دہلی میں غیر اعلانیہ کرفیو، ضروری خدمات سے جڑے لوگوں کو بھی لینا ہوگا کرفیو پاس!

کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد پیر کے روز ہندوستان میں بڑھ کر 478 تک پہنچ گئی ہے اور میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اب تک 10 لوگ اس وائرس کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے جہاں کئی ریاستوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے وہیں دہلی میں ایک غیر اعلانیہ کرفیو کا ماحول پیدا ہو چکا ہے۔ دہلی پولس نے اپنے ایک بیان میں واضح کر دیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ضروری خدمات پر پابندی عائد نہیں کی گئی ہے لیکن ان ضروری خدمات سے جڑے اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اراکین کے لیے ضلع پولس سے کرفیو پاس بنوائیں۔ حالانکہ اس درمیان کہا گیا ہے کہ میڈیا اہلکاروں کو کسی بھی طرح کے پاس کی ضرورت نہیں ہے، صرف انھیں اپنا شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔


واضح رہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد پیر کے روز ہندوستان میں بڑھ کر 478 تک پہنچ گئی ہے اور میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اب تک 10 لوگ اس وائرس کی وجہ سے موت کا شکار ہو گئے ہیں۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ مہاراشٹر اور پنجاب کی حکومت نے پیر کے روز پوری ریاست میں کرفیو نافذ کر دیا۔ اس وقت ہندوستان کی 23 ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان ہو چکا ہے اور کورونا سے لڑنے کے لیے پیر کی نصف شب سے ائیرلائنز بھی اپنی خدمات بند کر دیں گی۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے پیر کے روز سب سے پہلے اپنی ریاست میں کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا جب کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پیر کی نصف شب سے پوری ریاست میں کرفیو نافذ کیے جانے کی بات کہی ہے۔ ریاستی حکومتیں اس بات سے ناراض ہیں کہ لاک ڈاؤن کے باوجود لوگ بلاوجہ گھروں سے باہر نکل رہے ہیں اور قوانین پر عمل نہیں کر رہے۔ پی ایم مودی نے بھی آج صبح ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ "کئی لوگ اب بھی لاک ڈاؤن کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔ برائے کرم خود کو، اپنی فیملی کو بچائیں اور ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کریں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔