کانپور میں سٹی بس اور ای رکشہ تصادم میں 6 افراد ہلاک، 11 زخمی

پولیس ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی دیر رات ایک ای بس گھنٹہ گھر سے ٹاٹ مل چوراہے کی جانب تیز رفتاری سے آرہی تھی کہ ایک ای رکشہ سے ٹکرا گئی، ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کانپور: اتر پردیش میں کانپور کے بابو پوروا علاقے میں ایک بے قابو سٹی ای بس کی زد میں آنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 11 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کانپور میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے واقعہ کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایات دی ہیں۔

پولیس ذرائع نے پیر کو بتایا کہ اتوار کی دیر رات ایک ای بس گھنٹہ گھر سے ٹاٹ مل چوراہے کی جانب تیز رفتاری سے آرہی تھی کہ ایک ای رکشہ سے ٹکرانے کے بعد ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈیوائیڈر کو پار کرکے مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں کو روندتے ہوئے ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی۔


انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں شبھم سونکر (26)، ٹوئنکل (25)، ارسلان (24) اور اجیت کمار (60) کے علاوہ دو دیگر افراد کی موت ہوگئی۔ حادثے میں زخمی دیگر گیارہ افراد کو ہالیٹ اسپتال اور ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہو گیا تاہم بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */