاں پارٹی ورکروں کے ایک گروپ نے استعفیٰ دیدیا اور پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کی تھی اب ریاستی بی جے پی کے نائب صدر راج کمل پاٹھک نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

راج کمل پاٹھک نے نائب صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دینے کے بعد کہا ہے کہ وہ پارٹی چھوڑ کر نہیں جارہے ہیں،وہ لوک سبھا انتخاب لڑنا چاہتے تھے مگر پارٹی نے انہیں امیدوار نہیں بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ پارٹی نے انہیں امیدواری کے لائق نہیں سمجھا ہے اس لیے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا بہتر سمجھ رہے ہیں۔

پاٹھک نے کہا کہ میں ہگلی ضلع کے سیرام پور لوک سبھا حلقہ یا پھر کسی اور لوک سبھا حلقے سے انتخاب لڑنا چاہتا تھا۔پارٹی نے بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کا نام سرفہرست امیدواروں میں ہے۔مگر حالیہ دنوں میں پارٹی میں شامل ہونے والوں کو پارٹی نے زیادہ لائق،بڑا لیڈر اور صاف ستھری شبیہ کا سمجھا اس لیے انہیں امیدوار بنایا گیا۔اب میں چاہتا ہوں کہ ان ہی لائق افراد کو امیدوار بنایا جائے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو بی جے پی نے ریاست کے 42لوک سبھا حلقے میں سے 28لوک سبھا حلقے کیلئے امیدواروں کے نام کا اعلان کردیا ہے۔بی جے پی نے ہگلی سے خواتین سیل کی لیڈر لاکٹ چٹرجی اور بی جے پی یوا مورچہ کی صدر دیبو جیت سرکار کو سیرام پور سے امیدوار بنایا ہے۔

جمعہ کوکوچ بہار بی جے پی دفتر میں ترنمول کانگریس کے سابق لیڈر نتیش پرمانیک کو امیدوار بنائے جانے کے خلاف پارٹی ورکروں نے دفترمیں توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ ضلع صدر مالتی راوا کے ساتھ بدسلوکی بھی کی تھی۔پارٹی ورکروں نے ضلع صدر پر رشوت لے کر ٹکٹ دینے کا بھی الزام عاید کیا ہے۔ورکروں کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں نے کئی سالوں سے ترنمول کانگریس کا مقابلہ کیا ہے مگر اب پارٹی نے ترنمول کانگریس کے ہی ایک لیڈر جنہوں نے حال میں پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے کو ٹکٹ سے نوازدیا ہے۔ذرائع کے مطابق دیپک برمن جو ایک لمبے عرصے سے بی جے پی کے لیڈر ہیں وہ اب آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑیں گے۔

پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ پر نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ جنہیں پارٹی مرکزی قیادت کا فیصلہ قبول نہیں ہے وہ پارٹی چھوڑ دیں۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگ گزشتہ تین سالوں سے سخت محنت کررہے ہیں،ہماری پارٹی کیڈر بیس ہے اور ڈسپلن والی پارٹی ہے جنہیں فیصلہ منظور نہیں ہے وہ پارٹی چھوڑدیں۔

دوسری جانب بشیر ہاٹ لوک سبھا حلقے سے بی جے پی کے امیدوار شیانتن باسو کے خلاف بھی پوسٹر لگے ہیں۔ایک پوسٹر میں بی جے پی ورکروں نے انہیں باہری قرار دیا ہے۔تاہم بی جے پی امیدوار باسو نے کہا کہ یہ سب ترنمول کانگریس کا گندہ کھیل ہے۔ترنمول کانگریس کی یہ پرانی عادت ہے،کیا ترنمول کانگریس نے باہری لوگوں کو امیدوار نہیں بنایا ہے۔باسو نے کہا کہ بشیر ہاٹ شمالی 24پرگنہ ضلع میں ہے اور میں بھی اسی ضلع کا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔