اتر پردیش: چھٹی نہ ملنے پر سپاہی نے داروغہ پر کیا فائر، پھر خود کو بھی ماری گولی

یو پی پولس میں ڈپریشن جیسے معاملے کافی سننے کو مل رہے ہیں جس کی مثال بدایوں ضلع میں دیکھنے کو ملی جہاں ایک سپاہی نے چھٹی نہ ملنے پر داروغہ پر فائرنگ کر دی اور بعد میں خود کو بھی گولی مار لی۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

تنویر

اتر پردیش کے بدایوں ضلع میں اُجھانی کوتوالی میں چھٹی نہ ملنے سے ناراض سپاہی نے پہلے اے ایس آئی کو گولی مار دی اور پھر خود کو بھی گولی مار لی۔ آناً فاناً میں دونوں زخمی پولس اہلکاروں کو ضلع اسپتال لے جایا گیا جہاں سے انھیں بریلی ریفر کر دیا گیا۔

خبر ملنے پر ڈی ایم اور ایس پی سمیت کثیر تعداد میں پولس فورس موقع پر پہنچی۔ پولس جانچ کر رہی ہے کہ آخر اس طرح کا ماحول کیوں بنا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ سکلپ شرما نے بتایا کہ بدایوں ضلع کے اُجھانی کوتوالی میں چھٹی کے معاملے کو لے کر سپاہی للت نے داروغہ کو گولی مار دی۔ اس کے بعد اپنے بازو میں گولی مار لی۔ دونوں کو مشن اسپتال بریلی میں داخل کرایا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔


دراصل سپاہی 10 دن کی چھٹی مانگ رہا تھا اور داروغہ نے 3 دن کی ہی چھٹی دی تھی۔ پولس محکمہ میں داروغی کے ہاتھ میں صرف 3 دن کی چھٹی دینے کا ہی اختیار ہے۔ زیادہ چھٹی دینے کے لیے سی او، ایڈیشنل ایس پی یا ایس ایس پی کے پاس جانا پڑتا ہے۔ بہرحال، بتایا جا رہا ہے کہ داروغہ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے جب کہ سپاہی خطرے سے باہر ہے۔ ڈی ایم نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کوتوالی میں چھٹی کو لے کر کہا سنی ہو گئی تھی جس کے بعد سپاہی نے پہلے انسپکٹر کو گولی ماری اور پھر اس کے بعد خود کو بھی گولی مار لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */