یو پی: محبت میں ناکام لڑکی نے لڑکے پر پھینکا تیزاب، حالت سنگین، اسپتال میں داخل

اناؤ میں منگل کو ایک لڑکی نے یکطرفہ محبت کے بعد لڑکے پر تیزاب سے حملہ کر دیا۔ سنگین حالت میں زخمی لڑکے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس نے لڑکی کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے اناؤ میں تیزاب پھینکنے کا ایک حیران کر دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایسے کئی معاملے سامنے آ چکے ہیں جب لڑکے محبت میں ناکام ہونے کے بعد اپنی محبوبہ پر تیزاب پھینک کر اس کا چہرہ خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اناؤ میں پیش آیا تازہ معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق یکطرفہ محبت کرنے والی ایک لڑکی نے اپنے محبوب روہت کے اوپر تیزاب پھینک دیا۔ زخمی نوجوان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس نے ملزمہ کو حراست میں لے لیا ہے اور اسے یکطرفہ محبت کا معاملہ بتایا ہے۔ واقعہ کے بعد سے علاقے میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا ہے اور لوگ طرح طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔

پولس کا کہنا ہے کہ موراواں علاقہ کے گاؤں گونا مئو باشندہ ملزمہ اور متاثرہ نوجوان روہت پڑوسی ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی ونود کمار پانڈے نے بتایا کہ تھانہ موراواں علاقہ میں صبح 112 نمبر ڈائل سے خبر ملی کہ لڑکی نے ایک لڑکے کے اوپر کچھ پھینک دیا ہے جس سے وہ کافی تکلیف میں ہے۔ خبر ملتے ہی فوری طور پر نوجوان کو علاج کے لیے لکھنؤ کے اسپتال بھیجا گیا ہے جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔


خبروں کے مطابق متاثرہ نوجوان ڈیری چلاتا ہے۔ پیر کو دیر شب تقریباً دو بجے وہ ٹینکر میں دودھ لدوا کر بھیجنے کے بعد ڈیری صاف کر رہا تھا۔ اس دوران ملزمہ نے نوجوان پر تیزاب پھینک دیا۔ واقعہ میں نوجوان کی گردن، کان، سینہ اور پیٹھ کا کچھ حصہ جھلس گیا ہے۔ زخمی کو فوراً لکھنؤ کے پرائیویٹ اسپتال ’پلس‘ میں داخل کرایا گیا ہے۔


پولس نے لڑکی کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی طور پر ہوئی پوچھ تاچھ میں لڑکی نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً پانچ مہینے سے وہ اس لڑکے سے محبت کا اظہار کر رہی تھی۔ وہ گھر سے نکلنے اور ڈیری تک اس کا پیچھا کرتی رہتی تھی۔ کئی بار ڈیری کے سامنے کافی دیر تک گھوما بھی کرتی تھی۔ ڈیری پر جا کر اس سے محبت کا اظہار بھی کیا لیکن ہر بار اس نے منع کرتے ہوئے بھاگ جانے کو کہا۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس پورے واقعہ سے ناراض لڑکی نے تیزاب پھینکنے کا من بنا لیا اور یہ کارنامہ انجام بھی دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔