مہاراشٹر: لاک ڈاؤن میں 23 ’امیروں‘ کی مستی، پرنسپل سکریٹری کے خلاف کارروائی

ممبئی کے معروف کاروباری وادھوان برادرس لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اپنی پوری فیملی اور ملازم کے ساتھ مہابلیشور پکنک منانے چلے گئے۔ ان سبھی کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پورے ہندوستان میں اس وقت کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر لاک ڈاؤن ہے اور سب سے زیادہ حالات مہاراشٹر میں خراب ہیں جہاں اب تک کورونا انفیکشن سے تقریباً 100 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 1364 لوگ اب تک اس وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔ خصوصی طور پر ممبئی کورونا انفیکشن کا ہاٹ اسپاٹ بنا ہوا نظر آ رہا ہے۔ لیکن ایسے ماحول میں بھی کچھ بڑے اور امیر لوگ قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ ممبئی کے معروف کاروباری وادھوان برادرس نے بھی کچھ ایسا ہی کیا اور کافی دنوں سے گھر میں بند رہ کر اکتا چکی اس فیملی کے کئی اراکین لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیر و سیاحت کے مقصد سے مہابلیشور نکل گئے۔ جب مہابلیشور کی پولس کو اس بات کی خبر ملی تو انھوں نے سبھی کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کی۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ وادھوان فیملی کو مہابلیشور گھومنے کی اجازت کسی اور نے نہیں بلکہ محکمہ داخلہ کے اسپیشل پرنسپل سکریٹری اور ایڈیشنل ڈی جی پی امیتابھ گپتا نے دی تھی۔ جب یہ خبر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے تک پہنچی تو فوری کارروائی کرتے ہوئے امیتابھ گپتا کو چھٹی پر بھیج دیا گیا اور پورے معاملے کی جانچ کا حکم صادر کر دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے اس سلسلے میں بتایا کہ "وزیر اعلیٰ ٹھاکرے جی کے ساتھ بات چیت کے بعد امیتابھ گپتا کو جانچ ہونے تک فوری اثر سے لازمی چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف جانچ کی کارروائی شروع کرنے کے مقصد سے یہ فیصلہ لیا گیا۔"

دراصل ممبئی کی مشہور و معروف کاروباری فیملی وادھوان باندرا واقع پالی ہل علاقے میں رہتی ہے۔ اپنے بنگلے میں کافی دنوں سے بند اس فیملی کے اراکین اکتا رہے تھے اس لیے لوگوں نے مہابلیشور چھٹی منانے کا فیصلہ کیا۔ وادھوا فیملی کے اراکین، ملازم اور باڈی گارڈ سمیت کل 23 لوگ 5 گاڑیوں میں سوار ہو کر مہابلیشور کے لیے روانہ ہوئے اور دوپہر تک مہابلیشور پہنچ بھی گئے۔ یہاں پہنچ کر پریشانی یہ ہوئی کہ کچھ مقامی لوگوں نے انھیں دیکھ لیا اور حیران ہو گئے کہ آخر 23 لوگ ایک ساتھ کیسے گھوم رہے ہیں۔ اس کی شکایت مقامی لوگوں نے پولس اسٹیشن میں کر دی جس کے بعد پولس نے موقع پر پہنچ کر حقیقت کا پتہ کیا اور سبھی کو گرفتار کر لیا۔ وادھوان فیملی کے سبھی اراکین اس وقت علیحدہ علیحدہ رکھے گئے ہیں اور قابل ذکر ہے کہ ان میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔


بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کے محکمہ داخلہ میں اسپیشل پرنسپل سکریٹری امیتابھ گپتا نے اپنے آفیشیل خط پر وادھوان فیملی کے اراکین کو کھنڈالا سے مہابلیشور جانے کی اجازت دی۔ اپنے خط میں امیتابھ گپتا نے وادھوان فیملی کی پانچ گاڑیوں کا رجسٹریشن نمبر کا بھی ذکر کیا اور ان گاڑیوں میں بیٹھنے والے اراکین کے نام کا بھی تذکرہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔