اتراکھنڈ: کیدارناتھ میں اندوہناک حادثہ، مسافروں کو لے جا رہا ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار، پائلٹ سمیت 7 افراد ہلاک

رپورٹس کے مطابق اس ہیلی کاپٹر نے گپت کاشی سے پرواز بھری تھی، کیدار گھاٹی کی طرف جب یہ ہیلی کاپٹر آگے بڑھا تو گروڑچٹی میں حادثہ کا شکار ہو گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ کے کیدارناتھ میں اندوہناک ہیلی کاپٹر حادثہ میں کئی افراد کی ہلاکت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیدارناتھ میں گروڑچٹی کے قریب یہ ہیلی کاپٹر حادثہ ہوا جس میں ہیلی کاپٹر پر سوار 7 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں ہیلی کاپٹر کا پائلٹ بھی شامل ہے۔

ہیلی کاپٹر حادثہ کی خبر ملنے کے بعد انتظامیہ کی ٹیم راحت اور بچاؤ کام کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ حادثہ کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے، حالانکہ خراب موسم اس حادثہ کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس ہیلی کاپٹر نے گپت کاشی سے پرواز بھری تھی۔ کیدار گھاٹی کی طرف جب یہ ہیلی کاپٹر آگے بڑھا تو گروڑچٹی میں یہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔


اس دردناک حادثہ پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ کیدارناتھ کے نزدیک گروڑ چٹی میں افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثہ میں کچھ لوگوں کی موت ہونے کی انتہائی تکلیف دہ خبر ملی ہے۔ راحت اور بچاؤ کام کے لیے ایس ڈی آر ایف اور ضلع انتظامیہ کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلی جانچ کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

کانگریس نے بھی اس حادثے کو لے کر اظہارِ غم کیا ہے۔ ایک ٹوئٹ کے ذریعہ کانگریس نے کہا کہ کیدارناتھ میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں 7 لوگوں کی موت کی انتہائی افسوسناک خبر ملی ہے۔ ایشور مہلوکین کی روح کو سکون عطا کرے اور ان کے کنبہ کو تکلیف برداشت کرنے کی قوت دے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔