یوپی پنچایت انتخابات: کورونا بحران کے درمیان پہلے مرحلے کے تحت 18 اضلاع میں ووٹنگ

پہلے مرحلہ کے تحت ایودھیا، آگرہ، کانپور شہر، غازی آباد، گورکھپور، جونپور، جھانسی، الہ آباد، بریلی، بھدوہی، مہوبہ، رامپور، رائے بریلی، شراوستی، سنت کبیر نگر، سہارنپور، ہردوئی اور ہاتھرس میں ووٹنگ

پنچایت انتخابات / تصویر آئی اے این ایس
پنچایت انتخابات / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: کورونا بحران کے درمیان اتر پردیش میں 3 سطحی پنچایت انتخابات میں پہلے مرحلے کے تحت جمعرات کو ووٹنگ کی جا رہی ہے۔ پولنگ کا عمل صبح سات بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت یو پی کے 18 اضلاع میں بلاک ڈیولپمنٹ کمیٹی (بی ڈی سی) رکن، گرام پردھان اور گرام پنچایت وارڈ رکن کے لئے ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس مرحلہ میں 2.21 لاکھ سے زیادہ عہدوں کے لئے 3.33 لاکھ سے زیادہ امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

یو این آئی اردو نے ریاستی الیکشن آفس کے حوالہ سے اطلاع دی ہے کہ پولنگ زور و شور سے جاری ہے اور کہیں سے کسی قسم ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے، شام 6 بجے تک ووٹنگ جاری رہے گی۔ شام 6 بجے تک جتنے ووٹر لائن میں ہوں گے تمام اپنے حق رائے دہی کا استعمال سکیں گے۔


گاؤں کے پردھان کے علاوہ گاؤں، علاقہ اور ضلع پنچایت ممبر کی چار نشستوں کے لئے انتخاب میں سبھی ووٹروں کو چار بیلٹ پیپر دیئے جارہے ہیں۔ ہر بوتھ پر پولنگ کے چار اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے بتایا کہ پنچایت انتخابات کے پہلے مرحلے میں، کووڈ 19 کے انفیکشن سے حفاظت کے لئے ہر مرکز پر سنیٹائزر اور ماسک کا انتظام کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلہ کے تحت جن اضلاد میں صبح 7 بجے ووٹنگ کا آغاز ہوا ان میں ایودھیا، آگرہ، کانپور شہر، غازی آباد، گورکھپور، جونپور، جھانسی، الہ آباد، بریلی، بھدوہی، مہوبہ، رامپور، رائے بریلی، شراوستی، سنت کبیر نگر، سہارنپور، ہردوئی اور ہاتھرس شامل ہیں۔ اس مرحلہ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی، یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ضلع گورکھپور اور سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان کے ضلع رامپور میں بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔


یو پی چونکہ تین سطحی پنچایت انتخابات ہو رہے ہیں لہذا، ایک ووٹر کو بیک وقت ضلع پنچایت رکن، بی ڈی سی رکن، گرام پردھان اور گرام پنچایت ممبر کے عہدے کے لئے ووٹ دینا ہوگا۔ یوپی الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں 18 اضلاع میں ضلع پنچایت ممبروں کے 779 عہدوں کے لئے 11442 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح علاقائی پنچایت (بی ڈی سی) ممبر کے 19313 عہدوں کے لئے 81747 امیدوار، گرام پردھان کے 14789 عہدوں کے لئے 114142 امیدوار اور گرام پنچایت وارڈ ممبروں کے 186583 عہدوں کے لئے 126613 امیدوار میدان میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Apr 2021, 11:11 AM
/* */