الہ آباد: کمبھ کے دوران شادیوں پر روک، یوگی حکومت کی ایڈوائزری جاری

یوگی حکومت کے اس فرمان نے لوگوں کو نوٹ بندی کی یاد لا دی ہے، اس وقت لوگ راتوں رات پائی پائی کے محتاج ہو گئے تھے اور ملک کی ہزاروں شادیاں یا تو ٹوٹ گئی تھیں یا تاریخ بدلنی پڑی تھی۔

تصوریر سوشل میڈیا
تصوریر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الہ آباد: ہندو مذہب کی سب سے بڑی تقریب کمبھ کے دوران کنگا، یمنا اور سرسوتی کے سنگم پر جہاں عقیدت مند ڈبکیاں لگا کر اپنے کو خوش نصیب محسوس کریں گے وہیں پریاگ کی سرزمین پر سات پھیرے لینے لئے پرجوش نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے لئے انتظامیہ کا فرمان کافی مایوس کن ہے۔

سرکاری ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق کمبھ میں خاص اسنان کی تاریخوں کو شامل کرتے ہوئے ایک دن قبل اور ایک دن بعد کمبھ کے انعقاد کے نزدیک موجود گیسٹ ہاوس میں کسی بھی شادی کی بکنگ نہیں ہوسکتی۔

اڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اشوک کمار قنوجیا نے یوگی حکومت کی ہدایت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ باراتیوں اور میلے میں آنے والے عقیدت مندوں دونوں کی سہولت کے لئے اٹھایا گیا قدم ہے میلہ علاقے کے نزدیک کے گیسٹ ہاوس کے مینیجروں کو یہ نوٹس دیا گیا ہے کہ وہ خاص اسنان کے ایک دن پہلے اور ایک دن بعد کسی بھی شادی کی بکنگ نہیں لیں گے۔‘‘

قنوجیا نے کہا کہ پہلے تو میلے میں آئے عقیدت مندوں کی بھیڑ مزید براں اس پر شادی میں بینڈ باجا اور باراتیوں کی بھیڑ کی وجہ سے سبھی کو پریشانیوں کا سامناکرنا پڑے گا۔ ایسے میں پولس انتظامیہ کے لئے نظم ونسق کا انتظام کافی دقت طلب ہوگا۔ مثال کےطور پر اسنان کے لئے خاص دن 15 جنوری کو ہے تو گیسٹ ہاوس مینیجر 14 ،15 اور 16 کی کوئی بکنگ نہیں لیں گے۔ اس کے آگے اور پیچھے کے لئے انتظامیہ کو کوئی پریشانی نہیں ہے۔

انتظامیہ نے کمبھ میں عقید مندوں کی آنے والی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے گیسٹ ہاوس کے مینیجروں کو اسنان سے ایک دن قبل اور ایک دن بعد میں بکنگ نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کو لیکر گیسٹ ہاوس مالکان اور انتظامیہ کے افسران کے درمیا میٹنگ بھی ہوچکی ہے۔ اس کی وجہ سے گیسٹ ہاوس کے مالکان کو اس تاریخ میں اپنی بکنگ کو منسوخ کرنی پڑ رہی ہے اس کی وجہ سے کافی تعدا میں لوگ شادی کی تاریخ آگے بڑھانے رہے ہیں جبکہ کچھ دیہی علاقوں میں شادی کی تقریب منعقد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

کمبھ کا انعقاد 2019 کے شروع ہوتے ہی جنوری میں ہوگا۔ پریاگ میں ملک و بیرون ملک کے عقیدت مند اور سادھو سنتوں کا اجتماع لگے گا۔ شہری باشندے کبھ میں عقدیت مندوں کے استقبال میں رہیں گے۔ لیکن شادی کے بندھن میں بندھنے کے لئےبے تاب نوجوانوں کو شادی کی تقریب کے لئے گیسٹ ہاوس اور دیگر مقامات پر یقینی تاریخ کی بکنگ نہ ہونے سے ان کے اس سپبنے کے ٹوٹنے کا ڈر بنا ہوا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بڑی تعداد میں ایسے ہوگ ہے جنہوں نے کئی مہینے پہلے اپنے بچوں کی شادی طے کر دی تھی۔ لیکن اب کمبھ کی وجہ سے انہیں گیسٹ ہاوس نہیں مل رہا ہے۔ یہ پریشانی جنوری اور فروی مہینے میں خاص اسنان کی تاریخوں پر زیادہ ہے۔ اس مہینے میں شادی کے لگن کے ساتھ کمبھ میں اسنان کرنے کا میلہ بھی ہے سب سے زیادہ دقت کمبھ کے نزدیکی علاقوں میں ہونے والی شادیوں کے لئے ہے۔

مٹی گنج باشندہ بھیرو پرسادنے 6 ماہ قبل کانپورمیں بیٹی کی شادی طے کی تھی۔ بارات 15جنوری کو آنی تھی۔لیکن کمبھ کے خاص اسنان کی تاریخ پڑنے سے انہیں گیسٹ ہاوس نہیں مل رہا ہے۔ اس وجہ سے انہوں نے شادی کی تاریخ میں مزید چھ ماہ بڑھا دی ہے۔ کچھ گیسٹ ہاوس مینیجر بکنگ کو منسوخ کرکے لوگوں کے پیشگی ادائگی کی رقم واپس کر رہے ہیں۔

رواج کے مطابق جنوری میں ایک، 17، 18، 19، 20، 21، 22، 23، 24، 25، 26، 27، 28، 29، 30 اور فروری میں ایک، 2، 5، 6، 7، 8، 9، 10، 11، 12، 13، 15، 16، 19، 20، 21، 22، 23، 24، 25، 27، 28 تاریخوں میں ہی لوگ شادی کو ترجیح دیں گے اور انہیں تاریخوں کو شادی کے لئے مبارک سمجھتے ہیں۔

اسی طرح کمبھ کے تاریخوں کے مطابق پہلا اسنان 15 جنوری کو دوسرا اسنان 21 جنوری کو، تیسرا اسنان 4 فروری کو چوتھا اسنان 10 فروری کو 5 اسنان 19 فروری اورچھٹا و آخری اسنان 4 مارچ کو ہے۔

اب کمبھ کے اسنان کی کے دن کو شامل کرتے ہوئےاس کے ایک دن قبل اور ایک دن بعد گسیٹ ہاوس بک نہ کرنے کی انتظامیہ کی ہدایت کی وجہ سے 14 جنوری سے 5 مارچ تک کی تاریخ میں ہونے والی شادیوں کے لئے کافی دقتیں پیدا ہوگئی ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔