یوگی کے افسر پر رشوت مانگنے کا الزام، متاثرہ شخص کو ہی جیل بھیجنے کی تیاری

اترپردیش کے چیف سکریٹری ایس پی گوئل پر ہردوئی کے ابھیشیک گپتا نے 25 لاکھ روپے رشوت مانگنے کا الزام لگایا ہے، لیکن افسر پر کارروائی کرنے کے بجائے حکومت ابھیشیک کو ہی جیل بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے۔

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی فائل تصویر
اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بدعنوانی کو لے کر زیرو ٹالرنس کی بات کرتے ہیں لیکن انہیں کے چیف سکریٹری ایس پی گوئل پر رشوت مانگنے کا الزام عائد ہوا ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ جس شخص نے الزام لگایا اب اسی کو جیل بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ چیف سکریٹری پر الزام لگانے والے ابھیشیک گپتا کے خلاف 7 جون کی رات کو لکھنؤ کے حضرت گنج تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

چیف سکریٹری کی طرف سے 25 لاکھ روپے کی رشوت مانگنے کے الزام کی بات منظر عام پر اس وقت آئی جب اترپردیش کے گورنر رام نائیک نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے نام اس معاملہ کی جانچ کرنے کی سفارش کا خط لکھا۔ لیکن 40 دن گزر جانے کے بعد بھی نہ تو جانچ ہوئی اور نہ ہی کوئی کارروائی۔

گورنر رام نائیک کی طرف سے یوگی آدتیہ ناتھ کے نام ارسال خط
گورنر رام نائیک کی طرف سے یوگی آدتیہ ناتھ کے نام ارسال خط

بتایا جا رہا ہے کہ چیف سکریٹری پر رشوت کا الزام عائد کرنے والے ابھیشیک گپتا ہردوئی میں ایک پٹرول پمپ لگانا چاہتے تھے۔ پٹرول پمپ کے لئے انہوں نے مین سڑک پرزمین کے لئے انتظامیہ کو عرضی دی تھی۔ ابھیشیک گپتا کی عرضی کو پٹواری، ایس ڈی ایم اور اے ڈی ایم تک سب کی منظوری حاصل ہو گئی۔ الزام ہے کہ جب فائل وزیر اعلی دفتر پہنچی تو چیف سکریٹری نے ابھیشیک کی عرضی نامنظور کر دی۔

ابھیشیک گپتا کا الزام ہے کہ فائل منظور کرانے کے لئے چیف سکریٹری کی طرف سے 25 لاکھ روپے کی رشوت مانگی گئی تھی اور پیسہ نہیں دینے پر فائل روک دی گئی۔ ابھیشیک گپتا کے مطابق انہوں نے پورے معاملہ کی شکایت صوبے کے گورنر رام نائیک سے کی تھی۔ اس کے بعد گورنر نے خط لکھ کر پورے معاملہ کی جانچ کی سفارش وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے کی۔ ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب گورنر نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر معاملہ کی جانچ کی سفارش کر دی ہے تو اس معاملہ میں کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔ ظاہر سی بات ہے کہ ریاستی حکومت چیف سکریٹری کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Jun 2018, 12:41 PM