کورونا وائرس Update: یو پی میں 27 مارچ تک ’لاک ڈاؤن‘، بہار، تلنگانہ، پنجاب میں 3-3 نئے مریض

یوگی نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے مختلف اریاستوں سے تقریباً ایک لاکھ لوگوں کی ریاست میں آمد ہوئی ہے جو خطرے کاعندیہ ہے۔ حالانکہ عوام کو اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انہیں مستعد اور محتاط رہنا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس بحران کے پیش نظر اتر پردیش میں لاک ڈاؤن میں 27 مارچ تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ اعلان کیا۔ اس سے پہلے صوبہ بھر میں 25 مارچ تک کے لئے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔

یوگی نے منگل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سبھی اضلاع کے اعلی افسران کو لاک ڈاؤن کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی نے شہریوں سے لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے اور سوشل ڈسٹینسنگ پر ایمانداری سے عمل کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے رویہ اور حالات کو دیکھ کر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کرفیو لگانے کے لئے آزاد ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اس دوران سبھی ضروری اشیاء اور دوائیاں لوگوں کو ان کے دروازے پر دستیاب کرانے کی کوششیں کی جائیں گی۔ اس سے پہلے 22 مارچ کو حکومت نے 16 اضلاع کو 25 مارچ تک لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن آج حکومت نے یوپی کے تمام اضلاع کو 27 مارچ تک لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یوگی نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے مختلف ریاستوں سے تقریباً ایک لاکھ لوگوں کی ریاست میں آمد ہوئی ہے جو خطرے کاعندیہ ہے۔ حالانکہ عوام کو اس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انہیں مستعد اور محتاط رہنا ہوگا۔ یوگی نے انتباہ دیا کہ کالا بازاری کرنے والے کاروباریوں کےخلاف حکومت سخت کارروائی کرے گی۔


انہوں نے کہا کہ ریاست کے 24 سرکاری سمیت 51 میڈیکل کالجوں میں آئیسولیشن وارڈ بنائے گئے ہیں اور وبائی بیماری سے نپٹنے کے لئے سبھی تدابیر کی جا رہی ہیں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر ریاست کے تقریباً 20 لاکھ مزدوروں کے بینک کھاتوں میں ایک ہزار روپئے ٹرانسفر کیے جانے کی اطلاع دی۔

بہار میں تین نئے مریضوں کی تصدیق

ادھر بہار میں کورونا وائرس کے مشکوک مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ صوبہ بھر میں پیر کے روز سے نافذ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔ بہار میں اب تک 537 مشکوک مریضوں کی شناخت کی جا چکی ہے، جن میں سے 122 مریضوں کو قرنطینہ سے آزاد کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، مزید تین مریضوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی تصدیق کی گئی ہے، جن میں سے ایک مریض کی موت ہو گئی ہے۔


بہار کے محکمہ صحت سے منسلک ایک افسر نے منگل کے روز بتایا کہ 15 جنوری سے پیر کی شام تک بہار میں کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے لوٹے 537 مسافروں کو نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ ان میں سے 122 مسافروں نے 14 دن کی تنہائی کی مدت کو مکمل کر لیا ہے۔

گجرات: 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4 نئے مریض

گجرات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) سے متاثرہ معاملوں کی تعداد بڑھ کر 33 ہوگئی ہے۔ ریاستی صحت کے سکریٹری اسسٹنٹ کمشنر جینتی روی نے منگل کے روز کہا کہ ریاست میں اب تک کورونا سے متاثرہ ریاستوں میں کل 33 معاملوں کا پتہ چلا ہے۔ سورت اور گاندھی نگر میں کورونا وائرس کے چار نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس میں سے سعودی عرب کے ایک 66 سالہ بزرگ اور ایک 32 سالہ شخص یو اے ای سے سورت آیا ہے، جبکہ دو افراد مقامی گاندھی نگر کے ہیں۔


سرکاری اطلاع کے مطابق، سب سے زیادہ 13 معاملات احمد آباد میں ہیں، چھ، چھ وڈوڈرا، سورت اور گاندھی نگر میں، ایک راجکوٹ اور کچھ میں ہے۔ جن میں سے بیشتر حال ہی میں بیرون ملک سے واپس آئے ہیں۔ ہیرے کے کاروبار سے وابستہ 69 سالہ شخص اتوار کے روز سورت کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے انفیکشن سے فوت ہوگیا۔ یہ کورانا سے متاثرہ مریض کی موت کا پہلا واقعہ تھا۔ متاثرہ شخص کو بلڈ پریشر اور ذیابیطس کی بھی شکایت تھی۔

صبح سے لے کر اب تک ریاست کے تمام شہروں میں پولیس سخت نظر آئی۔ پولیس نے لوگوں کو جگہ جگہ روک لیا اور شناختی کارڈ طلب کیے اور لوگوں کو بغیر ضروری کام کے گھر واپس بھیج دیا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے، ریاست بھر میں دودھ اور ضروری سامان کی دکانیں، سبزیاں، پھل اور لاریاں کھول دی گئی ہیں۔ اس دوران، سرکاری ملازمین، اسپتالوں، میڈیا اور دیگر ضروری خدمات کے لوگوں کو شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد ہی جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ پولیس پیدل چلنے والے افراد سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔


تلنگانہ میں مزید تین افراد مثبت پائے گئے، کل تعداد 36

تلنگانہ میں منگل کو مزید تین افراد کورونا وائرس سے مثبت پائے گئے جس کے بعد اس موذی مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 36 ہو گئی۔ حکومت کی جانب سے اس وبا کے خاتمہ کے لئے مناسب احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ریاست بھر میں لاک ڈاون بھی جاری ہے۔ ساتھ ہی بیرونی ممالک سے واپس افراد کو ان کے گھروں میں الگ تھلگ رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے یا پھر ان کو حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے الگ تھلگ مراکز منتقل کیا جا رہا ہے۔

تینوں رپورٹ پوزیٹیو آنے کے بعد جالندھر اسپتال بھیجا گیا

پنجاب میں فِلَّور تحصیل کے وِرک گاؤں کے جوڑے اور ان کے بیٹے کی میڈیکل رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے۔ تینوں کو کچھ روز قبل فِلَّور کے سول اسپتال میں داخل کروایا تھا اور آج ان کی رپورٹ پوزیٹیو پائی گئی۔ یہ تینوں پٹھوالا گاؤں کے راگی بلدیو سنگھ کے رشتہ دار تھے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی سینیئر انتظامی اور صحت افسران گاؤں روانہ ہوگئے۔ اس دوران تینوں کو جالندھر سول اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ وِرک گاؤں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

کانگریس کے رہنما وِکرمجیت چودھری نے اس معاملے میں سینیئر افسران سے گفتگو کی۔ پانچ دیگر افراد کو بھی فِلَّور کے اسپتال میں آئیسولیشن میں رکھنے کو کہا گیا ہے۔ ان کے علاوہ اسٹاف کو بھی آئیسولیشن میں رکھنے کی ہدایت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Mar 2020, 6:30 PM