کیجریوال اور ترنمول کو ووٹ دینے کا مطلب بی جے پی کا فائدہ ، نتن گڈکری

بلڈوزر بابا پر نتن گڈکری نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف بلڈوزر چل رہا ہے جو سماج مخالف، قانون مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط کام کرنے والوں کے خلاف بلڈوزر چلائیں گے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مستقبل کے ہندوستان کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لئے اے بی پی نیوز نیٹ ورک نے آئیڈیا آف انڈیا کا انعقاد کیا ہے جس میں ملک کی کئی اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں، ان شخصیات میں سے ایک نام مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما نتن گڈکری کا بھی ہے۔ اس پروگرام میں نتن گڈکری نے کئی اہم چیزوں پر اپنا نقطہ نظر ساجھا کیا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے بات چیت میں کہا کہ کسی بھی ملک کے لیے سب سے ضروری چیز اچھی حکمرانی ہوتی ہے۔ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے لیے سب سے اہم چیز قوم پرستی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس یعنی اچھی حکمرانی اور ترقی زیادہ ضروری ہےاور اس کے انتیودیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ غریبوں تک پہنچا نا ضروری ہے اور بی جے پی نے اتر پردیش میں یہ کام کیا ۔ گڈکری نے کہا کہ ہندوتوا کو غلط طریقے سے پیش کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مذہب، ذات یا جنس کی بنیاد پر امتیازی سلوک کو قبول نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے کسی ذات، مذہب اور زبان کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں کیا۔ گڈکری نے کہا کہ یوگی نے ہمت دکھائی، غنڈوں کے خلاف سخت کارروائی کی۔ امن و امان قائم کرکے دکھایا۔ قانون کا احترام نہ کرنا اور نہ ڈرنا اچھی بات نہیں ہے۔ یوگی کی سختی کی وجہ سے ماں اور بہنوں نے محسوس کیا کہ ان کی جان محفوظ ہے۔ امن و امان کی وجہ سے جو اعتماد آیا، اس سے فائدہ ہوا۔بلڈوزر بابا پر نتن گڈکری نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف بلڈوزر چل رہا ہے جو سماج مخالف، قانون مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط کام کرنے والوں کے خلاف بلڈوزر چلائیں گے۔


اس سوال کے جواب میں کہ بی جے پی کو ہرانے کا فارمولہ بتائیں گے تو نتن گڈکری نے کہا کہ وہ بی جے پی کو جیتنے کا فارمولا بتا سکتے ہیں ۔ شکست دینے والے شکست دینے کا کام دیکھیں۔ گڈکری نے کہا کہ وہ ایمرجنسی کی پیداوار ہیں۔ نتن گڈکری نے کہا کہ جب ہمارے صرف دو ارکان پارلیمنٹ تھے تو ہمارا مذاق اڑایا گیا،کبھی طنز کیا لیکن ہم چلتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین سے ایک ہی بات کہوں گا کہ سیاست میں کسی کی شکست حتمی نہیں ہوتی۔

نتن گڈکری نے کہا کہ میدان جنگ میں ہارنے کے بعد کوئی ختم نہیں ہوتا، لیکن جو میدان جنگ سے بھاگتا ہے وہ ختم ہو جاتا ہے۔ کیا بی جے پی یکساں سول کوڈ پرکام کرے گی؟ اس پر گڈکری نے کہا کہ سیکولر کا مطلب سیکولرازم ہے۔ سب کے لیے یکساں قوانین ہونے چاہئیں۔ یہ آئین کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے فیصلہ پارٹی صدر اور وزیراعظم کی قیادت میں کیا جائے گا۔


نتن گڈکری نے کیجریوال کی پارٹی اور ٹی ایم سی پر کہا کہ یہ لوگ پورے ملک میں الیکشن لڑیں کیونکہ اس کا فائدہ صرف بی جے پی کو ہوگا۔ ایک ووٹر بی جے پی کو جیتنے کے لیے ووٹ دیتا ہے، ایک ووٹر بی جے پی کو ہرانے کے لیے ووٹ دیتا ہےاور اگر وہ ووٹر جو بی جے پی کو ہرانا چاہتا ہے اس میں تقسیم ہوگی تو اس کا فائدہ صرف بی جے پی کو ہی ملے گا۔ ہم کیجریوال کو نیک خواہشات دیں گے کیونکہ وہ الٹا کانگریس کا ہی ووٹ کاٹیں گے ۔

ادھو ٹھاکرے کا بیان 'دہلی کی حکومت مہاراشٹر حکومت کو گرانے کے لیے کام کرتی ہے؟' اس پر نتن گڈکری نے کہا کہ بی جے پی ایسا نہیں چاہتی ۔ اگر انہوں نے غلطیاں کی ہیں یا وہ ہاریں گے اور اگر وہ غلطیاں نہیں کریں گے تو وہ جیت جائیں گےلیکن ہم کسی حکومت کے خلاف کام نہیں کریں گے۔ ہماری حکومت ایسی کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔ کئی ریاستوں نے کشمیر فائلس کو ٹیکس فری نہیں بنایا ہے۔ اس پر گڈکری نے کہا کہ ریاست جو کرنا چاہتی ہیں وہ کر سکتی ہیں، جو نہیں کرنا چاہتے وہ بھی اپنی خواہش کے مطابق فیصلہ کر سکتے ہیں۔ سیاست میں لیڈر بہت بولتے ہیں۔ کیجریوال کے بیان پر انہوں نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کچھ لوگوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتی تو آپ اسے کیوں لیتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔