یو پی کانگریس صدر اجے للو نے شمار کرائیں یوگی حکومت کی حصولیابیاں

اجے کمار للو نے ریاست میں ہوئی بدعنوانی، گھپلہ، خراب نظم ونسق، عصمت دری، قتل، لوٹ، ڈکیتی، گئوکشی، کسانوں کی خودکشی، ہراسانی وغیرہ کو یوگی حکومت کی ایک سال کی حصولیابی قرار دیا۔

اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: اترپردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے جمعرات کو کہا کہ سال 2020 یوگی حکومت کے لئے بدعنوانی، گھپلہ، خراب نظم ونسق، عصمت دری قتل، لوٹ، ڈکیتی، گئو کشی، کسانوں کی خودکشیاں، ہراسانی وغیرہ کے لئے جانا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں درجن سے زیادہ سادھوؤں کا قتل، ہاتھرس، لکھیم پور، گورکھپور، کانپور، کوشامبی، میرٹھ، بلرامپور، بھدوہی، اعظم گڑھ، فتح پور، علی گڑھ، بلندشہر، متھرا سمیت تقریبا سبھی اضلاع میں ریپ، قتل کی واردات یوگی حکومت کی ایک سال کی حصولیابی کے طور پر جانا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق اترپردیش میں یومیہ اوسطاً آٹھ خواتین کی عصمت دری اور 30 خواتین کا اغوا ہوتا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال خواتین کے خلاف جرائم میں 24 فیصدی اضافہ ہوا ہے۔ ریاستی کانگریس صدر نے کہا کہ جہاں تک روزگار کی بات ہے کورونا بحران سے پہلے ہی بے روزگاری اپنے شباب پر تھی۔


اجے للو نے اپنی بات کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ عملہ کے وزیر نے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو تحریری شکل میں جواب دیا تھا کہ بے روزگاری کی شرح 2018 کے 5.92 فیصدی کے مقابلے میں سال 2019 میں تقریباً دو گنا بڑھ کر 9.97 فیصد ہو چکی تھی۔ کورونا کے بعد یہ حالت اور بھی خوفناک ہوگئی ہے۔ عوامی فلاح وبہبود منشور میں کئے گئے 14 لاکھ فی سال سرکاری نوکری دینے کے وعدے کو پورا کرنے میں یوگی حکومت پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔

ماہ نومبر میں ہی مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری رپورٹ میں حکومت نے خود قبول کیا ہے کہ کورونا بحران میں 39 لاکھ منظم علاقے کے ملازمین کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ ایک دیگر رپورٹ کے مطابق اترپردیش میں بے روزگاروں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے جو سال 12-2011 کے پانچ کروڑ کے اعداد و شمار کو بھی عبور کر گیا ہے۔


اجے للو نے کہا کہ آنگن واڑی، شکچھا متر، انسٹرکٹر، آشا بہو، روزگار سیوک، کستوبار گاندھی کالجوں کے ٹیچر، کھیل ٹرینر وغیرہ مختلف طبقات کے لوگ حکومت کی غلط پالیسیوں سے متعدد اقسام کے استحصال اور ہراسانی کا شکار ہیں۔ریاستی صدر نے کہا کہ زیرو ٹالرنس کی یوگی حکومت میں بدعنوانی اور گھپلوں میں سیلاب سا آگیا ہے۔ گھپلوں کے لئے بھی یوگی حکومت کا یہ سال حصولیابیوں سے پر ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ڈی ایچ ایف ایل گھپلہ،ہوم گارڈ تنخواہ گھپلہ،پی پی ای کٹ گھپلہ،اسمارٹ میٹر وغیرہ گھپلے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی اصل حصولیابیاں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */