ویشنو دیوی مندر میں عقیدت مندوں کے درمیان جھڑپ کی وجہ سے مچی بھگدڑ: مرکزی وزیر نتیانند رائے

نتیانند رائے نے کہا کہ نئے سال کی وجہ سے بھون میں زائرین کی بھیڑ بڑھ گئی تھی اور ڈھالان پر کچھ عقیدت مندوں کے درمیان جھڑپ کی وجہ سے لوگوں کے توازن کھونے سے ایک دوسرے پر لوگ گرتے چلے گئے۔

ویشنو دیوی مندر، تصویر آئی اے این ایس
ویشنو دیوی مندر، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا ہے کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں کچھ عقیدت مندوں کے درمیان جھڑپ کی وجہ سے توازن بگڑنے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی تھی، واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ نتیانند رائے نے کہا کہ نئے سال کی وجہ سے بھون میں زائرین کی بھیڑ بڑھ گئی تھی اور ڈھالان پر کچھ عقیدت مندوں کے درمیان جھڑپ کی وجہ سے لوگوں کے توازن کھونے سے ایک دوسرے پر لوگ گرتے چلے گئے۔

نتیانند رائے نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور وزیر اعظم مودی خود اس معاملے میں رابطہ قائم کئے ہوئے ہیں اور صورتحال پر نظر رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وہاں حالات معمول پر آ رہے ہیں اور انتظامات قائم کرنے کے بعد تمام عقیدت مندوں کو درشن کی اجازت دی جائے گی اور کسی کو واپس نہیں کیا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کے علاج میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی بات کی ہے اور صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’ماتا ویشنو دیوی مندر میں ہونے والے افسوسناک حادثے سے دل کو بہت تکلیف ہوئی ہے۔ میں نے اس سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی سے بات کی ہے۔ انتظامیہ زخمیوں کو علاج فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ اس حادثے میں جان گنوانے والے لوگوں کے اہل خانہ سے میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔ واضح رہے کہ اس حادثے میں 12 لوگوں کی موت اور 13 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔