معذور نے کہا اکھلیش کو دونگا ووٹ، بی جے پی رہنما نے کہا ’منہ میں گھسا دونگا لٹھ‘

اتر پردیش کے سنبھل میں بی جے پی رہنما کی طرف سے معذور شخص سے بدسلوکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پولس نے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے سنبھل ضلع میں ایک بی جے پی رہنما کی طرف سے معذور شخص کے ساتھ بدسلوکی کیے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ ویڈیو میں بی جے پی رہنما معذور شخص کے منہ میں ڈنڈا گھسا دینے کی بات کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ معذور شخص نے اگلی بار اکھلیش یادو کو ووٹ دینے کی بات کہی تھی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس بات پر بی جے پی رہنما کو اس قدر غصہ آیا کہ اس نے جو ڈنڈا ہاتھ میں لیا ہوا تھا اسے معذور کے منہ میں گھسانے کی دھمکی دینے لگا۔ یہ واقعہ ایس ڈی ایم دفتر کے باہر کا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہو جانے کے بعد سنسنی پھیل گئی۔ پولس نے بھی ویڈیو کی بنا پر ایس سی/ ایس ٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے، پولس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ وہیں بی جے پی کی طرف سے اعتراف کیا گیا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ان کی پارٹی سے جڑا ہوا ہے۔ بی جے پی کا بیان ہے کہ اس رہنما کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد ملزم بی جے پی رہنما محمد میاں کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ اپنے بیان میں بی جے پی رہنما نے اپنا بچاؤ کرتے ہوئے الٹے معذور شخص پر الزام عائد کیا ہے۔ بی جے پی رہنما نے کہا کہ معذور شخص وزیراعظم مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کر رہا تھا۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب اتر پردیش میں بی جے پی رہنماؤں کی غنڈہ گردی سامنے نظر آئی ہے۔ اس سے پہلے اکتوبر مہینے میں میرٹھ کے ایک ریسٹورینٹ میں بی جے پی کونسلر کی غنڈہ گردی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے پہنچے داروغہ کے ساتھ بی جے پی کونسلر نے بدسلوکی کی تھی۔ داروغہ کے ساتھ موجود ایک خاتون وکیل کو بھی بی جے پی رہنما نے نہیں بخشا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */