’10 کروڑ روپے دو ورنہ انجام بھگتو‘، مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ملی دھمکی، گھر اور دفتر پر سیکورٹی میں اضافہ

فون کرنے والے شخص نے اپنا نام جیش پجاری عرف جیش کنٹھ بتایا، قابل ذکر ہے کہ رواں سال جنوری ماہ میں بھی مرکزی وزیر کے دفتر میں ایک فون آیا تھا اور تب بھی اس نام کا استعمال کیا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>نتن گڈکری،&nbsp;تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نتن گڈکری،تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ایک شخص کے ذریعہ دھمکی آمیز فون کیے گئے ہیں جن میں 10 کروڑ روپے دینے کی بات کہی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز فون موصول ہونے کے بعد گڈکری کے ناگپور واقع رہائش اور دفتر میں منگل کے روز سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک شخص نے تین مرتبہ بی جے پی کے سینئر لیڈر کو فون کیا اور دھمکی دی کہ اگر اسے 10 کروڑ روپے نہیں دیئے گئے تو وہ انھیں نقصان پہنچائے گا۔ ایک پولیس افسر کے حوالے سے میڈیا میں یہ رپورٹ سامنے آئی ہے۔

پولیس افسر کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ فون کرنے والے شخص نے اپنا نام جیش پجاری عرف جیش کنٹھ بتایا۔ قابل ذکر ہے کہ رواں سال جنوری ماہ میں بھی مرکزی وزیر کے دفتر میں ایک فون آیا تھا اور تب بھی اس نام کا استعمال کیا گیا تھا۔ پولیس ڈپٹی کمشنر (زون-II) راہل مدانے نے کہا کہ ناگپور میں آرینج سٹی اسپتال کے سامنے گڈکری کے رابطہ عامہ دفتر میں تین فون آئے، جن میں سے دو صبح اور ایک دوپہر تقریباً 12 بجے موصول ہوئے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ فون کرنے والے شخص نے 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر پیسے نہیں دیئے گئے تو وہ سڑک ٹرانسپورٹیشن اور شاہراہ کے وزیر کو نقصان پہنچائے گا۔


راہل مدانے کا کہنا ہے کہ گڈکری کے ملازمین کے ذریعہ الرٹ کیے جانے کے بعد شہر کی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر کی رہائش اور دفتر کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ہر نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ 14 جنوری کو خود کو پجاری بتانے والے ایک شخص نے گڈکری کے رابطہ عامہ دفتر میں دھمکی بھرا فون آیا تھا اور اس وقت بھی 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ فون کرنے والے نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ داؤد ابراہیم گروہ کا رکن ہے۔ جب قتل کے ایک معاملے میں موت کی سزا سنائے جانے کے بعد کرناٹک کے بیلگاوی واقع ہنڈالگا جیل میں بند پجاری سے اس سلسلے میں پوچھا گیا تو اس نے فون کال معاملہ میں خود کے ملوث ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔