ویکسین ہی کورونا وبا پر جیت دلائے گی: کانگریس

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت کی ٹیکہ کاری کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی ویکسین پالیسی مسئلے کو مزید بگاڑ رہی ہے اور اس پالیسی کو ملک جھیل نہیں سکتا ہے۔

کورونا ویکسین / یو این آئی
کورونا ویکسین / یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کا کہنا ہے کہ دنیا سے ملنے والے تجربے سے واضح ہو گیا ہے کہ کورونا وبا سے جیت ٹیکہ کاری سے ہی مل سکتی ہے، لہٰذا حکومت کو ٹیکہ پالیسی میں اصلاح کرکے ویکسین کی خریداری کا سینٹرلائیزیشن اور تقسیم کا ڈی سینٹرلائیزیشن کرنا چاہیے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت کی ٹیکہ کاری کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی ویکسین پالیسی مسئلے کو مزید بگاڑ رہی ہے اور اس پالیسی کو ملک جھیل نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے اس پالیسی میں تبدیلی کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی خریداری مرکز کو کرنی چاہیے اور تقسیم کی ذمہ داری ریاستوں کو دی جانی چاہیے۔ بعد میں کانگریس کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے جمعہ کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا کو کنٹرول کرنے میں کاماب ہونے والے دنیا کے مختلف ممالک کے تجربے سے یہی سیکھنے کو ملا ہے کہ کورونا وبا سے وسیع پیمانے پر عوام کو ویکسین دے کر جیت حاصل کی جا سکتی ہے لہٰذا حکومت کو محض بیان بازی کرنے اور شبیہ بہتر کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے عوام کی جان بچانے پر توجہ دینی چاہیے۔


شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ آبادی کے حساب سے کورونا ویکسین کی ڈوز دینے والے ممالک میں ہندوستان 77ویں مقام پر ہے۔ حالات یہ ہیں کہ حکومت نے پارلیمنٹ کی صحت سے متعلق مستقل کمیٹی کے ویکسین کے حوالے سے صلاح و مشورے کو نظر انداز کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جو ممالک کورونا ٹیکے کی خوراک دینے میں متحرک ہیں، وہاں کورونا وبا کی کڑی ٹوٹی ہے اور حالات حسب معمول ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔