یوگی راج میں غنڈہ راج: سنبھل میں سابق پولس انسپکٹر کی بیوی سمیت تین کا قتل

اترپردیش کے ضلع سنبھل کے چندوسی علاقے میں بدمعاشوں نے ریٹائرڈ انسپکٹر کی بیوی سمیت تین لوگوں کا گلا ریت کر قتل کردیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سنبھل: اترپردیش کے ضلع سنبھل کے چندوسی علاقے میں بدمعاشوں نے ریٹائرڈ انسپکٹر کی بیوی سمیت تین لوگوں کا گلا ریت کر قتل کردیا۔

پولس سپرنٹنڈنٹ جمنا پرساد نے سنیچر کو یہاں بتایا کہ بلند شہر کے محمود پور گاؤں باشندہ ستیہ پال سنگھ پولس محکمہ میں انسپکٹر تھے۔ 1982 میں بیماری کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ شوہر کی موت کے بعد سنتوش دیوی (60) کافی سالوں سے چندوسی کے آزاد روڈ پر کرائے کے مکان میں رہ رہی تھیں۔ سنتوش دیوی کا بیٹا بھی پولس سب انسپکٹر تھا جس کی سڑک حادثے میں موت ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے ساتھ چچیرے بھائی کیشر سنگھ باشندہ بلند شہر بھی رہتے تھے۔ روڈویز بس اسٹینڈ کے سامنے گروتیغ بہادر کالونی میں ایک سال قبل تعمیر شدہ مکان میں پندرہ دن پہلے سنتوش دیوی نے رہنا شروع کیا تھا۔ گھر کا کام کرنے کے لئے ایک لڑکی کو بھی ملازمت پر رکھا تھا۔

جمعہ کی رات نو بجے گڑگاؤں کی رہنے والی بڑی بیٹی رشمی سنگھ نے کالونی میں انوراگ سنگھ کو موبائل پر فون کر کے بتایا کہ وہ کافی وقت سے ماں کو فون لگا رہی ہے لیکن ان کا فون نہیں لگ رہا ہے اس پر رشتے دار انوراگ سنگھ سنتوش دیوی کے گھر پہنچے تو مین دروازہ کھلا ہوا تھا۔ اندر جاکر دیکھا تو تینوں کی لاش وہاں پڑی ہوئی تھی۔

پرساد نے بتایا کہ گھر کے باہر برآمدے میں تخت پر سنتوش اور پاس کی چارپائی پر نوکرانی کی لاش خون سے لت پت ملی۔ دونوں کا دھار دار ہتھیار سے گلا ریتا گیا تھا۔ باہر لابی میں کیشر سنگھ کی لاش بھی خون میں لت پت ملی۔ کمرے کی الماری کھلی ہوئی تھی اور پورا سامان بکھرا پڑا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ معاملے کا جلد ہی خلاصہ کیا جائے گا۔ پولس پورے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولس نے جائے وقوع کا دورہ کرکے قتل کی اس واردات کے سلسلے میں کئی اہم ہدایات دی ہیں۔ پرساد نے بتایا کہ اس معاملے میں مقتولہ کے بھائی راج بہادر کی تحریر پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔