’کورونا وائرس کیخلاف فتح کا اعلان قبل از وقت ہے‘

عالمی ادارے کے سربراہ کے مطابق کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کا مطلب زیادہ اموات ہے، اومیکرون کے اثرات زیادہ خطرناک نہیں لیکن دنیا کے بہت سے علاقوں میں اب اموات میں انتہائی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ / آئی اے این ایس
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف فتح کا اعلان قبل از وقت ہے۔ اس حوالے سے سربراہ ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے لیے کورونا کے آگے ہتھیار ڈالنا یا فتح کا اعلان کرنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وائرس خطرناک ہے اور ہماری آنکھوں کے سامنے اس کا ارتقائی عمل ہو رہا ہے، کچھ ممالک کی طرف سے کورونا پابندیوں کو ختم کرنا تشویشناک ہے۔

عالمی ادارے کے سربراہ کے مطابق کورونا کے زیادہ پھیلاؤ کا مطلب زیادہ اموات ہے، اومیکرون کے اثرات زیادہ خطرناک نہیں لیکن دنیا کے بہت سے علاقوں میں اب اموات میں انتہائی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔


اومیکرون کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک 9 کروڑ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو سال 2020 کے کورونا کے مجموعی کیسز بھی زیادہ ہیں۔ سربراہ ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ ہم ممالک سے لاک ڈاؤن کی صورتحال میں واپس جانے کو نہیں کہہ رہے، تمام ممالک اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے ویکسین کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ وائرس شکلیں بدل رہا ہے، تمام ممالک ٹیسٹنگ اور نگرانی کا عمل جاری رکھیں، ہم وائرس سے نہیں لڑسکتے جب تک یہ نہ جان جائیں کہ یہ وائرس کیا کر رہا ہے۔یاد رہے کہ یورپی ملک ڈنمارک نے کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود آج سے ملک میں تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، ڈنمارک کورونا پابندیاں ختم کرنے والا یورپی یونین کا پہلا ملک بن گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */